Jun 4, 2009

مہربان

اس 'دشتِ بلاگران' میں ہمیں بھی ایک سال ہو گیا ہے، مئی 2008ء میں یہ بلاگ بنایا تھا اور اب الحمدللہ ایک سال مکمل ہوا۔ کیا کھویا کیا پایا کا سوال میرے لیے اہم نہیں ہوتا کہ سفر کرنا ہی اصل شرط ہے لیکن نشیب و فراز تو انسانی زندگی کا حصہ ہیں سو اس بلاگ کے ساتھ بھی شامل رہے۔ بلاگ کی دنیا میں وارد ہونے سے پہلے تقریباً ایک سال میں 'اردو محفل' پر گزار چکا تھا یعنی اردو محفل کا رکن بنے ہوئے دو سال ہو گئے ہیں کہ وہاں مئی 2007ء میں شمولیت حاصل کی تھی اور یوں وہاں دو سال مکمل ہوئے، الحمدللہ۔
اوّل اوّل تو بلاگ کی مجھے سمجھ ہی نہیں آتی تھی کہ یہ کیا 'بلا' ہوتے ہیں، جب سمجھ آ گئی تو کچھ عرصہ خاموش قاری بنا رہا اور پھر حق الیقین کا علم حاصل کرنے کیلیے 'راوی' میں کود پڑا اور اس میں سب سے مشکل مرحلہ پچھلے سال دسمبر میں آیا جب اردو ٹیک پر ہمارا بلاگ ڈبکیاں لگانے لگا اور میں نے 'تیراکی' سے توبہ کر لی لیکن بہت شکریہ برادرم نبیل حسن نقوی کا جنہوں نے میری ہمت بندھائی اور بار بار اس فیصلے کو تبدیل کرنے کا مشورہ دیا اور بہت شکریہ زیک کا کہ انکی محنت کی وجہ سے مجھے اور اردو ٹیک پر موجود تقریباً تمام بلاگرز کو 'ڈیٹا' واپس مل گیا۔ پھر برادرم نبیل نے بلاگ سپاٹ کیلیے سانچوں یا تھیمز کا اردو ترجمہ کیا اور آج آپ بلاگ سپاٹ پر دیکھ سکتے ہیں کہ کافی اردو بلاگرز انہوں سانچوں کو استعمال کر رہے ہیں۔ اور یوں اس سال فروری میں اس بلاگ کی ہجرت اردو ٹیک سے بلاگ سپاٹ پر ہو گئی۔ برادرم نبیل نے بلاگ سپاٹ پر ایک اور بہت بڑے مسئلے کو حل کر دیا، بلاگ سپاٹ پر اردو ایڈیٹر نہیں تھا اس لیے ان قارئین کو جو تبصرہ کرنا چاہتے تھے کسی نہ کسی اردو 'کی بورڈ' کی ضرورت پڑتی تھی لیکن آج آپ یہ بھی دیکھ سکتے ہیں کہ بلاگ سپاٹ پر ہمارے بلاگ سمیت دیگر کئی اردو بلاگز پر اردو ایڈیٹر موجود ہے اور قارئین بغیر کسی دشواری کے اردو میں تبصرہ لکھ سکتے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ، یہاں پر یہ بھی 'اعتراف' کرنا چاہوں گا کہ بلاگ کی دنیا میں وارد ہونے کے بعد بہت اچھے احباب اور دوستوں سے واسطہ پڑا۔ گو ہمارے بلاگ پر تشریف لانے والے زائرین کی تعداد اس ایک سال میں 10 فی یومیہ کے حساب سے تقریباً چار ہزار ہے اور ظاہر ہے اس میں بھی بہت سے اتفاقیہ یا بھولے بھٹکے تشریف لانے والے ہیں اور مستقل قارئین کی تعداد دونوں ہاتھوں کی پوروں پر بآسانی گنی جا سکتی ہے لیکن پھر بھی میرے لیے مسرت کی بات ہے کہ کم از کم کوئی تو ہے جو جنگل میں اس مور کے ناچ کو دیکھ رہا ہے اور میں اس موقعہ پر ان سب دوستوں اور قارئین کا شکریہ ادا کرنا بھی اپنا فرض سمجھتا ہوں کہ انکی اس بلاگ پر آمد اور مفید تبصروں سے مجھے بہت کچھ سیکھنے اور اس بلاگ کو بہتر بنانے میں بہت مدد ملتی ہے۔
اپنے بلاگ کے متعلق زائرین اور قارئین کے رائے جاننا بھی ہر بلاگر کی ایک خواہش ہوتی ہے سو اس کو جاننے کیلیے اپنے بلاگ پر ایک رائے شماری لگا رکھی ہے کہ "آپ کو میرا بلاگ کیسا لگا؟"۔ اب تک اس میں 54 ووٹ ڈالے گئے جن میں تین تو میرے اپنے تھے، دو اس وقت ڈالے جب اس رائے شماری کو اردو ٹیک والے بلاگ پر لگایا تھا اور ایک اس وقت جب بلاگ کو یہاں پر منتقل کیا یہ دیکھنے کیلیے کہ یہ پول صحیح کام کر رہا ہے یا نہیں، اپنے ووٹس اگر نکال دوں تو نتیجہ کچھ یوں ہے۔
لاجواب - 35
اچھا - 14
بس ٹھیک ہے - 1
بُرا - 0
انتہائی بُرا - 1
کل ووٹس - 51
گویا تقریباً 97 فیصد رائے دینے والوں نے اس بلاگ کو پسند کیا جس کیلیے میں ان کا شکر گزار ہوں، یہ احباب کون تھے مجھے کچھ علم نہیں کیونکہ پول فری سروس کا ہے اور اس میں آئی پی ایڈریس وغیرہ جاننے کی سہولت نہیں ہے لیکن بہرحال سب کی نوزاش ہے۔لیکن مجھے تلاش اس 'مہربان' کی ہے جسں نے اپنا ووٹ "انتہائی بُرا" کو دیا، کاش وہ کچھ بتا جاتے لیکن خیر وہ خوش رہیں، انکا اسی بات کیلیے شکریہ کہ وہ "دانا دشمن" والی بات کر گئے اور اس بلاگ کو مزید بہتر بنانے کی ہماری خواہش کو شدید تر کر گئے اور خواجہ حیدر علی آتش کا یہ شعر انہی مہربان کے نام
غم و غصّہ و رنج و اندوہ و حرماں
ہمارے بھی ہیں مہرباں کیسے کیسے

