شاہ نیاز احمد بریلوی (رح) سلسلہٴ چشتیہ نظامیہ کے ایک نامور صوفی تھے لیکن اس کے ساتھ ساتھ وہ اردو اور فارسی کے بہت اچھے شاعر بھی تھے۔ اور دہلی میں نامور اردو شاعر اور مسلم الثبوت استاذ، مصحفی کے استاذ تھے جیسا کہ مصحفی نے خود اپنی کتاب "ریاض الفصحاء" میں ذکر کیا ہے۔ انہی شاہ نیاز کی ایک خوبصورت فارسی غزل آپ دوستوں کی خدمت میں پیش کررہا ہوں جو کہ صوفیا کے مشہور و معروف نظامِ فکر "ہمہ اوست" کی نمائندگی کرتی ہے اور جس کی بازگشت عراقی اور رومی سے لیکر متاخرین تک کے تمام صوفی شعراء کے کلام میں دیکھی جا سکتی ہے۔
شاہ نیاز کی یہ غزل، پروفیسر خلیق احمد نظامی نے اپنی مشہور کتاب "تاریخِ مشائخِ چشت" میں درج کی ہے۔ شاہ صاحب کی شاعری اور مصحفی کا ذکر کرتے ہوئے لکھتے ہیں۔۔۔۔
"جب مصحفی لکھنؤ چلے گئے اور ان کے شاعرانہ کمالات کا شہرہ شاہ صاحب رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ کے کانوں تک پہنچا تو اپنی ایک غزل مصحفی کو لکھ کر بھیجی۔"
نظامی صاحب نے یہ غزل بغیر اردو ترجمے کے درج کی ہے سو ترجمہ لکھ رہا ہوں اور کسی کمی بیشی کیلیے پیشگی معذرت خواہ ہوں۔
کسیکہ سرّ ِ نہاں است۔۔۔۔۔۔۔۔ہمہ اُوست
عروسِ خلوت و ہم شمعِ انجمن ہمہ اُوست
افسوس کہ یہ خوبصورت مطلع، مصرعِ اولیٰ کے ایک یا دو الفاظ نہ ہونے کی وجہ سے نامکمل ہے۔ ہو سکتا ہے کہ پروفیسر نظامی صاحب کو بھی یہ مصرع مکمل نہ ملا ہو یا پھر ناشر کی کارستانی بھی ہو سکتی ہے۔ سننے میں آیا ہے کہ شاہ نیاز کا دیوان شائع ہو چکا ہے لہذا دوستوں سے گذارش ہے کہ اگر کسی کے پاس شاہ نیاز کا دیوان ہو اور اس میں یہ غزل ہو تو مکمل مصرع عطا فرما کر مشکور ہوں۔ دوسرے مصرعے کا مطلب کچھ یوں ہے کہ تنہائی کی رونق اور سرخوشی بھی وہی ہے اور شمعِ انجمن بھی وہی ہے۔
ز مصحفِ رُخِ خوباں ہمیں موذِ رقم
کہ خط و خال و رُخ و زلفِ پُر شکن ہمہ اُوست
رُخِ خوباں کے مصحف پر یہی رقم ہے کہ خط و خال اور رخ اور زلفِ پُر شکن سبھی کچھ وہی ہے۔ موذ لفظ باوجود تلاش کے کسی لغت میں نہیں ملا، اسکا مطلب کسی دوست کے علم میں ہو تو مطلع فرما کر مشکور ہوں۔
نظر بہ عیب مکن در ظہورِ باغِ وجود
کہ طوطیانِ چمن و زاغ و ہم زغن ہمہ اُوست
اس وجود کے گلستان کے ظاہر پر عیب کی نظر مت ڈال کہ طوطیان چمن بھی وہی ہے اور زاغ و زغن بھی وہی ہے۔
از سرّ ِ عشق چو واقف شوی، یقیں دانی
کہ قیس و لیلیٰ و شیریں و کوہ کن ہمہ اُوست
جب تُو عشق کے اسرار سے واقف ہو جائے تو یقین کر لے کہ قیس بھی وہی ہے اورو لیلیٰ بھی، شیریں بھی وہی ہے اور فرہاد بھی۔
مزار شاہ نیاز احمد، بریلی، ہندوستان Mazar Shah Niaz Ahmed |
صنم پرست و صنم گر و صنم شکن ہمہ اُوست
میں نے صنم خانے میں صنم کی زبان سے سنا ہے کہ صنم پرست بھی وہی ہے اور صنم گر بھی وہی ہےا ور صنم شکن بھی وہی ہے۔
رساند مطربِ خوش گو ہمیں ندا در گوش
کہ چوب و تار و صدائے تنن تنن ہمہ اُوست
مطربِ خوش گو کی یہی آواز ہمارے کانوں تک پہنچی ہے کہ (ساز کی ) چوب بھی وہی ہے اور تار بھی اور صدائے تنن تنن بھی وہی ہے۔
---------
مولا آپ کا عشق سلامت رکھے وارث بھائی
ReplyDeleteنوازش آپ کی محترم۔
ReplyDeleteبہت خوب انتخاب ہے برادرم وارث،
ReplyDeleteپوچھنا تھا کہ جدید اردو نثر میں لفظ استاذ مستعمل ہے یا استاد؟
شکریہ عدنان صاحب۔ مستعمل تو استاد ہی ہے لیکن آپ جانتے ہی ہیں کہ یہ لفظ بہت عامیانہ معنوں میں بلکہ طنز اور تحقیر کے طور پر بھی استعمال ہوتا ہے اور بہت ہوتا ہے لہذا احتیاط کے طور میں استاذ لکھتا ہوں، اور اسکے ساتھ مجھے وہی عظمت جڑی ہوئی دکھائی دیتی ہے جو واقعی کسی استاد کے شایانِ شان ہوتی ہے، خیر۔۔۔۔۔
ReplyDeleteوالسلام
اسلام علیکم
ReplyDelete,اللہ آپ کے ذوق کو سلامت رکھے
کسیکہ سرّ نہالست رد علن ہمہ اُوست
عروسِ خلوت و ہم شمعِ انجمن ہمہ اُوست
نوازش آپ کی محترم، بہت شکریہ۔
Delete