Apr 25, 2009

دو خوبصورت ادبی بلاگز، غبارِ خاطر اور ناطقہ

جہاں تک میرا مشاہدہ ہے، قریب قریب سبھی اردو بلاگرز اعلیٰ ادبی ذوق کے مالک ہیں اور شعر و ادب کو اپنے اپنے بلاگز کی زینت بناتے رہتے ہیں اور کئی احباب تو بہت اچھی تحاریر بھی لکھتے ہیں جنہیں خالصتاً ادبی تحاریر کہا جا سکتا ہے اور شعر و شاعری بھی اکثر پوسٹ ہوتی رہتی ہے۔ لیکن خالصتاً ادبی بلاگز، یعنی یہ کہ دیگر موضوعات سے صرفِ نظر کرتے ہوئے اگر صرف شعر و ادب وغیرہ کے موضوع تک بلاگ کو محدود رکھا جائے تو، کم کم ہی ہیں اور میرے لیے انتہائی خوشی کی بات ہے کہ حال ہی میں دو انتہائی خوبصورت ادبی بلاگز کا اردو بلاگنگ کی دنیا میں اضافہ ہوا ہے۔
وہاب اعجاز خان صاحب کا "غبارِ خاطر"
وہاب اعجاز خان صاحب کا تعلق صوبہ سرحد سے ہے اور اردو محفل کے اراکین اور قارئین کیلیے ان کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے۔ آپ کا شمار اردو محفل کے ابتدائی اراکین میں ہوتا ہے۔ آپ دو تین سال پہلے تک اردو محفل پر بہت فعال تھے لیکن شاید کسی وجہ سے اب اردو محفل پر کم کم تشریف لاتے ہیں۔ میری بدقسمتی کہ اردو محفل پر میری ان سے زیادہ بات چیت نہیں ہو سکی لیکن اب بلاگ کے حوالے سے انشاءاللہ ان سے ربط رہے گا۔
اردو محفل پر انکے کام اور موضوعات سے اندازہ ہوتا ہے کہ شعر و ادب اور تنقید انکے خاص موضوعات ہیں اور اپنے بلاگ پر اسی حوالے سے انہوں نے خوبصورت تحاریر لکھنا شروع کی ہیں۔ انکے بلاگ کا عنوان 'غبارِ خاطر' بھی بہت خوبصورت ہے۔ میری طرف سے وہاب اعجاز خان صاحب کو بلاگنگ کی دنیا میں خوش آمدید اور امید ہے کہ انکے بلاگ پر خوبصورت تحاریر ہمیں پڑھنے کو ملتی رہیں گی۔

م۔ م۔ مغل صاحب کا "ناطقہ"
محمد محمود مغل صاحب، ہماری طرح صرف ویب پر فعال نہیں ہیں، بلکہ کراچی کے علمی و ادبی حلقوں میں بھی انتہائی فعال ہیں۔ کئی ایک ادبی تنظمیوں کے عہدیدار ہیں اور اکثر مشاعروں اور ادبی تقاریب کی نظامت کے فرائض بھی سر انجام دیتے ہیں۔ اچھے شاعر ہیں اور انکا کلام بھی اکثر اردو محفل پر پڑھنے کو ملتا ہے۔ شاعری کے ساتھ ساتھ آپ افسانہ نگاری اور کالم نگاری سے بھی شغف رکھتے ہیں۔ مغل صاحب کا تفصیلی تعارف اردو محفل پر دیکھا جا سکتا ہے۔
سیاست اور مذہب، انسانی زندگی سے نہ علیحدہ ہیں اور نہ انہیں علیحدہ کیا جا سکتا ہے اور اسی حوالے سے شاید مغل صاحب بھی ان موضوعات پر اپنے بلاگ پر لکھتے ہیں، جس میں قطعاً کوئی مضائقہ نہیں ہے، لیکن مجھے امید ہے بلکہ خواہش بھی ہے کہ وہ اپنے بلاگ پر شعر و ادب کے حوالے سے ہی زیادہ لکھیں گے۔

اور یہ بھی خواہش ہے اور دعا بھی کہ بلاگنگ کی دنیا میں موضوعاتی بلاگز اور علمی و ادبی بلاگز کا اضافہ ہوتا رہے۔

متعلقہ تحاریر : تعارف

14 comments:

  1. Salam Amazing & Great work done by you mt Waris. I like you blog very much keep the good work con't... for readers like me wanna visit you again and again thanks.

