Dec 9, 2020

صائب تبریزی کے کچھ متفرق اشعار - 3

 گر ببینی ناکساں بالا نشیند صبر کن

روئے دریا کف نشیند، قعرِ دریا گوہر است

اگر تُو دیکھے کہ نااہل اور نالایق لوگ رتبے میں تجھ سے بلند ہیں تو صبر کر، کیونکہ سمندر کے اوپر جھاگ ہوتی ہے اور گوہر سمندر کی تہہ میں ہوتا ہے۔

----------

اظہارِ عجز پیشِ ستم پیشگاں خطاست

اشکِ کباب باعثِ طغیانِ آتش است

ستم پیشہ، ظالم لوگوں کے سامنے عاجزی کا اظہار کرنا غلطی ہے کیونکہ کباب سے گرنے والے قطرے آگ کو مزید بڑھکا دیتے ہیں۔

----------

می شوند از گردشِ چشمِ بُتاں زیر و زبر

عشقبازاں را غمے از گردشِ افلاک نیست

وہ تو چشمِ بتاں کی گردش سے ہی زیر و زبر ہو جاتے ہیں، عاشقوں کو گردشِ افلاک کا تو کوئی غم نہیں ہے۔

----------

چندیں ہزار شیشۂ دل را بہ سنگ زد

افسانہ ایست ایں کہ دلِ یار نازک است

اُس نے تو ہزاروں شیشے جیسے دل پتھر پر دے مارے اور توڑ دیے، یہ بات کہ محبوب کا دل بڑا نازک ہے، افسانہ ہی ہے۔

----------

یادگارِ جگرِ سوختۂ مجنوں است

لالۂ چند کہ از دامنِ صحرا برخاست

مجنوں کے سوختہ جگر کی یادگار ہیں، وہ چند لالے کے پھول جو صحرا کے دامن میں کھلتے ہیں۔

----------

ما ز غفلت رہزناں را کارواں پنداشتیم

موجِ ریگِ خشک را آبِ رواں پنداشتیم

ہم نے اپنی غفلت سے لٹیروں کو ہی کارواں سمجھ لیا اور خشک ریت کی موج (سُراب) کو ہی آبِ رواں سمجھ لیا۔

----------

صائب تبریزی، فارسی شاعری مع اردو ترجمہ، فارسی شاعری اردو ترجمے کے ساتھ، urdu translation, Saib Tabrizi

رنگِ شکستہ را بہ زباں احتیاج نیست

صائب عبث چہ دردِ خود اظہار می کُنی

اُڑے ہوئے رنگ کو زبان سے اظہار کی ضرورت نہیں ہے، صائب تُو کیوں عبث ہی اپنے درد کا اظہار کرتا ہے۔

----------

صائب از گردِ خجالت، شدہ در خاک نہاں

موجۂ رحمتِ دریائے عطائے تو کجاست

صائب شرمندگی کی گرد سے خاک میں جا چُھپا ہے، تیری عطا کے دریا کی موجِ رحمت کہاں ہے؟

----------

گُل چہ می دانَد کہ سیرِ نکہتِ اُو تا کجاست

عاشقاں را از سرانجامِ دلِ شیدا مپرس

پُھول کیا جانے کہ اُس کی خوشبو کہاں کہاں تک پہنچتی ہے، لہذا عاشقوں سے اُن کے دلِ شیدا کے سرانجام کے بارے میں کچھ مت پوچھ۔

----------

از عالمِ پُرشور مجو گوہرِ راحت

کایں بحر بجز موجِ خطر ہیچ ندارد

فتنہ و فساد و شورش و آشوب سے بھرے عالم میں راحت کے موتی مت تلاش کر کہ اِس دریا میں موجِ خطر کے سوا کچھ بھی نہیں۔

----------


مزید پڑھیے۔۔۔۔

Nov 20, 2019

شیخ سعدی شیرازی کے کچھ متفرق اشعار - 2

گُل نسبتے ندارد، با روئے دلفریبَت
تو درمیانِ گُل ہا، چوں گُل میانِ خارے

پُھول تیرے دلفریب چہرے کے ساتھ کوئی نسبت ہی نہیں رکھتا کیونکہ تُو پھولوں کے درمیان ایسے ہی ہے جیسے کہ کوئی  پھول کانٹوں کے درمیان۔
----------

من اگر ہزار خدمت بکنم گناہگارم
تو ہزار خون ناحق بکنی و بے گناہی

میں اگر ہزار خدمت بھی کروں تو پھر بھی گناہگار ہوں اور تُو ہزاروں خون ناحق کرتا ہے اور پھر بھی بے گناہ ہے۔
-----------

خواہی کہ دگر حیات یابم
یکبار بگو کہ "کشتۂ ماست"

