Sep 30, 2008

علامہ اقبال کی ایک فارسی نظم - انقلاب

زبورِ عجم سے انقلاب کے موضوع پر علامہ کی ایک فکر انگیز نظم:
خواجہ از خونِ رگِ مزدور سازَد لعلِ ناب
از جفائے دہ خدایاں کشتِ دہقاناں خراب
انقلاب
انقلاب، اے انقلاب

ترجمہ
سرمایہ دار مزدور کی رگوں کے خون سے خالص لعل بنا رہا ہے اور دیہی خدا/جاگیردار کے ظلم سے کسانوں کے کھیت اجڑ گئے ہیں۔الٹا ڈالو،بدل ڈالو، سب کچھ بدل ڈالو۔

شیخِ شہر از رشتۂ تسبیح صد مومن بَدَام
کافرانِ سادہ دل را برہَمَن زنّار تاب
انقلاب
انقلاب، اے انقلاب

ترجمہ
شہر کے عالم نے تسبیح کے دھاگے سے سینکڑوں مومن باندھے ہوئے ہیں۔ سادہ دل کافروں کیلیے برہمن زنار بنا ہے۔الٹا ڈالو،بدل ڈالو، سب کچھ بدل ڈالو

میر و سلطاں نرد باز و کعبتینِ شان دغل
جانِ محکوماں ز تن بُردَند و محکوماں بخواب
انقلاب
انقلاب، اے انقلاب

ترجمہ
میر اور سلطان چوسر کھیلنے والے ہیں اور بھی ایسی جسکے پانسے دغل ہیں کہ ہر دفع وہ ہی جیتیں۔ وہ محکوموں کی جان تن سے کھینچ لیتے ہیں اور محکوم خواب میں ہیں۔الٹا ڈالو،بدل ڈالو، سب کچھ بدل ڈالو

واعظ اندر مسجد و فرزندِ اُو در مدرسہ
آں بہ پیری کودکے، ایں پیر در عہدِ شباب
انقلاب
انقلاب، اے انقلاب

ترجمہ
واعظ تو مسجد میں ہے اور اسکا بیٹا جدید مدرسے میں۔ وہ بزرگی میں بچہ بنا ہوا ہے اور یہ عین جوانی کے عالم میں بوڑھا ہوگیا ہے۔الٹا ڈالو،بدل ڈالو، سب کچھ بدل ڈالو

اے مسلماناں فغاں از فتنہ ہائے علم و فن
اہرَمَن اندر جہاں ارزان و یزداں دیر یاب
انقلاب
انقلاب، اے انقلاب

ترجمہ
اے مسلمانو، علم و فنون کے فتنوں سے فریاد کرو کہ شیطان تو جہان میں عام ہوگیا ہے اور خدا مشکل سے ملنے والا۔الٹا ڈالو،بدل ڈالو، سب کچھ بدل ڈالو

شوخیٔ باطل نِگَر، اندر کمینِ حق نشست
شپّرازِ کوری شب خونے زَنَد بر آفتاب
انقلاب
انقلاب، اے انقلاب

ترجمہ
باطل کی شوخی تو دیکھ کہ حق کی گھات میں لگا ہوا ہے۔ دن کی اندھی چمگادڑ سورج پر شب خون مار رہی ہے۔الٹا ڈالو،بدل ڈالو، سب کچھ بدل ڈالو
Persian poetry, Persian Poetry with Urdu translation, Farsi poetry, Farsi poetry with urdu translation, Allama Iqbal, علامہ اقبال
علامہ محمد اقبال, Allama Muhammad Iqbal
در کلیسا ابنِ مریم را بدار آویختَند
مُصطفٰی از کعبہ ہجرت کردہ با اُمّ الکتاب
انقلاب
انقلاب، اے انقلاب

ترجمہ
عیسائیوں نے کلیسا میں ابنِ مریم کو سولی پر چڑھا دیا ہے۔ اور محمد (ص) کو کعبہ سے قرآن کے ساتھ ہجرت کرنی پڑی۔الٹا ڈالو،بدل ڈالو، سب کچھ بدل ڈالو

من درونِ شیشہ ہائے عصرِ حاضر دیدہ ام
آنچناں زہرے کہ از وے مارہا در پیچ و تاب
انقلاب
انقلاب، اے انقلاب

ترجمہ
میں نے موجودہ زمانے کے پیالوں میں دیکھا ہے وہ زہر کہ اس کی وجہ سے زہریلے سانپ بھی تڑپ رہے ہیں۔الٹا ڈالو،بدل ڈالو، سب کچھ بدل ڈالو

با ضعیفاں گاہ نیروے پلنگاں می دہند
شعلۂ شاید بروں آید ز فانوسِ حباب
انقلاب
انقلاب، اے انقلاب

ترجمہ
باز دفعہ کمزوروں کو شیروں کا جسم و طاقت مل جاتی ہے۔ شاید پانی کے بلبلوں سے شعلہ برآمد ہو جائے۔الٹا ڈالوبدل ڈالو، سب کچھ بدل ڈالو۔
مزید پڑھیے۔۔۔۔

Sep 17, 2008

میری ایک پرانی غزل

یہ غزل کوئی دو سال پرانی ہے اور اس زمانے کی ہے جب نیا نیا علم عروض سمجھ میں آیا تھا۔ آج کچھ پرانے کاغذات دیکھتے ہوئے سامنے آ گئی تو اسے بغیر نظرِ ثانی کے لکھ رہا ہوں۔