متعلقہ تحاریر : میری یادیں

29 comments:

  1. نجانے کیوں مجھے آج آپ کے طرز تحریر پر ابوالکلام آزاد کی چھاپ نظر آ رہی ہے :)
    خیر، بلاگ کی دنیا میں گزرا پہلا سال بہت مبارک ہو۔ میرے خیال میں اردو بلاگنگ میں اگر موضوعاتی بلاگنگ کی بات کی جائے تو آپ کا بلاگ گنے چنے بلاگز میں سے ایک ہوگا۔ باقی سب تو میری طرح ادھر ادھرکی ہانکتے رہتے ہیں۔ ٹک کر کسی ایک موضوع پر لکھنے کا کارنامہ صرف چند بلاگرز ہی نے انجام دیا ہے جن میں آپ بھی شامل ہیں۔
    مجھے بہت خوشی محسوس ہوتی ہے جب آپ جیسے وسیع المطالعہ افراد اردو بلاگنگ کرتے ہیں۔ میری آپ سے گزارش ہے کہ اگر گراں نہ گزرے تو کتب پر تبصروں کا ایک سلسلہ بھی شروع کریں۔
    آخر میں ایک مرتبہ پھر پہلی سالگرہ پر ڈھیروں مبارکاں!

    ReplyDelete
  2. بہت شکریہ فہد صاحب، نوازش۔
    اور جہاں تک مولانا آزاد والی بات ہے تو قبلہ میں خوب جانتا ہوں کہ ‘چہ نسبت خاک را بہ عالمِ پاک‘ :)
    کتب پر تبصرے والی بات پر، دل کو دل سے راہ ہوتی ہے کہوں یا یہ کہوں کہ آپ نے میرے منہ کی بات چھین لی، دو تین ماہ ہوئے یہ خیال میرے ذہن میں ہے اور دو کتب پر ادھورے تبصرے بھی لکھ رکھے ہیں بس عدیم الفصرتی اور اپنی کم مائیگی کے احساس کی بنا پر انہیں پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکا بہرحال انشاءاللہ لکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔
    ایک بار پھر بہت شکریہ آپ کا تبصرے کیلیے۔

    ReplyDelete
  3. جناب عالی بلاگ کی پہلی سالگرہ مبارک ہو.. آپ کا بلاگ بلاشبہ ایک بہترین اردو بلاگ کہلائے جانے کا مستحق ہے اور آپ کی بلاگ دنیا میں موجودگی ہم سب کے لیے ایک نعمت کبری کا درجہ رکھتی ہے. امید ہے یونہی اردو سے اپنی لگن کا اظہار کرتے رہیں گے.