اگر تُو چاہے کہ مجھے دوسری بار زندگی مل جائے تو بس ایک بار کہہ دے کہ "یہ ہمارا مارا ہوا ہے"۔
----------

برگِ تر خشک می شَوَد بہ زماں
برگِ چشمانِ ما ہمیشہ تر است

سرسبز پتے وقت کے ساتھ سُوکھ جاتے ہیں، لیکن ہماری آنکھوں کے برگ ہمیشہ تر اور سرسبز  ہی رہتے ہیں۔
----------

عجب نیست در خاک اگر گُل شگفت
کہ چندیں گُل اندام در خاک خُفت

اگر خاک میں سے پُھول کھلتے ہیں تو یہ کوئی عجیب بات نہیں ہے کیونکہ بہت سے گُل اندام (پھولوں جیسے بدن والے) اِسی خاک میں سوئے ہوئے ہیں۔
----------

گرچہ لایق نبوَد دستِ من و دامنِ تو
ہر کجا پائے نہی فرقِ سر آں جا دارم

چونکہ میرے ہاتھ تیرے دامن کے لایق نہیں ہیں سو تُو جہاں کہیں بھی اپنے پاؤں رکھتا ہے میں وہاں اپنی پیشانی رکھ دیتا ہوں۔
----------
فارسی شاعری مع اردو ترجمہ، فارسی شاعری بمع اردو ترجمہ، شیخ سعدی شیرازی، persian poetry with urdu translation, farsi poetry with urdu translation, sheikh saadi
مزارِ شیخ سعدی رح

گر دوست واقف است کہ بر من چہ می روَد
باک از جفائے دشمن و جورِ رقیب نیست

اگر دوست اِس بات سے واقف ہے کہ مجھ پر کیا گزر رہی ہے تو پھر مجھے دشمنوں اور رقیبوں کے جور و جفا کا کوئی ڈر نہیں ہے، کوئی پروا نہیں ہے۔
----------

بہ لالہ زار و گلستاں نمی روَد دلِ من
کہ یادِ دوست گلستان و لالہ زار من است

میرا دل لالہ زار اور گلستان کی طرف نہیں جاتا کہ دوست کی یاد ہی میرا گلستان اور لالہ زار ہے۔
----------

دو چیز طیرۂ عقل است، دَم فرو بستن
بوقتِ گفتن و گفتن بوقتِ خاموشی

دو چیزیں عقل کے لیے سبکی اور شرمساری کا باعث ہیں، چُپ رہنا بولنے کے وقت، اور بولنا چُپ رہنے کے وقت۔
----------

سارباں آہستہ رو، آرامِ جاں در محمل است
اشتراں را بار بر پشت است و ما را بر دل است

اے ساربانو، آہستہ چلو کہ ہمارا آرامِ جاں، ہمارا محبوب محمل میں ہے، اُونٹوں کی تو پشت پر بوجھ ہے اور ہمارے دل پر بوجھ ہے۔
----------

مرا بہ ہیچ بدادی و من ہنوز بر آنم
کہ از وجودِ تو موئے بعالمے نفروشم

تُو نے مجھے ایسے ہی بغیر کسی چیز کے بدلے میں دے دیا (بیچ دیا) اور میں ابھی بھی اسی بر (قائم) ہوں کہ تیرے وجود کا ایک بال بھی ساری دنیا کے بدلے میں نہ بیچوں۔
----------

باز آ کہ در فراقِ تو چشمِ اُمیدوار
چوں گوشِ روزہ دار بر اللہ اکبر است

واپس آ جا کہ تیری جدائی میں، میری منتظر اور اُمیدوار آنکھوں کی بالکل وہی حالت ہے جیسی افطار کے وقت اللہ اکبر (اذان) کا انتظار کرتے ہوئے روزہ دار کے کانوں کی ہوتی ہے۔
----------

مزید پڑھیے۔۔۔۔

Dec 21, 2018

مولانا رُومی کے کچھ متفرق اشعار - 2

ہر کجا ویراں بوَد آنجا اُمیدِ گنج ہست
گنجِ حق را می نجوئی در دلِ ویراں چرا؟

جہاں کہیں بھی ویرانہ ہو وہاں سے خزانہ ملنے کی امید ہوتی ہے، تو پھر تُو ویران اور ٹوٹے ہوئے دلوں میں حق کے خزانے کی تلاش کیوں نہیں کرتا؟
----------

تو گُل و من خار کہ پیوستہ ایم
بے گُل و بے خار نباشد چمن

تُو پھول ہے اور میں کانٹا ہوں کہ دونوں باہم پیوستہ ہیں، پھول اور کانٹوں کے بغیر چمن نہیں ہوتا (دونوں باہم موجود ہوں تو چمن کا بھی وجود ہوتا ہے)۔
----------

