Dec 22, 2012

میرے سنگِ مزار پر فرہاد - غزلِ میر تقی میر

میرے سنگِ مزار پر فرہاد
رکھ کے تیشہ کہے ہے یا اُستاد

ہم سے بن مرگ کیا جدا ہو ملال
جان کے ساتھ ہے دلِ ناشاد

آنکھیں موند اور سفر عدم کا کر
بس بہت دیکھا عالمِ ایجاد

فکرِ تعمیر میں نہ رہ منعم
زندگانی کی کچھ بھی ہے بنیاد؟

خاک بھی سر پہ ڈالنے کو نہیں
کس خرابہ میں ہم ہوئے آباد

سنتے ہو، ٹک سنو کہ پھر مجھ بعد
نہ سنو گے یہ نالہ و فریاد

لگتی ہے کچھ سموم سی تو نسیم
خاک کس دل جلے کی کی برباد

بھُولا جا ہے غمِ بُتاں میں جی
غرض آتا ہے پھر خدا ہی یاد

Mir Taqi Mir, میر تقی میر, Urdu Poetry, Urdu Shairi, Urdu Ghazal, Classical Urdu Poetry, Ilm-e-Arooz, Ilm-e-Urooz, Taqtee, Behr, Meer Taqi Meer, اردو شاعری، اردو غزل، کلاسیکی ارو شاعری، علم عروض، تقطیع، بحر
Mir Taqi Mir, میر تقی میر

تیرے قیدِ قفس کا کیا شکوہ
نالہ اپنے سے، اپنے سے فریاد

ہرطرف ہیں اسیر ہم آواز
باغ ہے گھر ترا تو اے صیّاد

ہم کو مرنا یہ ہے کہ کب ہوں گے
اپنی قیدِ حیات سے آزاد

ایسا ہرزہ ہے وہ کہ اٹھتے صبح
سو جگہ جانا اس کی ہے معتاد

نقش صورت پذیر نہیں اس کا
یوں ہی تصدیع کھینچے ہے بہزاد

خوب ہے خاک سے بزرگاں کی
چاہنا تو مرے تئیں امداد

پر مروّت کہاں اسے اے میر
تو ہی مجھ دل جلے کو کر ناشاد

نامرادی ہو جس پہ پروانہ
وہ جلاتا پھرے چراغِ مراد

میر تقی میر
-----

قافیہ - آد یعن ساکن الف دال اور ان سے پہلے زبر کی آواز جیسے استاد میں تاد، فرہاد میں ہاد، ناشاد میں شاد، ایجاد میں جاد وغیرہ۔

ردیف - اس غزل کی کوئی ردیف نہیں یعنی یہ غیر مردف ہے۔

 بحر - بحر خفیف مسدس مخبون محذوف مقطوع

افاعیل - فاعِلاتُن مُفاعِلُن فَعلُن
(پہلے رکن فاعلاتن کی جگہ مخبون رکن فعلاتن بھی آسکتا ہے، آخری رکن فعلن کی جگہ فعلان، فَعِلن اور فَعِلان بھی آسکتا ہے یوں آٹھ وزن اکھٹے ہو سکتے ہیں)۔ تفصیل کیلیئے میرا مقالہ “ایک خوبصورت بحر - بحر خفیف” دیکھیئے)

علامتی  نظام - 2212 2121 22
ہندسوں کو اردو رسم الخط کے مطابق پڑھیے یعنی دائیں سے بائیں یعنی 2212 پہلے پڑھیے۔ اور اس میں بھی 12 پہلے ہے۔
(پہلے 2212 کی جگہ 2211 اور آخری 22 کی جگہ 122، 211 اور 1211 بھی آ سکتا ہے)

تقطیع -

میرے سنگِ مزار پر فرہاد
رکھ کے تیشہ کہے ہے یا استاد

میرِ سنگے - فاعلاتن - 2212
مزار پر - مفاعلن - 2121
فرہاد - فعلان - 122

رک کِ تیشہ - فاعلاتن - 2212
کہے ہِ یا - مفاعلن - 2121
استاد - فعلان - 122
----

متعلقہ تحاریر : اردو شاعری, اردو غزل, بحر خفیف, تقطیع, کلاسیکی اردو شاعری, میر تقی میر

2 comments:

  1. بہت اچھا لگا یہ بلاگ پڑھ کو دل خوش ہو گیا اور اردو کی بہت سی خدمت ہے اس سے اللہ تعالی ہمیں ہر بات کو سمجھنے کی توفیو عطا فرمائے اور ادب سے لگاوو عطا فرمائے ۔آمین

    ReplyDelete
    Replies
    1. بہت شکریہ محترم اقبال خان صاحب اور بلاگ پر خوش آمدید، امید ہے تشریف لاتے رہیں گے۔

      والسلام

      Delete