    ReplyDelete
  4. السلام علیکم
    سر بلاگ کی پہلی سالگرہ مبارک ہو
    آپ کا بلاگ مجھ جیسے کم علم کے لیے بہت معلوماتی ہے ماشاءاللہ آپ کا بلاگ بہت خوب ہے اور آپ نے یہاں بہت تفصیل ہر تحریر پیش کی جو ہمیں سمجھنے میں آسانی ہوتی ہے

    اب بات ووٹ کی کرتا ہوں بخدا میں وہ نہیں ہوں میں نے تو ایک بھی ووٹ نہیں دیا اور ویسے بھی مجھے ابھی ابھی پتہ چلا ہے آپ نے ووٹ کا سلسلہ بھی شروع کیا تھا ہی ہی ہی
    نوائے ادب

    ReplyDelete
  5. بلاگ کی سالگرہ مبارک جناب
    اور دیر سے مبارکباد دینے پر معذرت بھی
    کیا کروں اتنا پھنسا ہوا ہوں کہ بلاگنگ کی طرف دھیان دینے کے لئے بھی زبردستی فرصت نکالنا پڑتی ہے
    اور یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ہم مور کا ناچ دیکھتے رہے ہیں
    اور افسوس بھی کہ ہمیں اس کا علم تک نا ہو سکا :(

    ReplyDelete
  6. بہت شکریہ قبلہ راشد صاحب، ذرّہ نوازی ہے آپ کی۔
    خرم شکریہ، اور آپ کی بات سے یہ بھی علم ہوا کہ ہو سکتا ہے بہت سے قارئین کا دھیان ہی اس رائے شماری کی طرف نہ جاتا ہو۔
    ڈفر بھائی بہت شکریہ آپ کا نوازش، بھیّا ہم سب بھی عجب ‘مور‘ ہیں، اپنا ناچ دوسروں کو دکھاتے بھی ہیں اور پھر انکا ناچ خود دیکھتے بھی ہیں :)

    ReplyDelete
  7. مکرمی و محترمی جناب ! قبلہ محمد وارث صاحب السلام علیکم!
    کے بعد از خیریت کے عرض ہے کہ محترم اپنی ایک تازہ غزل بھیج رہا ہوں
    براہِ کرم اس پر اپنی عمیق نظر ڈال کر ناچیز کی حوصلہ افزائی فرماویں۔۔۔۔۔۔۔
    ع نگاہوں میں ہوتا ہے لازم شرم ٹُک
    مگر میری نظروں میں ہے یہ جرم ٹُک

    مجھے تم سے کوئی نہیں ہے گلہ پر
    خدارا تُو بھی تو مرا رکھ بھرم ٹُک

    وفاؤں کے بدلے جفا کرنے والے
    محبت میں ہوتا ہے لازم دھرم ٹُک

    ستم چاہے جتنے ہوں اہلِ نظر پر
    مگر ہو عنایت نگاہِ کرم ٹُک

    غُصیلی نگاہیں زباں میں حرارت
    نیر تُو کبھی رکھ طبیعت نرم ٹُک
    (نعمان نیر کلاچوی سینئر ایڈیٹر روزنامہ درپن لاہور اینڈ ڈیرہ اسمٰعیل خان)

    ReplyDelete
  8. دلی مبارکباد
    بلاگ کی پہلی سالگرہ پر
    کتابوں پر تبصرے والی بات بھولیے گا نہیں
    انتظار رہے گا

    ReplyDelete
  9. وارث بھائی! بلاگنگ کی دنیا میں ایک سال مکمل ہونے پر بہت بہت دلی مبارک باد. شکر ہے کہ آپ جیسے قابل افراد نے بلاگنگ کے دائرے میں قدم رکھ کر اردو بلاگنگ کی شان بڑھائی.
    دعا گو

