Nov 16, 2009

سلسلۂ ٹیگیہ بلاگیہ

جناب خرم بھٹی صاحب نے اس کھیل نما سلسلے میں اس خاکسار کو یاد کیا تھا، بوجوہ جلدی لبیک نہ کہہ سکا لیکن بہرحال حکم کی تعمیل واجب تھی سو حاضر ہوں۔

انٹرنیٹ پر آپ روزانہ کتنا وقت صرف کرتے ہیں؟
بارہ سے چودہ گھنٹے، اس میں دفتری اوقات کے آٹھ، نو گھنٹے بھی شامل ہیں کہ کام کی نوعیت ہی کچھ ایسی ہے۔

انٹرنیٹ آپ کے رہن سہن میں کیا تبدیلی لایا ہے؟
کوئی خاص نہیں، میں پہلے بھی اپنے کمرے میں بند رہتا تھا اور اب بھی رہتا ہوں، ہاں یہ فرق آیا کہ پہلے بستر پر دراز ہو کر پڑھتا رہتا تھا اور اب کرسی پر کمپیوٹر کے سامنے بیٹھا رہتا ہوں۔

کیا انٹرنیٹ نے آپ کی سوشل یا فیملی لائف کو متاثر کیا ہے اور کس طرح؟
میری سوشل لائف میرے گھر کی چاردیواری تک محدود ہے سو اس کو تو قطعاً متاثر نہیں کیا۔ فیملی لائف کی یہ کہ انٹرنیٹ میری زندگی میں پہلے داخل ہوا تھا اور بیوی بچے بعد میں، سو انہوں نے سمجھوتہ کیا ہے میرے ساتھ۔

اس علت سے جان چھڑانے کی کبھی کوشش کی اور کیسے؟
کافی کوشش کر چکا ہوں لیکن یہ علت چھوٹتی نہیں، مطالعہ میرے لیے آکسیجن کی طرح ہے، لیکن پچھلے چند سالوں سے بالخصوص جب سے میں اردو محفل، بلاگ اور فیس بُک پر فعال ہوا ہوں، میرے مطالعے میں بہت بری طرح کمی واقع ہوئی ہے، اسکا مجھے بہت دکھ ہے اور بعض دفع اسی رنج و غم میں گھر میں انٹرنیٹ کو چھوڑ دیتا ہوں اور مطالعے کو زیادہ وقت دیتا ہوں جیسے ابھی پچھلوں دنوں میں یہی کام کر رہا تھا لیکن افسوس کہ میں تو کمبل کو چھوڑتا ہوں لیکن کمبل مجھے نہیں چھوڑتا۔

کیا انٹرنیٹ آپ کی آؤٹ ڈور کھیلوں میں رکاوٹ بن چکا ہے؟
مدت ہوئی لڑکپن گزرے اور اتنا ہی عرصہ ہوا آؤٹ ڈور کھلیوں کو چھوڑے بلکہ آؤٹ ڈور کی کیا تخصیص، ان ڈور کھیلیں بھی میری زندگی میں نہیں بجز کمپیوٹر گیمز کے، جو مجھے بہت پسند ہیں اور کھیلتا بھی ہوں۔

اور اب کچھ دیگر احباب کو ٹیگ کرنا تھا لیکن یہ موضوع کب سے ختم ہو چکا سو اس کو یہیں ختم کرتا ہوں، ان اشعار پر جو کسی شاعر نے سعدی کی مدح میں کہے تھے۔

در شعر سه تن پیمبرانند
هر چند که لانبی بعدی
اوصاف و قصیده و غزل را
فردوسی و انوری و سعدی

متعلقہ تحاریر :

6 comments:

  1. سلسلۂ ٹیگیہ بلاگیہ کی اصطلاح بہت خوبصورت لگی مگر افسوس کہ ہم تو یہ بھی نہیں کہہ سکتے کہ "ہم بھی فقیر ایک اسی سلسلے کے ہیں" ~x(

    ReplyDelete
  2. بہت اعلی جناب۔ اسی بہانے آپ کے بلاگ پر بہت عرصہ بعد کچھ تحریر تو ہوا۔۔ فیس بک پر تو جناب آپ نے ایک بہت ہی اعلی پائے کی کمیونٹی سے تعارف کروادیا ہے جہاں نہایت عمدہ چیزیں پڑھنے کر ملتی ہیں۔

    ReplyDelete
  3. محترم وارث بھائی!

    سلسلۂ ٹیگیہ بلاگیہ سے آپ کی نسبت اچھی لگی :D

    مطالعے کی قیمت پر انٹرنیٹ واقعی بہت مہنگا ہے لیکن یہ سب ہمیں سوچنا چاہیے کہ آپ کا مطالعہ تو یوں بھی بہت وسیع ہے.

    آباد رہے آپ کا بلاگ کے یہاں سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے.

    شکریہ

    محمد احمد

    ReplyDelete
    Replies
    1. احمد بھیا درست کہا آپ نے کہ اتنا کچھ پڑھنے اور سیکھنے کو ملتا ہے جو کم بلکہ عنقا ہے ۔۔ ہم نے کمنٹ کم کئے پر ہم بہت عرصے سے انکا بلاگ فالو کرتے ہیں۔
      اللہ تعالیٰ انکے لیے اس جہاں کی آسانیاں فرمائے آمین

      Delete
  4. بہت شکریہ فاتح صاحب، راشد صاحب اور احمد صاحب، نوازش۔

    ReplyDelete
  5. سر جی فکر ناٹ
    میں ابھی بھی رہتا ہوں
    میں بھی بھولا ہوا تھا لکھ ہی دیتا ہوں اب
    :D

    ReplyDelete