Sep 19, 2017

کہتے ہیں اِک فریبِ مُسلسل ہے زندگی ۔ اصغر گونڈوی

 آلامِ روزگار کو آساں بنا دیا
جو غم ہوا اُسے غمِ جاناں بنا دیا

میں کامیابِ دید بھی، محرومِ دید بھی
جلووں کے اژدہام نے حیراں بنا دیا

یوں مسکرائے جان سی کلیوں میں پڑ گئی
یوں لب کشا ہوئے کہ گُلِستاں بنا دیا

کچھ شورشوں کی نذر ہوا خونِ عاشقاں
کچھ جم کے رہ گیا اسے حرماں بنا دیا

اے شیخ، وہ بسیط حقیقت ہے کفر کی
کچھ قیدِ رسم نے جسے ایماں بنا دیا

کچھ آگ دی ہوس میں تو تعمیر عشق کی
جب خاک کر دیا اسے عِرفاں بنا دیا

کیا کیا قُیود دہرمیں ہیں، اہلِ ہوش کے
ایسی فضائے صاف کو زنداں بنا دیا

اک برق تھی ضمیر میں فِطرت کے موجزن
آج اس کو حُسن و عشق کا ساماں بنا دیا

مجبوریِ حیات میں رازِ حیات ہے
زنداں کو میں نے روزنِ زنداں بنا دیا

وہ شورشیں، نظامِ جہاں جن کے دم سے ہے
جب مختصر کِیا انہیں انساں بنا دیا

Urdu Poetry, Classical Urdu Poetry, Urooz, Arooz, Taqtee, Urdu Meters
ہم اس نِگاہِ ناز کو سمجھے تھے نیشتر
تم نے تو مسکرا کے رگِ جاں بنا دیا

بلبل بہ آہ و نالہ و گُل مستِ رنگ و بُو
مجھ کو شہیدِ رسمِ گُلِستاں بنا دیا

کہتے ہیں اِک فریبِ مُسلسل ہے زندگی
اس کو بھی وقفِ حسرت و حرماں بنا دیا

عالَم سے بے خبربھی ہوں، عالَم میں بھی ہوں میں
ساقی نے اِس مقام کو آساں بنا دیا

اس حُسنِ کاروبار کو مستوں سے پوچھیئے
جس کو فریبِ ہوش نے عصیاں بنا دیا

اصغر گونڈوی
-------
قافیہ - آں یعنی الف نون غنہ ساکن اور الف سے پہلے زبر کی حرکت جیسے آساں میں ساں، جاناں میں ناں، گلستان میں تاں، حرماں میں ماں وغیرہ۔

ردیف - بنا دیا

بحر - بحر مضارع مثمن اخرب مکفوف محذوف

 افاعیل: مَفعُولُ فاعِلاتُ مَفاعِیلُ فاعِلُن
آخری رکن میں‌ فاعلن کی جگہ فاعلان بھی آسکتا ہے۔

علامتی نظام - 122 / 1212 / 1221 / 212
ہندسوں کو اردو کی طرز پر دائیں سے بائیں پڑھیے۔ یعنی 122 پہلے ہے اور اس میں بھی 22 پہلے ہے۔
(آخری رکن میں‌ 212 کی جگہ 1212 بھی آ سکتا ہے)

 تقطیع -

آلامِ روزگار کو آساں بنا دیا
جو غم ہوا اُسے غمِ جاناں بنا دیا

آلام - مفعول - 122
روزگار - فاعلات - 1212
کُ آسا بَ - مفاعیل - 1221
نا دیا - فاعلن - 212

جو غم ہُ - مفعول - 122
وا اُسے غَ - فاعلات - 1212
مِ جانا بَ - مفاعیل - 1221
نا دیا - فاعلن - 212
------

متعلقہ تحاریر : اردو شاعری, اردو غزل, اصغر گونڈوی, بحر مضارع, تقطیع, کلاسیکی اردو شاعری

8 comments:

  1. عالَم سے بے خبربھی ہوں، عالَم میں بھی ہوں میں
    ساقی نے اِس مقام کو آساں بنا دیا

    آہا ہا ہا ۔ ۔ ۔

    کیا انتخاب ہے محترم ۔۔ اعلی ۔۔ ۔ ۔ ہر اک شعر مزہ دیتا گیا

    جزاک اللہ

    ReplyDelete
  2. وا اُسے غَ - فاعلات - 1212
    مِ جانا بَ - مفاعیل - 1221
    اس تقطیع کے لئے ممنون ہوں

    محبتوں کے ساتھ

    ReplyDelete