    ReplyDelete
  10. محترمی وارث صاحب
    آداب وسلامِ مسنون
    اردو اظہاریہ نویسی میں ایک سال کا عرصہ گرہ بند ہونے پر صمیمِ قلب سے مبارکباد وصول کیجے آپ کا بلاگ واحد بلاگ ہے جسے میں اپنے بلاگ پر جانے کے بعد سب سے پہلے دیکھتا ہوں یعنی جتنی بار مجھےآپ کے بلاگ کی زیارت نصیب ہوئی اتنی ہی بات بار میں اپنے بلاگ پر گیا ہوں، اس عدیم الفرصتی کے دور میں آپ مسلسل چراغ جلائے ہوئے یہ آپ کی علم و ادب سے روح کے رشتے پر دلیل ہے ، کوئی ڈیڑھ سال سے آپ سے شرفِ کلام حاصل ہے اس عرصے میں مجھ ایسے کوڑھ مغز کو بھی بہت کچھ سیکھنےکو ملا ، میں اگر شمار کرنا شروع کروں تو دفتر درکار ہوگا، ایک بار پھر صمیمِ قلب سے مبارکباد ، گر قبول افتد زہے عزو شرف، انتہائی برا کا ووٹ آپ میرے حصے میں شامل کرلیں ، کہ میری رائے میں بلاگ کا صوری حسن اس میں پیش کردہ کام پر ارتکاز میں آڑے آتا ہے ۔ یا ممکن ہے میں نے ایسا محسوس کیا ہو۔ بہر کیف۔ مولیٰ سلامت رکھے ، آپ یوں ہی چراغ جلانے کا عمل جاری رکھیں۔

    والسلام

    ReplyDelete
  11. نوازش آپ سب کی۔
    جعفر بہت شکریہ، ضرور لکھنے کا ارادہ ہے گو یہ علیحدہ بات کہ میرے ارادے اور اس پر عمل کا دورانیہ بعض اوقات سالوں پر چلا جاتا ہے۔
    عمار، نوازش آپ کی۔
    مغل صاحب قبلہ محبت ہے آپ کی، اور معذرت خواہ ہوں کہ آپ کو بلاگ کی آرائش پسند نہیں آئی، دیکھتا ہوں اس کو کیسے بہتر کیا جا سکتا ہے۔

    ReplyDelete
  12. نعمان نیّر کلاچوی صاحب ماشاءاللہ بہت اچھی غزل ہے آپ کی، اچھے اشعار ہیں۔ لیکن یہ میری بددیانتی اور آپ کے ساتھ دشمنی ہوگی اگر میں کچھ غلطیوں کی نشاندہی نہ کروں۔
    دیکھیئے، مطلع میں آپ نے شرم اور جرم قافیے باندھے ہیں اور اسی طرح مقطع میں نرم، یہ سب صحیح ہوتے اگر انکا تلفظ شرَم، جرَم اور نرَم ہوتا لیکن انکا صحیح تلفظ رے ساکن کے ساتھ ہے یعنی شر،م - جر،م - اور نر،م اور یوں نہ صرف انکا قافیہ دھرم، بھرم اور کرم کے ساتھ نہیں ہو سکتا بلکہ اس وجہ سے یہ دونوں اشعار بحر سے بھی خارج ہو کر مذکورہ اشعار کو بے وزن کر رہے ہیں۔ اسکے ساتھ ساتھ مقطع میں آپ کا تخلص، نیّر، بھی نیر یعنی بغیر تشدید کے بندھا ہے اور وزن کو خراب کر رہا ہے، باقی تین اشعار باوزن بھی ہیں اور خوبصورت بھی۔
    امید ہے کہ اپنی کاوش جاری رکھیں گے اور کسی بھی وضاحت کی صورت میں ضرور لکھیئے گا۔
    نیازمند

    ReplyDelete
  13. بہت مبار ہو سالگرہ بلاگ کی ۔ ميں تو اپنے کمپيوٹر کے چکر ميں رہا اور دير ہو گئي جس کے لئے معذرت