یہ چلَن دنیا میں کتنا عام ہے
ظلم کا تقدیر رکھّا نام ہے

پھول بکھرے ہوئے تُربت پر نئی
اِس کہانی کا یہی انجام ہے

میرے آبا نے کیا تھا جرم جو
اس کا بھی میرے ہی سر الزام ہے

دشت میں اک گھر بنا رہنے کی چاہ
گھر میں بیٹھے ہیں تبھی تو خام ہے

مسکراتے آ رہے ہیں آج وہ
کیا بھلا ہم مفلسوں سے کام ہے
مزید پڑھیے۔۔۔۔

Sep 4, 2008

احمد فراز کی ایک غزل - اے خدا آج اسے سب کا مقدّر کر دے

اے خدا آج اسے سب کا مقدّر کر دے
وہ محبّت کہ جو انساں کو پیمبر کر دے

سانحے وہ تھے کہ پتھرا گئیں آنکھیں میری
زخم یہ ہیں تو مرے دل کو بھی پتھّر کر دے

صرف آنسو ہی اگر دستِ کرم دیتا ہے
میری اُجڑی ہوئی آنکھوں کو سمندر کر دے
Ahmed Faraz, احمد فراز, urdu poetry, urdu ghazal, ilm-e-arooz, taqtee
Ahmed Faraz, احمد فراز

مجھ کو ساقی سے گلہ ہو نہ تُنک بخشی کا
زہر بھی دے تو مرے جام کو بھر بھر کر دے

شوق اندیشوں سے پاگل ہوا جاتا ہے فراز
کاش یہ خانہ خرابی مجھے بے در کر دے
(احمد فراز)
——–
بحر - بحر رمل مثمن مخبون محذوف مقطوع
افاعیل - فاعِلاتُن فَعِلاتُن فَعِلاتُن فَعلُن(پہلے رکن یعنی فاعلاتن کی جگہ مخبون رکن فَعِلاتُن بھی آ سکتا ہے اور آخری رکن یعنی فعلن کی جگہ فعلان، فَعِلُن اور فَعِلان بھی آ سکتے ہیں گویا آٹھ اوزان اس بحر میں جمع ہو سکتے ہیں)
اشاری نظام - 2212 2211 2211 22
(پہلے 2212 کی جگہ 2211 اور آخری 22 کی جگہ 122، 211 اور 1211 بھی آ سکتے ہیں)
تقطیع:
اے خدا آج اسے سب کا مقدّر کر دے
وہ محبّت کہ جو انساں کو پیمبر کر دے
اے خدا آ - فاعلاتن - 2212
ج ا سے سب - فعلاتن - 2211
کَ مُ قد در - فعلاتن - 2211
کر دے - فعلن - 22
وہ محّبت - فاعلاتن - 2212
کِ جُ انسا - فعلاتن - 2211
کُ پیمبر - فعلاتن - 2211
کر دے - فعلن - 22
مزید پڑھیے۔۔۔۔

Sep 2, 2008

میں روزے سے ہوں - سیّد ضمیر جعفری

سید ضمیر جعفری اردو ادب کا ایک بہت بڑا اور معتبر نام ہیں، انکی شاعری ‘طنزیہ و مزاحیہ’ شاعری میں اپنا ایک الگ مقام رکھتی ہے۔ رمضان کے حوالے سے سید ضمیر جعفری کے گہرے طنز کے حامل اشعار:
مجھ سے مت کر یار کچھ گفتار، میں روزے سے ہوں
ہو نہ جائے تجھ سے بھی تکرار، میں روزے سے ہوں

ہر اک شے سے کرب کا اظہار، میں روزے سے ہوں
دو کسی اخبار کو یہ تار، میں روزے سے ہوں

میرا روزہ اک بڑا احسان ہے لوگوں کے سر
مجھ کو ڈالو موتیے کے ہار، میں روزے سے ہوں

میں نے ہر فائل کی دمچی پر یہ مصرعہ لکھ دیا
کام ہو سکتا نہیں سرکار، میں روزے سے ہوں
Syyed Zamir Jafari, سیّد ضمیر جعفری, Urdu Peotry, Ilm-e-Arooz, Taqtee, اردو شاعری
Syyed Zamir Jafari, سیّد ضمیر جعفری
اے مری بیوی مرے رستے سے کچھ کترا کے چل
اے مرے بچو ذرا ہوشیار، میں روزے سے ہوں

شام کو بہرِ زیارت آ تو سکتا ہوں مگر
نوٹ کرلیں دوست رشتہ دار، میں روزے سے ہوں

تو یہ کہتا ہے لحن تر ہو کوئی تازہ غزل
میں یہ کہتا ہوں کہ برخوردار، میں روزے سے ہوں
(سید ضمیر جعفری)
——–
بحر - بحر رمل مثمن محذوف
افاعیل - فاعِلاتُن فاعِلاتُن فاعِلاتُن فاعِلُن(آخری رکن یعنی فاعلن کی جگہ فاعلان بھی آ سکتا ہے)
اشاری نظام - 2212 2212 2212 212
(آخری 212 کی جگہ 1212 بھی آ سکتا ہے)
تقطیع:
مجھ سے مت کر یار کچھ گفتار، میں روزے سے ہوں
ہو نہ جائے تجھ سے بھی تکرار، میں روزے سے ہوں
مج سِ مت کر - فاعلاتن - 2212
یار کچ گف - فاعلاتن - 2212
تار مے رو - فاعلاتن - 2212
زے سِ ہو - فاعلن - 212
ہو نَ جائے - فاعلاتن - 2212
تج سِ بی تک - فاعلاتن - 2212
رار مے رو - فاعلاتن - 2212
زے سِ ہو - فاعلن - 212
مزید پڑھیے۔۔۔۔