Dec 29, 2012

جو دلوں کو فتح کر لے، وہی فاتحِ زمانہ - جگر مرادآبادی

یہ فلک یہ ماہ و انجم، یہ زمین یہ زمانہ
ترے حُسن کی حکایت، مرے عشق کا فسانہ

یہ ہے عشق کی کرامت، یہ کمالِ شاعرانہ
ابھی مُنہ سے بات نکلی، ابھی ہو گئی فسانہ

یہ علیل سی فضائیں، یہ مریض سا زمانہ
تری پاک تر جوانی، ترا حُسنِ معجزانہ

یہ مرا پیام کہنا تُو صبا مؤدّبانہ
کہ گزر گیا ہے پیارے، تجھے دیکھے اِک زمانہ

مجھے چاکِ جیب و دامن سے نہیں مناسبت کچھ
یہ جُنوں ہی کو مبارک، رہ و رسمِ عامیانہ

تجھے حادثاتِ پیہم سے بھی کیا ملے گا ناداں؟
ترا دل اگر ہو زندہ، تو نفَس بھی تازیانہ

تری اِک نمود سے ہے، ترے اِک حجاب تک ہے
مری فکرِ عرش پیما، مرا نازِ شاعرانہ

وہ ادائے دلبری ہو کہ نوائے عاشقانہ
جو دلوں کو فتح کر لے، وہی فاتحِ زمانہ
Jigar Muradabadi, جگر مُرادآبادی، Urdu Poetry, Urdu Shairi, Urdu Ghazal, Ilm-e-Arooz, Ilm-e-Urooz, Taqtee, Behr, اردو شاعری، اردو غزل، علم عروض، تقطیع، بحر
Jigar Muradabadi, جگر مُرادآبادی

یہ ترا جمالِ کامل، یہ شباب کا زمانہ
دلِ دشمناں سلامت، دلِ دوستاں نشانہ

کبھی حُسن کی طبیعت نہ بدل سکا زمانہ
وہی نازِ بے نیازی، وہی شانِ خسروانہ

مجھے عشق کی صداقت پہ بھی شک سا ہو چلا ہے
مرے دل سے کہہ گئی کیا، وہ نگاہِ ناقدانہ

تجھے اے جگر ہوا کیا کہ بہت دنوں سے پیارے
نہ بیانِ عشق و مستی، نہ حدیثِ دلبرانہ
-----

قافیہ - آنہ یعنی ا ن ہ اور اس سے پہلے زبر کی آواز جیسے زمانہ میں مانہ، فسانہ میں سانہ، معجزانہ میں زانہ، عامیانہ میں یانہ وغیرہ۔

ردیف - اس غزل کی کوئی ردیف نہیں یعنی یہ غزل غیر مردف ہے۔

بحر - بحر رمل مثمن مشکول

 افاعیل: فَعِلاتُ فاعلاتُن / فَعِلاتُ فاعلاتُن
یہ ایک مقطع بحر ہے یعنی ہر مصرع دو مساوی ٹکڑوں میں تقسیم ہوتا ہے اور ہر ٹکڑا بھی ایک مصرعے کے حکم میں آ سکتا ہے یعنی اس میں عملِ تسبیغ کیا جا سکتا ہے یعنی ہر فاعلاتن کو فاعلاتان بنایا جا سکتا ہے۔

علامتی نظام -  1211 2212 / 1211 2212
ہندسوں کو اردو طرز پر پڑھیے یعنی دائیں سے بائیں یعنی 1211 کا ٹکڑا پہلا ہے اور اس میں بھی 11 پہلے ہے۔ ہر 2212 کو 12212 بنایا جا سکتا ہے۔

تقطیع -

یہ فلک یہ ماہ و انجم، یہ زمین یہ زمانہ
ترے حُسن کی حکایت، مرے عشق کا فسانہ

ی فلک ی - فعلات - 1211
ماہ انجم - فاعلاتن - 2212
ی زمین - فعلات - 1211
یہ زمانہ - فاعلاتن - 2212

ترِ حُسن - فعلات - 1211
کی حکایت - فاعلاتن - 2212
مرِ عشق - فعلات - 1211
کا فسانہ - فاعلاتن - 2212
----

متعلقہ تحاریر : اردو شاعری, اردو غزل, بحر رمل, بحر رمل مثمن مشکول, تقطیع, جگر مرادآبادی

8 comments:

  1. قافیہ اور ردیف تو اتنا گہرائی سےدماغ میں نہیں بیٹھتا لیکن جگر صاحب کا یہ کلام واقعی نایاب ہے۔۔۔ بہت شکریہ جی :)

    ReplyDelete
    Replies
    1. جی یہ غزل واقعی لاجواب ہے، شکریہ آپ کا تشریف آوری کیلیے فضل دین صاحب۔

      Delete
  2. آپ کا انتہائی مشکور ہوں ...ممنون بھی ہونا چاہتا تھا لیکن کچھ آئینی دشواریاں ہیں - سلامت رہیں

    ReplyDelete