Sep 3, 2012

شُکر کرتا ہوُں، گِلہ لگتا ہے - احمد ندیم قاسمی

احمد ندیم قاسمی مرحوم کی ایک خوبصورت غزل

سانس لینا بھی سزا لگتا ہے
اب تو مرنا بھی روا لگتا ہے

موسمِ گُل میں سرِ شاخِ گلاب
شعلہ بھڑکے تو بجا لگتا ہے

مُسکراتا ہے جو اِس عالم میں
بخدا، مجھ کو خُدا لگتا ہے

اتنا مانوس ہوُں سناّٹے سے
کوئی بولے تو بُرا لگتا ہے

کوہِ غم پر سے جو دیکھوں، تو مجھے
دشت، آغوشِ فنا لگتا ہے

سرِ بازار ہے یاروں کی تلاش
جو گزرتا ہے، خفا لگتا ہے

Ahmed Nadeem Qasmi, احمد ندیم قاسمی, urdu poetry, urdu shairy, urdu ghazal, ilm-e-arooz, ilm-e-Arooz, taqtee, behr, اردو شاعری، اردو غزل، تقطیع، بحرعلم عروض
Ahmed Nadeem Qasmi, احمد ندیم قاسمی

اُن سے مِل کر بھی نہ کافور ہوُا
درد یہ سب سے جُدا لگتا ہے

نطق کا ساتھ نہیں دیتا ذہن
شُکر کرتا ہوُں، گِلہ لگتا ہے

اِس قدَر تُند ہے رفتارِ حیات
وقت بھی رشتہ بپا لگتا ہے

احمد ندیم قاسمی
----

قافیہ - آ یعنی الف اور اس سے پہلے زبر کی آواز جیسے سزا میں زا، روا میں وا، بُرا میں را وغیرہ۔

ردیف۔ لگتا ہے

بحر - بحر رمل مسدس مخبون محذوف مقطوع

افاعیل - فاعِلاتُن فَعِلاتُن فَعلُن
پہلے رکن میں فاعلاتن کی جگہ مخبون رکن فعلاتن اور آخری رکن میں فعلن کی جگہ فعلان، فَعِلن اور فَعِلان بھی آ سکتے ہیں یوں اس بحر میں آٹھ اوزان جمع ہو سکتے ہیں۔

علامتی نظام - 2212 / 2211 / 22
ہندسوں کو اردو رسم الخط یعنی دائیں سے بائیں پڑھیے یعنی 2212 پہلا رکن ہے اس میں بھی پہلے 2  پھر 1 اور اسی ترتیب سے باقی ہندسے ہیں۔ پہلے رکن 2212 کی جگہ 2211 بھی آسکتا ہے اور آخری رکن 22 کی جگہ 122، 211 اور 1211 بھی آسکتے ہیں۔

تقطیع-

سانس لینا بھی سزا لگتا ہے
اب تو مرنا بھی روا لگتا ہے

ساس لینا - فاعلاتن - 2212 - سانس میں نون مخلوط یا ہندی ہے جس کا وزن نہیں ہوتا۔
بِ سزا لگ - فعلاتن - 2211
تا ہے - فعلن - 22

اب تُ مرنا - فاعلاتن - 2212
بِ روا لگ - فعلاتن - 2211
تا ہے - فعلن - 22
------

متعلقہ تحاریر : احمد ندیم قاسمی, اردو شاعری, اردو غزل, بحر رمل, بحر رمل مسدس مخبون محذوف مقطوع, تقطیع

10 comments:

  1. واہ واہ واہ
    مزہ آ گیا
    شُکر کرتا ہوُں، گِلہ لگتا ہے
    کیا بات ہے

    ReplyDelete
  2. بہت عمدہ انتخاب ہے بھائی

    ReplyDelete
  3. سلام بھائی جاں
    فاعلاتن فاعلاتن فعلن
    بھائی کیا یہ بحر استعمال کر ک کوئی غزل لکھی جا سکتی ہے ؟؟؟؟؟؟؟؟

    ReplyDelete
    Replies
    1. میرے خیال میں یہ کوئی بحر نہیں ہے، اسکے قریب ترین بحر

      فاعلاتن فاعلاتن فاعلن ہے

      یا

      فاعلاتن مفاعلن فعلن

      والسلام

      Delete
  4. وہ تو صحیح ہے بھائی میرا پوچنے کا مقصد یہ تھا کہ کیا نئی بحر بنی جا سکتی ہے ؟؟؟؟؟؟؟؟؟

    ReplyDelete
  5. وہ تو صحیح ہے بھائی میرا پوچنے کا مقصد یہ تھا کہ کیا نئی بحربنائی جا سکتی ہے ؟؟؟؟؟؟؟؟؟

    ReplyDelete
  6. او کے ......بہت نوازش بھائی

    ReplyDelete