دل و جاں شہیدِ عشقت، بہ درونِ گورِ قالب
سوئے گورِ ایں شہیداں، بگذر زیارتے کن

(میرے) جسم کی قبر میں دل اور جان تیرے عشق میں شہید ہو کر پڑے ہوئے ہیں، کبھی ان شہیدوں کی قبر کی طرف گذر اور زیارت ہی کر لے۔
----------

اے ما و صد چو ما ز پئے تو خراب و مست
ما بے تو خستہ ایم، تو بے ما چگونہ ای

اے کہ ہم اور ہمارے جیسے سینکڑوں تیرے لیے اور تیرے عشق میں خراب اور مست ہیں، ہم تو تیرے بغیر خستہ حال ہیں، تُو بتا تُو ہمارے بغیر کیسا ہے؟
----------

بیا بیا کہ مرا بے تو زندگانی نیست
ببیں ببیں کہ مرا بے تو چشم جیجوں است

آجا آجا کہ تیرے بغیر میری کوئی زندگی نہیں ہے، دیکھ دیکھ کہ تیرے بغیر میری آنکھیں ایسے ہیں جیسے جیجوں دریا۔
----------

کدام حُسن و جمالے کہ آں نہ عکسِ تو است
کدام شاہ و امیرے کہ اُو گدائے تو نیست

وہ کونسا حُسن و جمال ہے کہ جو تیرا (تیرے حُسن و جمال کا) عکس نہیں ہے؟ وہ کونسا بادشاہ اور امیر ہے کہ جو تیرا گدا نہیں ہے؟
----------

ما را نہ غمِ دوزخ و نے حرصِ بہشت است
بردار ز رُخ پردہ کہ مشتاقِ لقائیم

ہمیں نہ تو دوزخ کا کوئی غم اور ڈر ہے اور نہ ہی بہشت کی کوئی حرص اور خواہش ہے، بس تُو اپنے چہرے سے پردہ اُٹھا دے کہ ہم تو تیری دید ہی کے مشتاق ہیں۔
---------

حاجیِ عاقل طواف چند کند ہفت ہفت
حاجیِ دیوانہ ام من نشمارم طواف

عاقل اور ہوش و حواس والا حاجی کچھ طواف (گِن کے) سات سات بار کرتا ہے، میں ایک دیوانہ حاجی ہوں میں طواف شمار ہی نہیں کرتا۔
فارسی شاعری مع اردو ترجمہ، مولانا رومی، رُومی، persian poetry with urdu translation, farsi poetry with urdu translation, rumi, maulana rumi poetry with urdu translation

بخدا خبر ندارم چو نماز می گزارم
کہ تمام شد رکوعے، کہ امام شد فلانے

بخدا، میں جب نماز پڑھتا ہوں تو مجھے کچھ خبر نہیں ہوتی کہ رکوع کب تمام ہو گیا اور یہ کہ امام کون تھا۔
----------

دوش دیوانہ شدم، عشق مرا دید و بگفت
آمدم، نعرہ مزن، جامہ مدر، ہیچ مگو

گزشتہ شب میں دیوانہ ہو گیا پھر عشق نے مجھے دیکھا اور کہا، اب میں آ گیا ہوں، لہذا نعرے مت لگا، کپڑے مت پھاڑ، اور کچھ مت کہہ۔
----------

اے کیمیا اے کیمیا، در من نگر زیں را کہ من
صد دیر را مسجد کنم، صد دار را منبر کنم

اے کیمیا گر، اے عناصر میں تغیرات کا مطالعہ کرنے والے، میری طرف دیکھ (اور غور کر کہ میں کیسے اور کس طرح عناصر میں تغیرات کرتا ہوں) کہ میں سینکڑوں بُتخانوں کو مسجد بنا دیتا ہوں اور سینکڑوں داروں کو منبر۔
----------

تو مرا جان و جہانی، چہ کنم جان و جہاں را
تو مرا گنجِ روانی، چہ کنم سود و زیاں را

بس تُو ہی میری جان ہے، تُو ہی میرا جہان ہے، مجھے جان اور جہان کی کیا فکر۔ تُو ہی میرا بیش بہا خزانہ ہے جو ہر وقت میرے ساتھ ہے، مجھے سود و زیاں کی کیا پروا۔


