Aug 30, 2012

اس کی عادت بھی آدمی سی ہے - غزلِ گلزار

شام سے آنکھ میں نمی سی ہے
آج پھر آپ کی کمی سی ہے

دفن کردو ہمیں کہ سانس ملے
نبض کچھ دیر سے تھمی سی ہے

کون پتھّرا گیا ہے آنکھوں میں
برف پلکوں پہ کیوں جمی سی ہے

وقت رہتا نہیں کہیں ٹک کر
اس کی عادت بھی آدمی سی ہے

Urdu Poetry, Urdu Ghazal, Ilm-e-Arooz, Ilm-e-Urooz, Taqtee, اردو شاعری، اردو غزل، علم عروض، تقطیع, Gulzar, گلزار
Gulzar, گلزار

کوئی رشتہ نہیں رہا پھر بھی
ایک تسلیم لازمی سی ہے

آئیے راستے الگ کر لیں
یہ ضرورت بھی باہمی سی ہے

گلزار
----

قافیہ - آمی یعنی می اور اس سے پہلے زبر کی آواز جیسے نمی، کمی، آدمی میں دَمی وغیرہ۔

ردیف - سی ہے

 بحر - بحر خفیف مسدس مخبون محذوف مقطوع

افاعیل - فاعِلاتُن مُفاعِلُن فَعلُن
(پہلے رکن فاعلاتن کی جگہ مخبون رکن فعلاتن بھی آسکتا ہے، آخری رکن فعلن کی جگہ فعلان، فَعِلن اور فَعِلان بھی آسکتا ہے یوں آٹھ وزن اکھٹے ہو سکتے ہیں)۔ تفصیل کیلیئے میرا مقالہ “ایک خوبصورت بحر - بحر خفیف” دیکھیئے)

علامتی  نظام - 2212 2121 22
ہندسوں کو اردو رسم الخط کے مطابق پڑھیے یعنی دائیں سے بائیں یعنی 2212 پہلے پڑھیے۔ اور اس میں بھی 12 پہلے ہے۔
(پہلے 2212 کی جگہ 2211 اور آخری 22 کی جگہ 122، 211 اور 1211 بھی آ سکتا ہے)

تقطیع -

شام سے آنکھ میں نمی سی ہے
آج پھر آپ کی کمی سی ہے

شام سے آ - فاعلاتن - 2212
ک مے نمی - مفاعلن - 2121 -لفظ  آنکھ میں نون مخلوط یا ہندی ہے جس کا وزن نہیں ہوتا۔
سی ہے - فعلن - 22

آج پر آ - فاعلاتن - 2212
پ کی کمی - مفاعلن - 2121
سی ہے - فعلن - 22
-----

متعلقہ تحاریر : اردو شاعری, اردو غزل, بحر خفیف, تقطیع, گلزار

12 comments:

  1. کل ہی سوچ رہا تھا وارث بھائی کو کہیں کہ گلزار کی نظم پڑھوا دیں :)
    اللہ خوش رکھے جی آپکو

    ReplyDelete
  2. آپکی ہر پوسٹ پڑھتا ہوں.....کہنے کو چونکہ کچھ نہیں ہوتا اس لئے استفادہ کرکے چپ چاپ چلاجاتا ہوں
    سعید

    ReplyDelete
  3. بہت خوب غزل ہے۔ آشا بھوسلے نے گایا بھی خوب ہے۔

    ReplyDelete

  4. وقت رہتا نہیں کہیں ٹک کر
    اس کی عادت بھی آدمی سی ہے
    ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
    یہ شعر بُہت اچّھا لگا / آپکے بلاگ سے مجھے یہ تاثر ملا ہے کہ آپ ایک اچّھے انسان ہیں ۔ اب اجازت دیں۔ آپ کا بُہت شُکریہ
    ایم۔ڈی)۔)

    ReplyDelete
    Replies
    1. حُسنِ ظن ہے جناب نور صاحب آپ کا، نوازش آپ کی۔

      Delete
  5. بہت خوب!

    سدا بہار غزل ہے۔

    ویسے مجھے اندازہ نہیں تھا کہ گلزار کا کلام بھی اس بلاگ پر مل سکتا ہے۔ کہ گلزار کبھی کبھی شعری اصولوں پر سمجھوتہ کر لیتے ہیں لیکن اپنے خیال پر سمجھوتہ نہیں کرتے اور یہ بات عروض سے متعلق لوگ پسند نہیں کرتے اور مذکورہ کلام کے بجائے شاعر ہی کو رد کردیتے ہیں۔

    لیکن آپ ہمیشہ خود کو مختلف ثابت کر دیتے ہیں۔ :)

    ReplyDelete
    Replies
    1. گلزار بہت اچھے شاعر ہیں اور درست فرمایا آپ نے بعض دفعہ سمجھوتہ کر لیتے ہیں لیکن پھر بھی کمال شاعر ہیں اور یہ غزل تو واقعی سدا بہار ہے۔

      Delete