    ReplyDelete
  2. شکریہ برادرم وارث۔ محمود کے بلاگ کے بارے میں تو ہمیں تھا ہی، وہاب اعجاز خان کے بلاگ میں جان کر بھی اچھا لگا ہے۔ وہاب ہمارے پرانے دوست ہیں اور محفل فورم پر بہت اچھی تحاریر پوسٹ کرتے رہے ہیں۔ بعد میں دراصل وہ اردو وکی پیڈیا پر فعال ہوگئے تھے اور اردو وکی پیڈیا کے لیے بھی ان کی گراں قدر خدمات ہیں۔

    ReplyDelete
  3. اول تو وہاب اعجاز کے بلاگ سےآگہی کروانے کا شکریہ۔۔
    دوسرا مغل صحب کی کیا بات ہیں ہم تو دو تین مرتبہ اُن کے مل چکے ہیں! ہمارے لئے اعزاز کی بات کہ وہ ہمارے دفتر بھی آئے تھے۔ آخری ملاقات میں ہم نے اُن کا تازہ کلام بھی سنا تھا اُن سے۔۔۔۔۔ وہ جلدی میں تھے کسی مشاعرے میں جانا تھا جناب کو!!!۔ ویسے جوش خطابت میں وہ جو اردو بولتے ہیں ہمارے پلے نہیں پڑتی!!!۔

    ReplyDelete
  4. بہت شکریہ فرخ صدیقی صاحب، برادرم نبیل اور شعیب صاحب۔ اور فرخ صدیقی صاحب اور شعیب صفدر صاحب خوش آمدید۔

    ReplyDelete
  5. وارث صاحب میرا بلاگ متعارف کرانے کا شکریہ۔

    ReplyDelete
  6. وہاب اعجاز صاحب کا بلاگ خوش قسمتیً سب سے پہلے ہمیں ہی نظر آیا، ویسے یہ خوش فہمی اس لیے ہے کہ سب سے پہلا تبصرہ اس ناچیز کا ہی تھا۔ اردو وکیپیڈیا کے لیے ان کی عظیم خدمات ہیں۔
    مغل صاحب! کسی تعارف کے محتاج نہیں۔

    ReplyDelete
  7. بہت بہت شکریہ وارث صاحب ،
    آپ کی محبت و شفقت کا کوئی مول نہیں، آپ نے حوصلہ بڑھا دیا ہے ، وگرنہ من آنم کہ من دانم والا معاملہ ہے یہاں ، انشا اللہ میری پوری کوشش ہوگی کہ اپنے اظہاریہ کو خالصتاً اردو کے حوالے سے ترتیب دوں مگر چونکہ اظہاریہ نویسی میں سیاست بھی داخلِ ستم ہے سو اس پر بھی کچھ نہ کچھ لکھنے کو چاہتا ہے ، عن قریب ایک اخبار میں باقائدہ کالم لکھنا شروع ہونے لگا ہے سو میں وہ سبھی کالم بھی یہاں شامل کروں گا ،کوشش کرتا ہوں کہ اس کے لیے الگ سے ایک گوشہ بنایا جاسکے ، غبارِ خاطر پر دوا یک بار جانا ہوا ، انشا اللہ وہاں اور یہاں تواتر سے حاضری رہے گی آپ کی محبتوں کے لیے سراپا تشکر ہوں ، امید ہے اسی طرح آپ کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی میں میرے لیے راستہ آسان رہے گا۔
    والسلام
    عاقبت نا اندیش
    م۔م۔مغل

    ReplyDelete
  8. نوازش مغل صاحب، اگر موجودہ بلاگز تواتر سے لکھے جاتے رہے تو انشاءاللہ اچھے اور معیاری اردو ادبی بلاگز میں اضافہ بھی ہوتا رہے گا۔

    ReplyDelete
  9. بہت اچھا تعارف کروایا ہے آپ نے۔ بہت خوب۔ اردو بلاگنگ کے منظرنامہ پر اسی طرح کچھ مزید علمی و ادبی بلاگز کی ضرورت ہے۔ اسی کے متعلق میں نے یہاں لکھا ہے۔

    ReplyDelete
  10. بہت شکریہ باذوق صاحب، اور آپ نے یقیناً ایک اہم بات کی طرف اشارہ کیا ہے، امید ہے کہ ادبی بلاگز کی تعداد میں آنے والے وقت میں ضرور اچھا اضافہ ہوگا۔

    ReplyDelete
  11. محترمی و مکرمی جناب محمد وارث صاحب سدا سکھی رہو
    السلام علیکم کے بعد از خیریت کے عرض خدمت ہے کہ
    قبلہ کافی عرصہ کے بعد حاضر ہونے کی وجہ محض صحافتی مصروفیات تھیں مگر یقین جانئے آپ جیسے مخلص اور شفیق دوست کی یاد ہر مصروفیت سے بالا تر ہے
    امید تو یہی ہے کہ آپ صحت سے ہونگے
    قبلہ ایک گزارش کرنی تھی کہ یہ جو اکبر الہ آبادی کا شعر ہے اس کا پہلا مصرعہ ذہن میں نہیں آرہا ہے براہ کرم اگر آپ کو یاد ہے تو ضرور ارشاد فرما دیں۔۔
    ؟؟؟؟؟؟؟؟
    افسوس کہ فرعون کو کالج کی نہ سوجھی۔۔

    نعمان نیر کلاچوی سینیئر ایڈیٹر روزنامہ درپن لاہور اینڈ ڈیرہ اسماعیل خان

    ReplyDelete
  12. افسوس کہ مجھے علم نہیں، اگر آپ گوگل کریں تو شاید کہیں پہنچ جائیں۔

    ReplyDelete