Oct 2, 2012

ہر غنچہ لب سے عشق کا اظہار ہے غَلَط - مومن خان مومن

ہر غنچہ لب سے عشق کا اظہار ہے غَلَط
اس مبحثِ صحيح کی تکرار ہے غَلَط

کہنا پڑا درست کہ اتنا رہے لحاظ
ہر چند وصلِ غير کا انکار ہے غلط

کرتے ہيں مجھ سے دعویِ الفت، وہ کيا کريں
کيونکر کہيں مقولہٴ اغيار ہے غلط

يہ گرم جوشياں تری گو دل سے ہوں ولے
تاثیرِ نالہ ہائے شرر بار ہے غلط

کرتے ہو مجھ سے راز کی باتیں تم اس طرح
گويا کہ قولِ محرمِ اسرار ہے غلط

Momin Khan Momin, مومن خان مومن، Ilm-e-Arooz, Ilm-e-Urooz, Urdu Poetry, Urdu Shairy, Urdu Ghazl, Taqtee, Behr, علم عروض، تقطیع، اردو شاعری، اردو غزل
Momin Khan Momin, مومن خان مومن

اٹھ جا کہاں تلک کوئی باتيں اٹھائے گا
ناصح تو خود غلط تری گفتار ہے غلط

سچ تو يہ ہے کہ اس بُتِ کافر کے دور ميں
لاف و گزافِ مومنِ ديندار ہے غلط

----

قافیہ - آر یعنی الف اور رے ساکن اور ان سے پہلے زبر کی آواز جیسے اظہار میں ہار، تکرار میں رار، انکار میں کار، شرر بار میں بار وغیرہ۔

ردیف - ہے غلط

بحر - بحر مضارع مثمن اخرب مکفوف محذوف

 افاعیل: مَفعُولُ فاعِلاتُ مَفاعِیلُ فاعِلُن
آخری رکن میں‌ فاعلن کی جگہ فاعلان بھی آسکتا ہے، جیسے اس غزل کے دوسرے شعر کے پہلے مصرعے میں لفظ لحاظ آیا ہے اور الفاظ "رہے لحاظ" میں ٹکڑا "ہے لحاظ" فاعلان پر تقطیع ہوگا۔

علامتی نظام - 122 / 1212 / 1221 / 212
ہندسوں کو اردو کی طرز پر دائیں سے بائیں پڑھیے۔ یعنی 122 پہلے ہے اور اس میں بھی 22 پہلے ہے۔
(آخری رکن میں‌ 212 کی جگہ 1212 بھی آ سکتا ہے)

 تقطیع -

ہر غنچہ لب سے عشق کا اظہار ہے غلط
اس مبحثِ صحيح کی تکرار ہے غلط

ہر غنچَ - مفعول - 122
لب سِ عشق - فاعلات - 1212
کَ اظہار - مفاعیل - 1221
ہے غلط - فاعلن - 212

اس مبحَ - مفعول - 122
ثے صحیح - فاعلات - 1212
کِ تکرار - مفاعیل - 1221
ہے غلط - فاعلن - 212
----

متعلقہ تحاریر : اردو شاعری, اردو غزل, بحر مضارع, تقطیع, کلاسیکی اردو شاعری, مومن خان مومن

0 تبصرے:

:)) ;)) ;;) :D ;) :p :(( :) :( :X =(( :-o :-/ :-* :| 8-} :)] ~x( :-t b-( :-L x( =))

Post a Comment

اس بلاگ پر اردو میں لکھے گئے تبصروں کو دل و جان سے پسند کیا جاتا ہے، اگر آپ کے پاس اردو لکھنے کیلیے فونیٹک یا کوئی دیگر اردو 'کی بورڈ' نہیں ہے تو آپ اردو میں تبصرہ لکھنے کیلیے ذیل کے اردو ایڈیٹر (سبز رنگ کے خانے) میں تبصرہ لکھ کر اسے نیچے والے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کر دیں، اردو ایڈیٹر لوڈ ہونے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے جس کیلیے آپ سے معذرت۔ اردو ایڈیٹر بشکریہ نبیل حسن نقوی۔