مزید پڑھیے۔۔۔۔

Sep 19, 2017

کہتے ہیں اِک فریبِ مُسلسل ہے زندگی ۔ اصغر گونڈوی

 آلامِ روزگار کو آساں بنا دیا
جو غم ہوا اُسے غمِ جاناں بنا دیا

میں کامیابِ دید بھی، محرومِ دید بھی
جلووں کے اژدہام نے حیراں بنا دیا

یوں مسکرائے جان سی کلیوں میں پڑ گئی
یوں لب کشا ہوئے کہ گُلِستاں بنا دیا

کچھ شورشوں کی نذر ہوا خونِ عاشقاں
کچھ جم کے رہ گیا اسے حرماں بنا دیا

اے شیخ، وہ بسیط حقیقت ہے کفر کی
کچھ قیدِ رسم نے جسے ایماں بنا دیا

کچھ آگ دی ہوس میں تو تعمیر عشق کی
جب خاک کر دیا اسے عِرفاں بنا دیا

کیا کیا قُیود دہرمیں ہیں، اہلِ ہوش کے
ایسی فضائے صاف کو زنداں بنا دیا

اک برق تھی ضمیر میں فِطرت کے موجزن
آج اس کو حُسن و عشق کا ساماں بنا دیا

مجبوریِ حیات میں رازِ حیات ہے
زنداں کو میں نے روزنِ زنداں بنا دیا

وہ شورشیں، نظامِ جہاں جن کے دم سے ہے
جب مختصر کِیا انہیں انساں بنا دیا
Urdu Poetry, Classical Urdu Poetry, Urooz, Arooz, Taqtee, Urdu Meters
ہم اس نِگاہِ ناز کو سمجھے تھے نیشتر
تم نے تو مسکرا کے رگِ جاں بنا دیا

بلبل بہ آہ و نالہ و گُل مستِ رنگ و بُو
مجھ کو شہیدِ رسمِ گُلِستاں بنا دیا

کہتے ہیں اِک فریبِ مُسلسل ہے زندگی
اس کو بھی وقفِ حسرت و حرماں بنا دیا

عالَم سے بے خبربھی ہوں، عالَم میں بھی ہوں میں
ساقی نے اِس مقام کو آساں بنا دیا

اس حُسنِ کاروبار کو مستوں سے پوچھیئے
جس کو فریبِ ہوش نے عصیاں بنا دیا

اصغر گونڈوی
-------
قافیہ - آں یعنی الف نون غنہ ساکن اور الف سے پہلے زبر کی حرکت جیسے آساں میں ساں، جاناں میں ناں، گلستان میں تاں، حرماں میں ماں وغیرہ۔

ردیف - بنا دیا

بحر - بحر مضارع مثمن اخرب مکفوف محذوف

 افاعیل: مَفعُولُ فاعِلاتُ مَفاعِیلُ فاعِلُن
آخری رکن میں‌ فاعلن کی جگہ فاعلان بھی آسکتا ہے۔

علامتی نظام - 122 / 1212 / 1221 / 212
ہندسوں کو اردو کی طرز پر دائیں سے بائیں پڑھیے۔ یعنی 122 پہلے ہے اور اس میں بھی 22 پہلے ہے۔
(آخری رکن میں‌ 212 کی جگہ 1212 بھی آ سکتا ہے)

 تقطیع -

آلامِ روزگار کو آساں بنا دیا
جو غم ہوا اُسے غمِ جاناں بنا دیا

آلام - مفعول - 122
روزگار - فاعلات - 1212
کُ آسا بَ - مفاعیل - 1221
نا دیا - فاعلن - 212

جو غم ہُ - مفعول - 122
وا اُسے غَ - فاعلات - 1212
مِ جانا بَ - مفاعیل - 1221
نا دیا - فاعلن - 212
------
مزید پڑھیے۔۔۔۔

Feb 23, 2016

لغت "معین الادب معروف بہ معین الشعراء" از منشی غلام حسین آفاق بنارسی

ایک دوسری جگہ اس لغت کا تذکرہ آیا ہے تو میں نے یہی بہتر سمجھا کہ اپنے بلاگ پر بھی اس لغت کا تعارف لکھ دوں کہ دیگر دوست بھی اس سے استفادہ کر سکیں۔
 نام ۔ معین الادب معروف بہ معین الشعراء
مصنف۔ منشی غلام حسین آفاق بنارسی
ناشر: سنگ میل، لاہور
سن اشاعت - 2003ء (طبعِ جدید)۔
قیمت - 600 روپے

 الفاظ کی تذکیر و تانیث جاننا اردو زبان کا ایک اہم حصہ ہے اور متنازع فیہ بھی اور وہ اس لیے کہ اہلِ زبان یعنی دہلی اور لکھنو کے اساتذہ ایک ہی لفظ کو مذکر اور مونث دونوں طرح سے استعمال کرتے رہے ہیں اور شاعر حضرات کے لیے اس کو جاننا اور بھی زیادہ ضروری ہے کیونکہ شعر میں اگر کسی لفظ کی جنس غلط باندھ دی جائے تو اس پر اعتراض ضرور وارد ہوتا ہے۔

