Jan 12, 2013

کُوچہٴ دلبر میں مَیں، بُلبُل چمن میں مست ہے - غزلِ آتش

کُوچہٴ دلبر میں مَیں، بُلبُل چمن میں مست ہے
ہر کوئی یاں اپنے اپنے پیرہن میں مست ہے

نشّہٴ دولت سے منعم پیرہن میں مست ہے
مردِ مفلس حالتِ رنج و محن میں مست ہے

دورِ گردوں ہے خداوندا کہ یہ دورِ شراب
دیکھتا ہوں جس کو میں اس انجمن میں مست ہے

آج تک دیکھا نہیں یاں آنکھوں نے روئے خمار
کون مجھ سا گنبدِ چرخِ کہن میں مست ہے

گردشِ چشمِ غزالاں، گردشِ ساغر ہے یاں
خوش رہیں اہلِ وطن، دیوانہ بن میں مست ہے

Khwaja Haider Ali Aatish, خواجہ حیدر علی آتش، Urdu Poetry, Urdu Shairi, Urdu Ghazal, Ilm-e-Arooz, Ilm-e-Urooz, Taqtee, Behr, اردو شاعری، اردو غزل، علم عروض، تقطیع، بحر
Khwaja Haider Ali Aatish, خواجہ حیدر علی آتش

ہے جو حیرانِ صفائے رُخ حلب میں آئنہ
بوئے زلفِ یار سے آہو ختن میں مست ہے

غافل و ہشیار ہیں اُس چشمِ میگوں کے خراب
زندہ زیرِ پیرہن، مردہ کفن میں مست ہے

ایک ساغر دو جہاں کے غم کو کرتا ہے غلط
اے خوشا طالع جو شیخ و برہمن میں مست ہے

وحشتِ مجنوں و آتش میں ہے بس اتنا ہی فرق
کوئی بن میں مست ہے کوئی وطن میں مست ہے

خواجہ حیدر علی آتش
-------

قافیہ - مَن یعنی نون ساکن اور اس سے پہلے زبر کی آواز جیسے چمن میں من، پیرہن میں ہن محن میں حن، انجمن میں من، بن وغیرہ۔

ردیف - میں مست ہے۔

بحر - بحر رمل مثمن محذوف

 افاعیل: فاعلاتُن فاعلاتن فاعلاتن فاعلن
آخری رکن فاعلن میں مسبغ رکن فاعلان بھی آ سکتا ہے جیسے تیسرے شعر کے پہلے مصرعے کے الفاظ "دورِ شراب" میں ٹکڑے "رے شراب" کی تقطیع فاعلان ہوگی، وغیرہ۔

علامتی نظام - 2212 2212 2212 212
ہندسوں کو اردو طرز پر پڑھیے یعنی دائیں سے بائیں یعنی 2212 پہلے ہے اور اس میں بھی 2 پہلے اور 1 بعد میں ہے۔ آخری 212 کی جگہ 1212 بھی آ سکتا ہے۔

تقطیع -

کُوچہٴ دلبر میں مَیں، بُلبُل چمن میں مست ہے
ہر کوئی یاں اپنے اپنے پیرہن میں مست ہے

کُوچہ اے دل - فاعلاتن - 2212
بر مِ مےبُل - فاعلاتن - 2212
بُل چمن مے - فاعلاتن - 2212
مست ہے - فاعلن - 212

ہر کُ ئی یا - فاعلاتن - 2212
اپ نِ اپنے - فاعلاتن - 2212
پیرہن مے - فاعلاتن - 2212
مست ہے - فاعلن - 212
-----
مزید پڑھیے۔۔۔۔