    ميں نے ايک اور سوال پوچھا ہے اپنے بلاگ پر ۔ اُميد ہے جلد مہرباني فرمائيں گے

    ReplyDelete
  14. مکرمی و محترمی جناب عزت ماٰب محمد وارث صاحب ! سدا سکھی رہو (آمین)
    السلام علیکم ! کے بعد
    سب سے پہلے تو آپ میری جانب سے اپنے بلاگ کا ایک سال مکمل ہونے پر تہہ دل سے مبارک باد قبول فرماویں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    بعد ازاں آپ نے میری ناقص غزل کی جو تصحیح کی ہے وہ بلاشبہ آپکی ہمدردی اور خصوصی توجہ کا واضح ثبوت ہے ، غزل لکھ چکنے کے بعد مجھے بھی تھوڑا بہت شبہ ہوا مگر شاید کہ میں نے بے توجہی کا مظاہرہ کیا ہے ۔۔۔ بہر حال آپ نے جس طرف میری توجہ دلا ئی ہے بے شک آپ کا ناچیز پر ایک بہت بڑا احسان ہے اور امید ہے کہ بالکل اسی طرح آپ ناچیز کی حوصلہ افزائی فرماتے رہیں گے۔۔۔۔

    نعمان نیر کلاچوی سینیئر ایڈیٹر روزنامہ درپن لاہور اینڈ ڈیرہ اسمٰعیل خان

    ReplyDelete
  15. بہت شکریہ محترم اجمل صاحب اور کلاچوی صاحب، نوازش۔

    ReplyDelete
  16. محترم قبلہ ! محمد وارث صاحب حفظہ اللہ تعالٰی
    السلام علیکم ! کے بعد از خیریت کے عرض خدمت ہے کہ
    قبلہ ! آپ سے ایک گزارش محض اس بناء پر کر رہا ہوں کہ
    آپ ضرور پوری فرماویں گے، قبلہ ! گزراش خدمت ہے کہ
    براہ کرم ہمیں آپ کوئی ایسا مختصر کلیہ بتا دیں یا اسکی
    وضاحت فرمادیں کہ جس کے ذریعے سے ہم تقریبا ہر مبزون
    کلام کی بحر معلوم کر سکیں ۔۔۔۔۔۔۔ امید واثق ہے کہ اپنےمحترم
    ضرور جواب سے مرحمت فرماویں گے۔۔۔۔
    نعمان نیر کلاچوی سینیئر ایڈیٹر روزنامہ درپن لاہور اینڈ ڈیرہ اسمٰعیل خان

    ReplyDelete
  17. کلاچوی صاحب ، اس میں مختصر ترین طریقہ یہی ہے کہ آپ کو کم از کم ہر رکن اور زیادہ استعمال ہونے والی بحریں (تقریباً 37 بحریں اردو کی 90 سے 95 فیصدشاعری میں استعمال ہوئی ہیں، کل مستعمل بحریں 100 کے قریب ہیں) کو پہچانتے ہوں تو پھر ہر شعر آپ کی نظر یا آپ کے ذہن میں آنے کے بعد خود بولے گا کہ وہ کس بحر میں ہے۔
    میں آپ کی تڑپ سمجھ سکتا ہوں کہ یہی حال تین سال قبل میرا تھا اور کوئی بتانے والا بھی نہیں تھا فقط اللہ کی مہربانی شاملِ حال تھی جس نے مجھے مطالعہ کی توفیق دی، اور اب میری کوشش یہی ہے کہ کچھ ایسے انداز میں لکھوں کہ پڑھنے اور سمجھنے والے اس سمجھ سکیں۔
    آپ سے گزارش یہ ہے کہ میرے ساتھ ساتھ رہیئے، کچھ تعارفی تحاریر میں لکھ چکا ہوں، ان کو ایک نظر دیکھ لیں اور آئندہ تحاریر کا مطالعہ کرتے رہیے، انشاءاللہ تعالیٰ آپ اس علم کو بآسانی سیکھ جائیں گے۔

    ReplyDelete
  18. وارث صاحب خوب سے خوب تر کی کھوج جاری رکھیں۔ علم عروض پر مجھے نیٹ پر دو کتابیں ملی ہیں۔ شائقین کے لیے لنک یہ ہیں:
    ّ(۱) فاعلات از محمد یعقوب آسی
    http://www.iqbalcyberlibrary.net/Urdu-Books/969-416-206-005/#Full_Book_Index_
    (۲)
    ّURDU METER A PRACTICAL HANDBOOK BY PRITCHETT & KHALIQ

    http://www.columbia.edu/itc/mealac/pritchett/00ghalib/meterbk/00_index.html
    آپ نے غزل اور شاعری پر بہت لکھا ہے، ہو سکے تو "غزل اس نے چھیڑی مجھے ساز دینا" کے مترادف موسیقی کی مبادیات پر بھی کھبی کچھ لکھیے کیونکہ شاعری اور موسیقی کا چولی دامن کا ساتھ ہے.

