اے خدا آج اسے سب کا مقدّر کر دے
وہ محبّت کہ جو انساں کو پیمبر کر دے
سانحے وہ تھے کہ پتھرا گئیں آنکھیں میری
زخم یہ ہیں تو مرے دل کو بھی پتھّر کر دے
صرف آنسو ہی اگر دستِ کرم دیتا ہے
میری اُجڑی ہوئی آنکھوں کو سمندر کر دے
Ahmed Faraz, احمد فراز |
مجھ کو ساقی سے گلہ ہو نہ تُنک بخشی کا
زہر بھی دے تو مرے جام کو بھر بھر کر دے
شوق اندیشوں سے پاگل ہوا جاتا ہے فراز
کاش یہ خانہ خرابی مجھے بے در کر دے
(احمد فراز)
——–
بحر - بحر رمل مثمن مخبون محذوف مقطوع
افاعیل - فاعِلاتُن فَعِلاتُن فَعِلاتُن فَعلُن(پہلے رکن یعنی فاعلاتن کی جگہ مخبون رکن فَعِلاتُن بھی آ سکتا ہے اور آخری رکن یعنی فعلن کی جگہ فعلان، فَعِلُن اور فَعِلان بھی آ سکتے ہیں گویا آٹھ اوزان اس بحر میں جمع ہو سکتے ہیں)
اشاری نظام - 2212 2211 2211 22
(پہلے 2212 کی جگہ 2211 اور آخری 22 کی جگہ 122، 211 اور 1211 بھی آ سکتے ہیں)
تقطیع:
اے خدا آج اسے سب کا مقدّر کر دے
وہ محبّت کہ جو انساں کو پیمبر کر دے
اے خدا آ - فاعلاتن - 2212
ج ا سے سب - فعلاتن - 2211
کَ مُ قد در - فعلاتن - 2211
کر دے - فعلن - 22
وہ محّبت - فاعلاتن - 2212
کِ جُ انسا - فعلاتن - 2211
کُ پیمبر - فعلاتن - 2211
کر دے - فعلن - 22
متعلقہ تحاریر : احمد فراز,
اردو شاعری,
اردو غزل,
بحر رمل,
بحر رمل مثمن مخبون محذوف مقطوع,
تقطیع
Wahh Lajawab Hum Ne Bohat Kum Itna Mukamal Aur Behtareen Inthakab Ek Jagha Dheka
ReplyDeleteبہت شکریہ آپ کا۔
Delete