 اردو قواعد میں تذکیر و تانیث پر باقاعدہ بحث کی جاتی ہے اور الفاظ کی جنس کے اصول بھی بتائے جاتے ہیں۔ لغات میں بھی عام طور پر کسی لفظ کی جنس واضح طور پر لکھی جاتی ہے لیکن جس لغت کا تعارف پیش کیا جا رہا ہے اس کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس میں ہر لفظ کی جنس کی سند میں اساتذہ کے اشعار بیان کیے گئے ہیں اور یہی اس لغت کا سب سے بڑا امتیاز ہے۔

 کتاب کے مصنف، منشی غلام حسین آفاق بنارسی مشہور شاعر جلیل مانک پوری کے شاگرد تھے۔ جلیل مانک پوری نے خود بھی الفاظ کی تذکر و تانیث پر ایک رسالہ لکھا تھا اور ممکن ہے کہ آفاق بنارسی کو اس لغت کا خیال وہیں سے ملا ہو۔

 لغت کی ترتیب کچھ اس طرح سے ہے کہ پہلے لفظ ہے، اُس کے بعد ایک کالم میں اس کی زبان (یعنی کس زبان کا لفظ ہے)، اُس کے بعد اسی لفظ کے اعداد ملفوظی بیان کیے گئے ہیں۔ اور یہ بھی اس لغت کا ایک اہم پہلو ہے کیونکہ الفاظ کے اعداد بھی تاریخ گوئی میں استعمال ہوتے ہیں سو شعرا کے لیے یہ معلومات بھی ایک نعمت ہیں۔ اُس کے بعد اس لفظ کے عام استعمال ہونے والی معنی پھر یہ ذکر کہ یہ لفظ مذکر ہے یا مونث اور اس کے بعد مذکر یا مونث ہونے کی سند میں کسی استاد کا شعر۔ سند کے اشعار، دہلی اور لکھنو دونوں مکاتیب فکر کے شعرا کے ہیں سو اس بات سے اس لغت کی اہمیت میں اور بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ کسی متنازعہ لفظ کی صورت میں اس کی وضاحت حواشی میں کی گئی ہے۔

 دوسری طرف، اس لغت میں الفاظ کی تعداد، عام لغات کے مقابلے میں کم ہے۔ معنی انتہائی محدود اور جو عام استعال میں آتے ہیں بس وہی ہیں اور محاورات وغیرہ بھی نہیں ہیں، بہرحال اس کمی کی وجہ سمجھ میں آتی ہے کہ یہ لغت بنیادی طور تذکیر و تانیث کا احاطہ کرتی ہے۔ بیسیویں صدی کے شروع میں یہ لغت مرتب ہوئی تھی اور سنگِ میل لاہور نے 2003ء میں طبع جدید کے ساتھ اسے شائع کیا تھا۔  کتاب کے کچھ عکس پیش خدمت ہیں۔






مزید پڑھیے۔۔۔۔

Apr 2, 2015

سودا کی اپنی ہی غزل پر تضمین

مرزا رفیع سودا کی یہ غزل بہت مشہور ہے اور یقیناً سودا کو بھی بہت پسند ہوگی اسی لیے اِس پر مخمس کی شکل میں تضمین بھی کہی ہے۔ ملاحظہ کیجیے۔

کرے جو ظلم و ستم کرنے دو، ہوا سو ہوا
جفا و ظلم ستی مت ڈرو، ہوا سو ہوا
یہ میرے غم کی نہ شہرت کرو، ہوا سو ہوا
"جو گزری مجھ پہ مت اُس سے کہو، ہوا سو ہوا
بلاکشانِ محبت پہ جو، ہوا سو ہوا"

اگرچہ روزِ ازل سے تھی میری یہ تقدیر
کہ دامِ عشق میں اپنے کرے مجھے تو اسیر
کرے جو ذبح تو مجھ کو پچھاڑ جوں نخچیر
"مبادا ہو کوئی ظالم ترا گریباں گیر
مرے لہو کو تو دامن سے دھو، ہوا سو ہوا"

وہ کون دن تھا کہ ہم بھی ہوئے تھے یار ترے
کسی طرح سے ترا دل بھی اس جفا سے پھرے
اگر کہے تو یہ آ کر ترے قدم پہ گرے
"خدا کے واسطے آ، درگزر گنہ سے مرے
نہ ہوگا پھر کبھو اے تُند خو، ہوا سو ہوا"

مرزا، رفیع، سودا، مرزا رفیع سودا، اردو شاعری، کلاسیکی اردو شاعری، mirza, rafi, sauda, mirza rafi sauda, classical urdy poetry, urdu poetry

