Showing posts with label مولانا جامی. Show all posts
Showing posts with label مولانا جامی. Show all posts

Dec 18, 2012

ایں قدَر مَستم کہ از چشمَم شراب آید بروں - غزل مولانا جامی مع اردو ترجمہ

ایں قدَر مَستم کہ از چشمَم شراب آید بروں
وَز دلِ پُر حسرتم دُودِ کباب آید بروں

میں اس قدر مست ہوں کہ میری آنکھوں سے (آنسوؤں کی جگہ) شراب باہر آ رہی ہے اور میرے دلِ پُر حسرت سے اس طرح دھواں اٹھ رہا ہے کہ جیسے کباب سے دھواں اٹھتا ہے۔

ماہِ من در نیم شب چوں بے نقاب آید بروں
زاہدِ صد سالہ از مسجد خراب آید بروں

میرا چاند آدھی رات کو اگر بے نقاب باہر نکلے تو سو سالہ زاہد بھی مسجد سے خراب اور اسکا دیوانہ ہو کر باہر نکل آئے۔

صُبح دم چوں رُخ نمودی شُد نمازِ من قضا
سجدہ کے باشد روا چوں آفتاب آید بروں

صبح کے وقت جب تیرا چہرا دیکھا تو میری نماز قضا ہو گئی کیونکہ سجدہ کیسے روا ہو سکتا ہے جب کہ سوج نکل آئے۔

ایں قدَر رندَم کہ وقتِ قتل زیرِ تیغِ اُو
جائے خوں از چشمِ من موجِ شراب آید بروں

میں اس قدر رند ہوں کہ وقتِ قتل اسکی تلوار کے نیچے، خون کی بجائے میری آنکھوں سے موجِ شراب ابل ابل کر باہر آ رہی ہے۔

یارِ من در مکتب و من در سرِ رہ منتظر
منتظر بودم کہ یارم با کتاب آید بروں

میرا یار مکتب میں ہے اور میں راہ میں کھڑا منتظر ہوں کہ وہ کتاب کے ساتھ کب باہر آتا ہے۔
Persian poetry with urdu translation, farsi poetry with urdu translation, فارسی شاعری مع اردو ترجمہ، فارسی شاعری بمع اردو ترجمہ، فارسی شاعری اردو ترجمے کے ساتھمولانا نور الدین عبدالرحمٰن جامی، ھرات، افغانستان، ن، Maulana Abdur Rahman Jami
مزار مولانا نور الدین عبدالرحمٰن جامی، ھرات، افغانستان

قطرہٴ دردِ دلِ جامی بہ دریا اُوفتد
سینہ سوزاں، دل کتاں، ماہی ز آب آید بروں

جامی کے دردِ دل کا ایک قطرہ دریا میں گر پڑے تو جلتے ہوئے سینے اور پارہ پارہ دل کے ساتھ مچھلی بھی پانی سے باہر آ جائے۔

(مولانا نُور الدین عبدالرحمٰن جامی)

----

قافیہ - آب یعنی ساکن اب اور اس سے پہلے زبر کی آواز جیسے شراب میں راب، کباب میں باب، نقاب میں قاب، خراب میں راب وغیرہ۔

ردیف - آید بروں

 بحر - بحر رمل مثمن محذوف

افاعیل - فاعِلاتُن فاعِلاتُن فاعِلاتُن فاعِلُن
آخری رکن فاعلن کی جگہ مسبغ رکن فاعلان بھی آسکتا ہے۔

علامتی  نظام - 2212 / 2212 / 2212 / 212
ہندسوں کو اردو رسم الخط کے مطابق پڑھیے یعنی دائیں سے بائیں یعنی 2212 پہلے پڑھیے۔ اور اس میں بھی 12 پہلے ہے۔
(آخری 212 کی جگہ 1212 بھی آ سکتا ہے)

تقطیع -

ایں قدَر مَستم کہ از چشمَم شراب آید بروں
وَز دلِ پُر حسرتم دُودِ کباب آید بروں

ای قدر مس - فاعلاتن - 2212
تم ک از چش - فاعلاتن - 2212
مم شرابا - فاعلاتن - 2212 - یہاں الف کا وصال ہوا ہے اور تمام قافیہ ردیف میں یہی صورتحال ہے۔
ید برو - فاعلن - 212

وز دلے پُر - فاعلاتن - 2212
حسرتم دُو - فاعلاتن - 2212
دے کبابا - فاعلاتن - 2212
ید برو - فاعلن - 212
------

مزید پڑھیے۔۔۔۔