یادش بخیر، شاید میٹرک میں تھا کہ والد صاحب مرحوم نے تحفے میں ملی ہوئی ایک ڈائری مجھے عنایت کردی۔ چند دن تک تو ڈائری یونہی پڑی رہی، پھر سوچا کے اس میں کچھ لکھا جائے، سو سب سے پہلے 'خود ساختہ' محبت کی روداد لکھنے کی سوجھی!
لکھنے کا سوچا تو خیال آیا کہ اگر کسی نے پڑھ لی تو قیامت آ جائے گی، عمران سیریز پڑھنے کا اثر تو تھا ہی ذہن پر، سو فیصلہ کیا کہ اسے کسی کوڈ میں لکھا جائے اور وہ یہ کے ہر لفظ کو الٹا لکھ دو، ابھی شاید ایک جملہ ہی لکھا ہوگا کہ غبارے میں سے ہوا نکل گئی کہ یہ تو بہت آسان ہے، اسے مشکل بناؤ۔ جمع، نفی، ضرب اور تقسیم کو نمبر لگائے اور پھر ان کو حروفِ تہجی پر تقسیم کر کے علامتیں بنا لیں اور ان علامتوں میں لکھنا شروع کیا۔ روداد اسطرح خاک لکھتا ایک ایک جملہ لکھنے کیلیے گھنٹوں لگ جاتے تھے سو تائب ہو گیا۔
خیر، کالج پہنچا اور کچھ شعور آیا تو ایک دوسری ڈائری خریدی، اور اس میں اپنی بے وزن اور بے تکی شاعری لکھنی شروع کی، لیکن اس میں کافی مکالمے بھی لکھے تھے۔
یہ مکالمے چار اشخاص کے درمیان تھے، ایک وہ جو اپنا نصاب دل لگا کر پڑھتا تھا، دوسرا وہ جو اردو شعر و ادب و مطالعہ سے جنون کی حد تک محبت کرتا تھا اور چاہتا تھا کہ ہر وقت غیر نصابی کتب ہی پڑھی جائیں، تیسرا وہ جو یار باش تھا اور رات دیر گئے تک سیالکوٹ کینٹ کے ہوٹلوں میں دوستوں کے ساتھ بیٹھ کر چائے اور سگریٹ پیتا تھا۔ تینوں کے شوق الگ تھے سو ایک دوسرے سے نالاں تھے، اور چوتھا انکا اجتماعی ضمیر تھا جو تھا تو مردہ لیکن ہمیشہ کفن پھاڑ کر بولتا تھا۔
یہ ڈائری کئی سال میرے پاس رہی لیکن لاہور میں ہاسٹل میں کہیں گم ہو گئی اور میرا ڈائری لکھنا بھی ہمیشہ کیلیے موقوف ہو گیا اور پھر کوئی بارہ برس کے بعد، جو کہ بہت سے بزرگوں کے نزدیک ایک منزل ہوتی ہے، میرے ہاتھ یہ بلاگ لگا اور اب مجھے ایسے ہی لگتا ہے کہ اپنی ڈائری ہی لکھ رہا ہوں اور شاید ہے بھی ایسا ہی، ہاں فرق ہے تو اتنا کہ ڈائری کبھی چھپ چھپ کر تنہائیوں میں لکھا کرتا تھا اور بلاگ بقولِ شاعر:
ہم نے تو دل جلا کے سرِ عام رکھ دیا
حضور! آپ نے تو لڑکپن سے ہی انکرپشن شروع کر دی تھی۔ سبحان اللہ!
ReplyDeleteمحبت کی انکپٹڈ داستان
والسلام
فاتح
نوازش قبلہ، اور بلاگ پر تشریف لانے کیلیے بہت شکریہ آپ کا۔
ReplyDeleteبہت خوب وارث بھائی کافی منفرد انداز میں ڈائری لکھنی شروع کی ، میں نے کئی بار ڈائری لکھنے کی کوشش کی لیکن اج تک نہیں لکھ سکی ۔
ReplyDeleteبہت اچھا بلاگ لکھ رہے ہیں، مبارکباد قبول کیجئے ، امید ھے مزید دلچسپ تحریریں پڑھنے کو ملتی رہیں گی ۔
بلاگ پر خوش آمدید زونی اور بہت شکریہ آپ کا، انشاءاللہ مقدور بھر بلاگ پر لکھتا رہونگا۔
ReplyDelete