کیے ہیں جن نے دوانے کئی مَلَک یارو
دکھا کے چہرے کی اپنے ٹک اک جھلک یارو
ہوا ہے میرا بھی قاتل وہ یک بیک یارو
"پہنچ چکا ہے سرِ زخم دل تلک یارو
کوئی سیو، کوئی مرہم کرو، ہوا سو ہوا"

دیا ہے آپ سے تم نے جو دل کو اپنے کبھو
تو چاہیے کہ رہو ہاتھ اُس سے بھی تم دھو
عبث ہے یہ کہ جو باتیں کرو ہو تم رو رو
"یہ کون حال ہے احوالِ دل پہ اے آنکھو
نہ پھوٹ پھوٹ کے اتنا بہو، ہوا سو ہوا"

دلوں کے قتل کے تئیں الامان ہے سودا
جنوں کی فوج کا یارو نشان ہے سودا
کِیا جب اُن نے قلندر، ندان ہے سودا
"دیا اُسے دل و دیں اب یہ جان ہے سودا
پھر آگے دیکھیے جو ہو سو ہو، ہوا سو ہوا"

(کلیاتِ سودا، جلد اول)
مزید پڑھیے۔۔۔۔

Dec 11, 2014

اوّل شب وہ بزم کی رونق شمع بھی تھی پروانہ بھی - آرزو لکھنوی

اوّل شب وہ بزم کی رونق شمع بھی تھی پروانہ بھی
رات کے آخر ہوتے ہوتے ختم تھا یہ افسانہ بھی

قید کو توڑ کے نکلا جب میں اُٹھ کے بگولے ساتھ ہوئے
دشتِ عدم تک جنگل جنگل بھاگ چلا ویرانہ بھی

ہاتھ سے کس نے ساغر پٹکا موسم کی بے کیفی پر
اتنا برسا ٹوٹ کے بادل ڈوب چلا مے خانہ بھی

ایک لگی کے دو ہیں اثر اور دونوں حسبِ مراتب ہیں
لو جو لگائے شمع کھڑی ہے ، رقص میں ہے پروانہ بھی

حسن و عشق کی لاگ میں اکثر چھیڑ ادھر سے ہوتی ہے
شمع کا شعلہ جب لہرایا اُڑ کے چلا پروانہ بھی

دونوں جولاں گاہ جنوں ہیں ، بستی کیا ویرانہ کیا
اٹھ کے چلا جب کوئی بگولا دوڑ پڑا ویرانہ بھی

دورِ مسرّت آرزو اپنا کیسا زلزلہ آگیں تھا
ہاتھ سے منہ تک آتے آتے چھُوٹ پڑا پیمانہ بھی

(آرزو لکھنوی)
مزید پڑھیے۔۔۔۔

Sep 7, 2013

غزلِ نظیری نیشاپوری مع اردو ترجمہ - سبزہٴ عیش ز بوم و برِ ہجراں مَطَلب

نظیری نیشاپوری کی ایک غزل کے کچھ اشعار

سبزہٴ عیش ز بوم و برِ ہجراں مَطَلب
نیشکر حاصلِ مصر است ز کنعاں مَطَلب

سبزہٴ عیش ہجر کی ویران اور بنجر زمین سے نہ چاہ، نیشکر مصر کا حاصل ہے اسے کعنان سے طلب نہ کر۔

رَسَنِ زُلف پئے حیلہ ور آویختہ اند
جُز دِلِ تشنہ ازاں چاہِ زَنَخداں مَطَلب

زُلف کی رسی دھوکے اور حیلے سے لٹکائی ہوئی، چاہِ زنخداں (ذقن) سے تشنہ دل کے سوا کچھ نہ طلب کر۔

فرض و سُنّت بتماشائے تو از یادم رفت
پردہ بر رُوئے فگن یا ز من ایماں مَطَلب

تیری دیدار کی وجہ سے میں فرض و سنت سب بھول گیا، یا تو اپنے چہرے پر پردہ ڈال دے یا پھر مجھ سے ایمان طلب نہ کر۔
persian poetry with urdu translation, farsi poetry with urdu translation,naziri nishapuri   ، نظیری نیشاپوری، فارسی شاعری مع اردو ترجمہ

لختِ دل قَوت کُن و شکّرِ احباب مخواہ
دُودِ دل سُرمہ کُن و کُحلِ صفاہاں مَطَلب

اپنے دل کے ٹکڑوں کو ہی اپنی خوارک بنا اور دوسروں کی شکر نہ چاہ، اپنے دل کے دھویں کو سرمہ بنا لے اور اصفاہانی سرمے کی خواہش نہ رکھ۔

آبِ حیواں ز کفِ دُرد کشاں می جوشد
گو خضَر دشت مَپیما و بیاباں مَطَلب

آبِ حیات تو دُرد کشوں کے کف سے اُبلتا ہے، خصر سے کہو کہ دشت پیمائی نہ کر اور بیاباں طلب نہ کر۔

