Jul 24, 2012

روش روش پہ ہیں نکہت فشاں گُلاب کے پھول- مجید امجد

مجید امجد کی ایک خوبصورت غزل

روش روش پہ ہیں نکہت فشاں گُلاب کے پھول
حسیں گلاب کے پھول، ارغواں گُلاب کے پھول

اُفق اُفق پہ زمانوں کی دُھند سے اُبھرے
طیور، نغمے، ندی، تتلیاں، گلاب کے پھول

کس انہماک سے بیٹھی کشید کرتی ہے
عروسِ گُل بہ قبائے جہاں، گلاب کے پھول

جہانِ گریۂ شبنم سے کس غرور کے ساتھ
گزر رہے ہیں، تبسّم کناں، گلاب کے پھول

یہ میرا دامنِ صد چاک، یہ ردائے بہار
یہاں شراب کے چھینٹے، وہاں گلاب کے پھول

کسی کا پھول سا چہرہ اور اس پہ رنگ افروز
گندھے ہوئے بہ خمِ گیسواں، گلاب کے پھول

خیالِ یار، ترے سلسلے نشوں کی رُتیں
جمالِ یار، تری جھلکیاں گلاب کے پھول

Majeed Amjad, مجید امجد, Ilm-e-Arooz, Ilm-e-Urooz, Taqtee, Behr, Urdu Poetry, Urdu Shairi, اردو شاعری، علم عروض، تقطیع، بحر، بحر مجتث
Majeed Amjad, مجید امجد

مری نگاہ میں دورِ زماں کی ہر کروٹ
لہو کی لہر، دِلوں کا دھواں، گلاب کے پھول

سلگتے جاتے ہیں چُپ چاپ ہنستے جاتے ہیں
مثالِ چہرہِ پیغمبراں گلاب کے پھول

یہ کیا طلسم ہے یہ کس کی یاسمیں باہیں
چھڑک گئی ہیں جہاں در جہاں گلاب کے پھول

کٹی ہے عمر بہاروں کے سوگ میں امجد
مری لحد پہ کھلیں جاوداں گلاب کے پھول

(مجید امجد)
-----

قافیہ - آں یعنی الف نون غنہ اور ان سے پہلے زبر کی آواز جیسے فشاں، ارغواں، تتلیاں، دھواں وغیرہ۔

ردیف - گلاب کے پھول

بحر - بحرِ مجتث مثمن مخبون محذوف مقطوع

افاعیل: مَفاعِلُن فَعِلاتُن مَفاعِلُن فَعلُن
(آخری رکن فعلن کی جگہ فعلان، فَعِلُن اور فعِلان بھی آ سکتے ہیں)

علامتی نظام - 2121 / 2211 / 2121 / 22
ہندسوں کو اردو کی طرز پر یعنی دائیں سے بائیں پڑھیے یعنی 2121 پہلے ہے اور اس میں بھی 1 پہلے ہے۔
(آخری رکن میں 22 کی جگہ 122، 211 اور 1211 بھی آ سکتے ہیں)

پہلے شعر کی تقطیع -

روش روش پہ ہیں نکہت فشاں گُلاب کے پھول
حسیں گلاب کے پھول، ارغواں گُلاب کے پھول

روش روش - مفاعلن - 2121
پ ہِ نکہت - فعلاتن - 2211
فشا گلا - مفاعلن - 2121
ب کِ پھول - فَعِلان - 1211

حسی گلا - مفاعلن - 2121
ب کِ پھولر - فعلاتن - 2211، الف کا وصال یا سقوط ہوا ہے۔
غوا گلا - مفاعلن - 2121
ب کِ پھول - فَعِلان - 1211
------

متعلقہ تحاریر : اردو شاعری, اردو غزل, بحر مجتث, تقطیع, مجید امجد

6 comments:

  1. مری نگاہ میں دورِ زماں کی ہر کروٹ
    لہو کی لہر، دِلوں کا دھواں، گلاب کے پھول!۔
    واہ جی واہ۔ بہت عمدہ ہے۔

    ReplyDelete
  2. واہ بہت خوبصورت غزل کا انتخاب کیا ہے۔

    ایک ایک شعر لاجواب ہے۔

    ReplyDelete
  3. بہت خوب وااااہ
    لا جواب
    زبردست
    وااااااہ

    ReplyDelete
  4. یہ میرا دامنِ صد چاک، یہ ردائے بہار
    یہاں شراب کے چھینٹے، وہاں گلاب کے پھول
    کوئی اس شعر کی تشریح کر کے دے سکتا ہے .شکریہ

    ReplyDelete