Jun 5, 2010

چند تازہ رباعیاں، بلاگ کے حوالے سے

صریرِ خامۂ وارث کو اس "نقار خانے" میں دو سال ہو گئے، اسی حوالے سے کچھ رباعیاں کل شام سے ذہن میں گردش کر رہی تھیں سو "جیسی ہیں جہاں ہیں" کی بنیاد پر لکھ رہا ہوں۔ ان رباعیوں میں اگر آپ کو دل برداشتہ اور قلم برداشتہ نظر آؤں تو مجھے انسان سمجھ کر معاف فرما دیں کہ "پتھّر نہیں ہوں میں"، اور کیا لکھوں کہ باقی سب کچھ تو رباعیوں میں لکھ دیا ہے، لیکن یہ ضرور کہوں گا کہ بلاگ سے یاری جاری ہے۔

اک رسم تھی، سو ہے اب تلک وہ جاری
محنت جو لگی خوب تو چوٹیں کاری
جانے کیا سوچ کے بنایا تھا بلاگ
خود ہی میں لکھاری ہوں خود ہی قاری

سوچا ہے سیاست پہ لکھوں گا میں بھی
یعنی کہ غلاظت پہ لکھوں گا میں بھی
اپنی تو نظر آتی نہیں کوئی برائی
اوروں کی نجاست پہ لکھوں گا میں بھی

قاری بڑھ جائیں گے، لکھوں مذہب پر
الفاظ و افکار کے ماروں پتھّر
عالِم ہوں، فاضِل ہوں, پڑھا ہے کلمہ
بس میں ہوں مسلماں باقی سب کافر

یہ بھی ہے بلاگ پہ لکھوں میں گالی
پھر دیکھنا کیسے بجتی ہے تالی
جو عقلِ سلیم آئے سمجھانے کو
تو کہہ دوں، چل بھاگ، حرامی، سالی

محبوب کے انکار میں اقرار کو دیکھ
اپنوں پہ نظر رکھ، نہ تُو اغیار کو دیکھ
کیوں ہوتا ہے گرفتہ دل میرے اسد
چھوڑ اسکی برائیاں فقط "یار" کو دیکھ

والسلام

متعلقہ تحاریر : رباعی, محمد وارث, میری شاعری

22 comments:

  1. سوچا ہے سیاست پہ لکھوں گا میں بھی
    یعنی کہ غلاظت پہ لکھوں گا میں بھی
    اپنی تو نظر آتی نہیں کوئی برائی
    اوروں کی نجاست پہ لکھوں گا میں بھی

    یہ رباعی تو ہمارے بلاگ پہ صادق آتی ہے.

    ReplyDelete
  2. بہت خوب ؤارث صاحب !!!

    زھراء علوی

    ReplyDelete
  3. بہت عمدہ . . (:

    ReplyDelete
  4. کچھ تلخی، کچھ ناراضگی دامن میں سمیٹے ہوئے ہے یہ شاعری...

    ReplyDelete
  5. جناب اگر آپ تبصرہ چاہتے ہيں تو متنازعہ تحارير لکھيئے ۔ اگر آپ قاری چاہتے ہيں تو جو لکھ رہے ہيں لکھتے رہيئے تاکہ ميں تو پڑھتا رہوں ۔

    ReplyDelete
  6. جناب اس میں قصور نہ آپکا ہے نہ آپکے بلاگ کا،اس میں سارا قصور ہماری جہالت کا ہے!
    :(

    ReplyDelete
  7. وارث صاحب، کیا حقیقت آشکار کرتی رباعیاں لکھ ڈالی آپ نے۔ یہ ہمارا المیہ ہے کہ آپ کے بلاگ سے استفادہ نہیں کر پاتے اور آپ نے اپنی شاعری میں یہی تلخ حقیقت بیان کی ہے۔ اس امر میں کوئی شبہ نہیں آپ کا بلاگ اردو کا پہلا موضوعاتی بلاگ تھا اور یہ آپ کی ہمت ہے کہ اب تک اسے ثابت قدمی سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اللہ آپ کو ہمت دے۔

    ReplyDelete
  8. بہت شکریہ فہد صاحب، نوازش۔

    ReplyDelete
  9. بہت خوب!