جلوہ از حوصلہ بیش است نظیری، ہُشدار
کشتیِ نوح نشد ساختہ، طوفاں مَطَلب

اے نظیری، جلوہ حوصلے سے کہیں زیادہ ہے، ہوش کر، کشتیِ نوح تو بنائی ہی نہیں سو طوفان طلب نہ کر۔
----

قافیہ - آں یعنی الف، نون  اور ان سے پہلے زبر کی آواز جیسے ہجراں میں راں، کنعاں میں عاں، ایماں میں ماں وغیرہ وغیرہ ۔

ردیف - مَطَلب

بحر - بحرِ رمل مثمن مخبون محذوف مقطوع

افاعیل - فاعِلاتُن فَعِلاتُن فَعِلاتُن فَعلُن
(پہلے رکن فاعلاتن کی جگہ مخبون رکن فعلاتن بھی آسکتا ہے، آخری رکن فعلن کی جگہ فعلان، فَعِلن اور فَعِلان بھی آسکتا ہے یوں آٹھ وزن اکھٹے ہو سکتے ہیں)۔

علامتی نظام - 2212 / 2211 / 2211 / 22
ہندسوں کو اردو کی طرز پر دائیں سے بائیں پڑھیے۔ یعنی 2212 پہلے ہے اور اس میں بھی 12 پہلے ہے۔
(پہلے 2212 کی جگہ 2211 اور آخری 22 کی جگہ 122، 211 اور 1211 بھی آ سکتا ہے)

تقطیع -

سبزہٴ عیش ز بوم و برِ ہجراں مَطَلب
نیشکر حاصلِ مصر است ز کنعاں مَطَلب

سبزَ اے عے - فاعلاتن - 2212
ش ز بومو - فعلاتن - 2211
بَ رِ ہجرا - فعلاتن - 2211
مَ طَلب - فَعِلن - 211

نیشکر حا - فاعلاتن - 2212
صَلِ مصرس - فعلاتن - 2211
ت ز کنعا - فعلاتن - 2211
مَ طَلب - فَعِلن - 211
----

مزید پڑھیے۔۔۔۔

Sep 3, 2013

صائب تبریزی کی ایک غزل مع اردو ترجمہ- آبِ خضر و مئے شبانہ یکیست

صائب تبریزی کی ایک خوبصورت غزل

آبِ خضر و مئے شبانہ یکیست
مستی و عمرِ جاودانہ یکیست

آبِ حیات اور رات کی شراب ایک ہی چیز ہیں، مستی اور عمرِ جاودانہ ایک ہی چیز ہیں۔

بر دلِ ماست چشم خوباں را
صد کماندار را نشانہ یکیست

ہمارے ہی دل پر خوباؤں کی نظر ہے، سینکڑوں کمانداروں کیلیے نشانہ ایک ہی ہے۔

پیشِ آں چشمہائے خواب آلود
نالہٴ عاشق و فسانہ یکیست

اُن خواب آلود آنکھوں کے سامنے، عاشق کا نالہ و فریاد اور افسانہ ایک ہی چیز ہیں۔

کثرتِ خلق، عین توحید است
خوشہ چندیں ہزار و دانہ یکیست

مخلوق کی کثرت عین توحید ہے کہ خوشے چاہے ہزاروں ہوں دانہ تو ایک ہی ہے۔
persian poetry with urdu translation, farsi poetry with urdu translation,Saib Tabrizi,   ، صائب تبریزی، فارسی شاعری مع اردو ترجمہ،
یادگار صائب تبریزی، ایران
پلہٴ دین و کفر چوں میزان
دو نماید، ولے زبانہ یکیست

دین اور کفر کے پلڑے ترازو کی طرح دو ہیں لیکن ان کی سوئی تو ایک ہی ہے۔

عاشقے را کہ غیرتے دارد
چینِ ابرو و تازیانہ یکیست

غیرت مند عاشق کیلیے، محبوب کی چینِ ابرو اور تازیانہ ایک ہی چیز ہیں۔

پیشِ مرغِ شکستہ پر صائب
قفس و باغ و آشیانہ یکیست

صائب، پر شکستہ پرندے کیلیے، قفس اور باغ اور آشیانہ ایک ہی چیز ہیں
----

قافیہ - آنہ یعنی نہ اور اُس سے پہلے الف کی آواز یا حرکت جیسے شبانہ میں بانہ، جاودانہ میں دانہ، نشانہ میں شانہ وغیرہ۔