    ReplyDelete
  19. السلام علیکم جناب محمد وارث صاحب۔
    میں آپ کے بلاگ کا خاموش قاری ہوں ۔ آپ کی کسی پوسٹ پر کبھی رائے نہیں دے سکا کیونکہ اسکی کی وجہ اردو کے میدان میں اپنی کم علمی تھی مگر آپ کے بلاگ کی سالگرہ کے موقع پر میں اپنے آپ کو روک نہیں سکا۔ جناب میری طرف سے آپ اپنے بلاگ کی سالگرہ کی مبارک قبول کیجئے اور میری درخواست ہے کہ ایسا ہی خوبصورت لکھتے رہیں۔

    آپ کا بلاگ لاجواب ہے اور جہاں تک بات ہے "انتہائی برا" والی رائے کی تو جناب وہ شخص یا تو اردو سے واقف نہیں ہو گا اور "تُکے" سے ووٹ ڈال گیا ہو گا یا اس کے سسٹم میں نستعلیق فو نٹ نہیں ہو گا ۔ خیر آپ کو اس شرارت پر دھیان دینے کی ضرورت نہیں۔

    ReplyDelete
  20. بہت شکریہ اسرار الحق صاحب اور سعد۔
    اسرار صاحب، دونوں کتابیں انتہائی مفید ہیں اور میرے مطالعے میں رہی ہیں اور میں نے اس بلاگ کی سائیڈ بار میں روابط - علمِ عروض کے تحت انکے ربط بھی دے رکھے ہیں۔ جہاں تک موسیقی کی بات ہے تو میرا کل علم شنیدنی ہے یا ایک آدھ کتاب کے مطالعے تک، ظاہر ہے کچھ لکھنے سے معذور ہوں۔
    سعد، بلاگ پر خوش آمدید، امید ہے یہاں تشریف لا کر حوصلہ افزائی فرماتے رہیں گے۔

    ReplyDelete
  21. اردو کے چند اچھے بلاگز میں بلاشبہ آپکا بلاگ بھی شامل ہے۔ سالگرہ کی مبارکباد، امین ہے یونہی لکھتے رہیں گے۔
    دعا گو
    فیصل

    ReplyDelete
  22. بہت شکریہ شاہ فیصل صاحب، نوازش آپ کی۔

    ReplyDelete
  23. وارث صاحب ، اس میں شک نہیں کہ اردو شعر و ادب کے حوالے سے آپ کا بلاگ نہایت عمدہ اور منفرد ہے. پہلی سالگرہ مبارک ہو.

    ReplyDelete
  24. بہت شکریہ آپ کا حیدر آبادی صاحب، نوازش محترم۔

    ReplyDelete
  25. مبارک باد ۔ ۔بلاگ کے ایک سال کے ہونے پر

    موضوعاتی تحاریر کے حوالے سے بلاگ پر بہت عمدہ لکھا گیا ہے جسے باقاعدگی سے ُرھا جاتا ہے پر تبصرہ نہیں لکھ پاتی ۔ ۔

    امید

    ReplyDelete
  26. بہت شکریہ امید، نوازش۔

    ReplyDelete
  27. میری ٹرین پھر لیٹ ہو گئی ہمیشہ کی طرح۔ :(
    بلاگ کی سالگرہ بہت مبارک ہو وارث۔ ماشاءاللہ ایک سال میں ہی آپ کے بلاگ کا شمار اردو کے بہترین بلاگز ہونے لگا ہے۔ مزید ترقی کے لئے نیک خواہشات۔
    انتظار رہے گا کہ کب آپ کسی کتاب پر تبصرہ لکھتے ہیں۔

    ReplyDelete
  28. شکریہ فرحت، نوازش۔
    لکھنا تو بہت کچھ چاہتا ہوں لیکن عدیم الفرصتی اور صحت نے تنگ کر رکھا ہے مستزاد اس پہ لوڈ شیڈنگ۔

    ReplyDelete