فیض احمد فیض اور احمد فراز اردو شاعری کے دو بہت بڑے نام ہیں، ان دونوں شاعروں کی دو دلچسپ اور مشہور و معروف غزلیں جو ایک ہی زمین میں ہیں۔
غزلِ فیض
بے دم ہوئے بیمار دوا کیوں نہیں دیتے
تم اچّھے مسیحا ہو شفا کیوں نہیں دیتے
دردِ شبِ ہجراں کی جزا کیوں نہیں دیتے
خونِ دلِ وحشی کا صلہ کیوں نہیں دیتے
مٹ جائے گی مخلوق تو انصاف کرو گے
منصف ہو تو اب حشر اٹھا کیوں نہیں دیتے
فیض احمد فیض, Faiz Ahmed Faiz |
ہاں نغمہ گَرَو ساز صدا کیوں نہیں دیتے
پیمانِ جنوں ہاتھوں کو شرمائے گا کب تک
دل والو، گریباں کا پتا کیوں نہیں دیتے
بربادیٔ دل جبر نہیں فیض کسی کا
وہ دشمنِ جاں ہے تو بُھلا کیوں نہیں دیتے
———————
غزلِ فراز
خاموش ہو کیوں دادِ جفا کیوں نہیں دیتے
بسمل ہو تو قاتل کو دعا کیوں نہیں دیتے
وحشت کا سبب روزنِ زنداں تو نہیں ہے
مہر و مہ و انجم کو بجھا کیوں نہیں دیتے
احمد فراز, Ahmed Faraz |
اے چارہ گرو، درد بڑھا کیوں نہیں دیتے
منصف ہو اگر تم تو کب انصاف کرو گے
مجرم ہیں اگر ہم تو سزا کیوں نہیں دیتے
رہزن ہو تو حاضر ہے متاعِ دل و جاں بھی
رہبر ہو تو منزل کا پتا کیوں نہیں دیتے
کیا بیت گئی اب کے فراز اہلِ چمن پر
یارانِ قفس مجھ کو صدا کیوں نہیں دیتے
———————
بحر - بحرِ ہزج مثمن اخرب مکفوف محذوف
(دونوں غزلیں ایک ہی بحر میں ہیں)
افاعیل: مَفعُولُ مَفَاعیلُ مَفَاعیلُ فَعُولَن
(آخری رکن فعولن کی جگہ فعولان یعنی مفاعیل بھی آ سکتا ہے)
اشاری نظام - 122 1221 1221 221
(آخری رکن 221 کی جگہ 1221 بھی آ سکتا ہے)
تقطیع -
بے دم ہوئے بیمار دوا کیوں نہیں دیتے
تم اچّھے مسیحا ہو شفا کیوں نہیں دیتے
بے دم ہُ - مفعول - 122
ء بیمار - مفاعیل - 1221
دوا کو نَ - مفاعیل - 122
ہِ دیتے - فعولن - 221
تم اچ چ - مفعول - 122
مسیحا ہُ - مفاعیل - 1221
شفا کو نَ - مفاعیل - 1221
ہِ دیتے - فعولن - 221
متعلقہ تحاریر : احمد فراز,
اردو شاعری,
اردو غزل,
بحر ہزج,
بحر ہزج مثمن اخرب مکفوف محذوف,
تقطیع,
فیض احمد فیض
0 تبصرے:
Post a Comment
اس بلاگ پر اردو میں لکھے گئے تبصروں کو دل و جان سے پسند کیا جاتا ہے، اگر آپ کے پاس اردو لکھنے کیلیے فونیٹک یا کوئی دیگر اردو 'کی بورڈ' نہیں ہے تو آپ اردو میں تبصرہ لکھنے کیلیے ذیل کے اردو ایڈیٹر (سبز رنگ کے خانے) میں تبصرہ لکھ کر اسے نیچے والے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کر دیں، اردو ایڈیٹر لوڈ ہونے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے جس کیلیے آپ سے معذرت۔ اردو ایڈیٹر بشکریہ نبیل حسن نقوی۔