Oct 8, 2012

اے تیرِ غمت را دلِ عُشّاق نشانہ - غزل مولانا ہلالی استر آبادی مع اردو ترجمہ

اے تیرِ غمَت را دلِ عُشّاق نشانہ
خلقے بتو مشغول و تو غائب ز میانہ

اے کہ تیرے غم کے تیر کا نشانہ عشاق کا دل ہے، ساری خلقت تجھ میں مشغول ہے اور تو درمیان سے غائب ہے۔

مجنوں صِفَتَم در بدر و خانہ بخانہ
شاید کہ ببینم رُخِ لیلیٰ بہ بہانہ

میں، مجنوں کی طرح در بدر اور خانہ بخانہ (پھرتا ہوں) شاید کہ کسی بہانے ہی سے رخ لیلیٰ کا دیدار ہو جائے۔

گہ معتکفِ مسجد و گہ ساکنِ دیرَم
یعنی کہ ترا می طلبم خانہ بخانہ

کبھی میں مسجد میں حالتِ اعتکاف میں ہوں اور کبھی مندر کا ساکن ہوں، یعنی میں خانہ بخانہ تیرا ہی طالب ہوں (کہ مسجد و مندر میں تو ہی ہے)-

حاجی بہ رہِ کعبہ و من طالبِ دیدار
اُو خانہ ہمی جوید و من صاحبِ خانہ

حاجی کعبے کا مسافر ہے اور میں تیرے دیدار کا طالب ہوں، یعنی وہ تو گھر ڈھونڈتا ہے اور میں گھر والے کو۔

تقصیرِ ہلالی بہ اُمیدِ کرمِ تُست
یعنی کہ گنہ را بہ ازیں نیست بہانہ

ہلالی کی تقصیروں کو تیرے کرم کی ہی امید ہے یعنی کہ گناہوں کیلیے اس سے بہتر کوئی بہانہ نہیں ہے۔

مولانا ہلالی اَستر آبادی
----

قافیہ - آنہ یعنی الف نون اور ہائے ہوز ساکن اور الف سے پہلے زبر کی آواز۔ جیسے نشانہ میں شانہ، میانہ میں یانہ، بہانہ میں ہانہ اور خانہ۔ واضح رہے کہ الف سے پہلے ہمیشہ زبر کی آواز ہی ہوتی ہے۔

ردیف - اس غزل کی ردیف نہیں ہے یعنی یہ غزل غیر مُردّف ہے۔

بحر - بحرِ ہزج مثمن اخرب مکفوف محذوف

 افاعیل: مَفعُولُ مَفَاعیلُ مَفَاعیلُ فَعُولُن
آخری رکن فعولن کی جگہ مسبغ رکن فعولان بھی آ سکتا ہے۔ جیسے چوتھے شعر کے پہلے مصرعے میں "طالبِ دیدار" میں جز "بِ دیدار" فعولان کے وزن پرں تقطیع ہوگا۔ اسی طرح مقطع کے پہلے مصرعے میں بھی۔

علامتی نظام - 122 / 1221 / 1221 / 221
(آخری رکن 221 کی جگہ 1221 بھی آ سکتا ہے)
ہندسوں کو اردو رسم الخظ کے مطابق یعنی دائیں سے بائیں پڑھیے یعنی  122 پہلے ہے اور اس میں بھی 2 پہلے ہے۔

 تقطیع -


اے تیر غمَت را دلِ عُشّاق نشانہ
خلقے بتو مشغول و تو غائب ز میانہ

اے تیر - مفعول - 122
غمت را دِ - مفاعیل - 1221
لِ عشّاق - مفاعیل - 1221
نشانہ - فعولن - 221

خلقے بَ - مفعول - 122
تُ مشغول - مفاعیل - 1221
تُ غائب ز - مفاعیل - 1221
میانہ - فعولن - 221
----

متعلقہ تحاریر : بحر ہزج, بحر ہزج مثمن اخرب مکفوف محذوف, تقطیع, فارسی شاعری, ہلالی استر آبادی

1 comment:


  1. مجنوں صِفَتَم در بدر و خانہ بخانہ
    شاید کہ ببینم رُخِ لیلیٰ بہ بہانہ

    میں، مجنوں کی طرح در بدر اور خانہ بخانہ (پھرتا ہوں) شاید کہ کسی بہانے ہی سے رخ لیلیٰ کا دیدار ہو جائے۔

    سبحان اللہ

    ReplyDelete