ردیف -یکیست۔

 بحر - بحر خفیف مسدس مخبون محذوف مقطوع

افاعیل - فاعِلاتُن مُفاعِلُن فَعلُن
(پہلے رکن فاعلاتن کی جگہ مخبون رکن فعلاتن بھی آسکتا ہے، آخری رکن فعلن کی جگہ فعلان، فَعِلن اور فَعِلان بھی آسکتا ہے یوں آٹھ وزن اکھٹے ہو سکتے ہیں)۔ تفصیل کیلیئے میرا مقالہ “ایک خوبصورت بحر - بحر خفیف” دیکھیئے)

علامتی  نظام - 2212 / 2121 / 22
ہندسوں کو اردو رسم الخط کے مطابق پڑھیے یعنی دائیں سے بائیں یعنی 2212 پہلے پڑھیے۔ اور اس میں بھی 12 پہلے ہے۔
(پہلے 2212 کی جگہ 2211 اور آخری 22 کی جگہ 122، 211 اور 1211 بھی آ سکتا ہے)

تقطیع -
آبِ خضر و مئے شبانہ یکیست
مستی و عمرِ جاودانہ یکیست

آبِ خضرو - فاعلاتن - 2212
واضح رہے کہ خضر کا تلفظ حرفِ دوم کی حرکت اور سکون دونوں طرح مستعمل ہے۔
مئے شبا - مفاعلن - 2121
نَ یکیس - فَعِلان - 1211

مستِ یو عم - فاعلاتن - 2212
رِ جاودا - مفاعلن - 2121
نَ یکیس - فَعِلان - 1211
مزید پڑھیے۔۔۔۔

Mar 22, 2013

باپ کا ہے جبھی پسر وارِث - خواجہ الطاف حُسین حالی

باپ کا  ہے جبھی پسر وارِث
ہو ہنر کا بھی اُس کے گر وارِث

گھر ہنر ور کا ناخلف نے لیا
تیرا ہے کون اے ہنر وارث

فاتحہ ہو کہاں سے میّت کی
لے گئے ڈھو کے سیم و زر وارث

ہوں اگر ذوقِ کسب سے آگاہ
کریں میراث سے حذر وارث

خاک و کرمانِ گور و خویش و تبار
ایک میّت اور اس قدَر وارث

واعظو دین کا خدا حافظ
انبیا کے ہو تم اگر وارث

قوم بے پر ہے، دین بے کس ہے
گئے اسلام کے کدھر وارث
Altaf، Hussain، Hali, Altaf Hussain Hali, urdu poetry, poetry, classical urdu poetry, ghazal, خواجہ، الطاف، حسین، حالی، خواجہ الطاف حسین حالی، اردو شاعری، کلاسیکی اردو شاعری، شاعری، غزل, Ilm-e-Arooz, Ilm-e-Urooz, Behr, Taqtee, علم عروض، تقطیع، بھر
Altaf Hussain Hali, خواجہ الطاف حسین حالی
تصویر بشکریہ کرناٹک اردو اکاڈمی، بنگلور

ہم پہ بیٹھے ہیں ہاتھ دھوئے حریف
جیسے مردہ کے مال پر وارث

ترکہ چھوڑا ہے کچھ اگر حالی
کیوں ہیں میّت پہ نوحہ گر وارث

خواجہ الطاف حسین حالی
-----


قافیہ - اَر یعنی رے ساکن اور اُس سے پہلے زبر کی حرکت جیسے پسر میں سَر، گر، ہنر میں نَر، زر، اگر میں گر، وغیرہ۔

ردیف -وارث۔

 بحر - بحر خفیف مسدس مخبون محذوف مقطوع

افاعیل - فاعِلاتُن مُفاعِلُن فَعلُن
(پہلے رکن فاعلاتن کی جگہ مخبون رکن فعلاتن بھی آسکتا ہے، آخری رکن فعلن کی جگہ فعلان، فَعِلن اور فَعِلان بھی آسکتا ہے یوں آٹھ وزن اکھٹے ہو سکتے ہیں)۔ تفصیل کیلیئے میرا مقالہ “ایک خوبصورت بحر - بحر خفیف” دیکھیئے)

علامتی  نظام - 2212 / 2121 / 22
ہندسوں کو اردو رسم الخط کے مطابق پڑھیے یعنی دائیں سے بائیں یعنی 2212 پہلے پڑھیے۔ اور اس میں بھی 12 پہلے ہے۔
(پہلے 2212 کی جگہ 2211 اور آخری 22 کی جگہ 122، 211 اور 1211 بھی آ سکتا ہے)

تقطیع -

باپ کا ہے جبھی پسر وارث
ہو ہنر کا بھی اُس کے گر وارث

باپ کا ہے - فاعلاتن - 2212
جَبی پسر - مفاعلن - 2121
وارث - فعلن - 22

ہو ہنر کا - فاعلاتن - 2212
بِ اُس کِ گر - مفاعلن - 2121
وارث - فعلن - 22
-----


مزید پڑھیے۔۔۔۔