    لیکن آپ کا کلام کم کم دیکھنے کو ملتا ہے.

    ReplyDelete
  10. اگرآپ تقطیع اور بحر بھی ساتھ لکھیں تو بہتر ہے تاکہ سیکھنے والے سیکھیں

    ReplyDelete
  11. شکریہ عثمان صاحب، بس کچھ مصروفیت کی وجہ سے اس طرف کم ہی رغبت ہوتی ہے۔

    ReplyDelete
  12. السلام علیکم
    اصلاحِ سخن درکار۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    مجھ کو آقا مرے دے دو غم آپ کا
    درد بھی آپ کا تو کرم آپ کا
    یا رسولِ خدا سنو میری دعا
    عشق دو آپ کا شہِ عجم آپ کا
    افاعیل؛ فاعلن فاعلن فاعلن فاعلن
    پیشگی شکریہ مع السلام۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جیلانی

    ReplyDelete
  13. جیلانی صاحب پہلے دو مصرعے وزن میں جب کہ آخری دو مصرعے وزن میں نہیں ہیں

    یا رسولِ خدا سنو میری دعا
    عشق دو آپ کا شہِ عجم آپ کا

    سنو اور شہِ عجم کی وجہ سے بحر سے خارج ہو رہے ہیں، ویسے آپ سے استدعا کہ اردو محفل کے اصلاحِ سخن پر تشریف لایئے تا کہ بہتر انداز سے آپ کی راہنمائی ہو سکے۔
    http://www.urduweb.org/mehfil/forumdisplay.php?37-%D8%A7%D9%90%D8%B5%D9%84%D8%A7%D8%AD%D9%90-%D8%B3%D8%AE%D9%86

    والسلام

    ReplyDelete
  14. السلام علیکم ......... جواب کا شکریہ......... اردو محفل کی نسبت آپ کا یہ پر سکون بلاگ اچھا لگا................ حالانکہ اآپ خود بھی اپنے بلاگ سے زیادہ دوسرے بلاگز پر زیادہ نظر آتے ہیں بہر حال جیسے آپ کی خوشی ........
    آخری شعرکے پہلے مصرع میں..... سن لو...... ہے... سنو ....غلطی سے لکھا گیا
    جب کہ آخری شعرکے دوسرے مصرع میں.............شہِ عجم............. کی جگہ ...........شاہِ عجم .....کردیا ہے.اب اآخری شعر یوں ہے...
    یا رسولِ خدا سن لو میری دعا
    عشق دو آپ کاشاہِ عجم آپ کا
    ....جیلانی...

    ReplyDelete
  15. معذزت............. جب کہ آخری شعرکے دوسرے مصرع میں.............شہِ عجم............. کی جگہ ...........شہ عجم .....کردیا ہے.اب اآخری شعر یوں ہے...
    یا رسولِ خدا سن لو میری دعا
    عشق دو آپ کاشہ عجم آپ کا
    ....جیلانی

    ReplyDelete
  16. subhan Allah.bohat khushi hue k ab b aisy ba zouq log mojood hn. khuda ap k zouq ko slamat rakhy.

    ReplyDelete
    Replies
    1. نوازش آپ کی عباس علی صاحب، بہت شکریہ

      Delete
  17. آپ تو بہت اچھے شاعر بھی ہیں ،۔ مجھے معلوم نہ تھا۔ بہت خوب۔ایسے ہی لکھتے رہیں ۔

    ReplyDelete
    Replies
    1. شکریہ محترم، بس کبھی کبھی ہی لکھتا تھا اور اب تو کئی سالوں سے وہ بھی موقوف ہو چکا۔

      Delete