Dec 1, 2011

اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد - غزل مولانا محمد علی جوہر

سرنامے میں مولانا محمد علی جوہر کے جس شعر کا مصرع ہے وہ شعر کسی بھی تعارف کا محتاج نہیں، یہ شعر ان خوش قسمت شعروں میں سے ہے جو نہ صرف خود زندہ و جاوید ہو جاتے ہیں بلکہ اپنے خالق کو بھی کر دیتے ہیں۔ وگرنہ مولانا محمد علی جوہر کی سیاسی حیثیت جو بھی ہے بطور شاعر کم ہی لوگ ان کو جانتے ہیں حالانکہ مولانا باقاعدہ شاعر تھے، جوہر تخلص کرتے تھے اور کلام بھی چھپ چکا ہے شاید "فیروز سنز" نے شائع کیا ہے۔ ان کا کلام تو میری نظر سے نہیں گزرا لیکن جس غزل کا یہ شعر ہے وہ غزل اور ایک مزید غزل "نقوش غزل نمبر"، لاہور 1985ء میں موجود ہے وہیں سے یہ غزل لکھ رہا ہوں۔

دورِ حیات آئے گا قاتل، قضا کے بعد
ہے ابتدا ہماری تری انتہا کے بعد

جینا وہ کیا کہ دل میں نہ ہو تیری آرزو
باقی ہے موت ہی دلِ بے مدّعا کے بعد

تجھ سے مقابلے کی کسے تاب ہے ولے
میرا لہو بھی خوب ہے تیری حنا کے بعد

لذّت ہنوز مائدہٴ عشق میں نہیں
آتا ہے لطفِ جرمِ تمنّا، سزا کے بعد

Maulana, Muhammad, Ali, Johar, Maulana Muhammad Ali Johar, urdu poetry, poetry, مولانا، محمد، علی، جوہر، مولانا محمد علی جوہر، اردو شاعری، شاعری، غزل، ghazal, karbala, salam, کربلا، سلام
مولانا محمد علی جوہر
Maulana Muhammad Ali Johar
قتلِ حُسین اصل میں مرگِ یزید ہے
اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد

مولانا محمد علی جوہر بحوالہ "نقوش غزل نمبر"، لاہور، 1985ء
-----

بحر - بحر مضارع مثمن اخرب مکفوف محذوف

افاعیل - مَفعُولُ فاعِلاتُ مَفاعِیلُ فاعِلُن
(آخری رکن میں‌ فاعلن کی جگہ فاعلان بھی آسکتا ہے)

اشاری نظام - 122 1212 1221 212
ہندسے دائیں سے بائیں، اردو کی طرح پڑھیے۔
(آخری رکن میں‌ 212 کی جگہ 1212 بھی آ سکتا ہے)

تقطیع--

دورِ حیات آئے گا قاتل قضا کے بعد
ہے ابتدا ہماری تری انتہا کے بعد

دورے ح - مفعول - 122
یات آء - فاعلات - 1212
گَ قاتل قَ - مفاعیل - 1221
ضا کِ بعد - فاعلان - 1212

ہے ابتِ - مفعول - 122
دا ہمارِ - فاعلات - 1212
تری انتِ - مفاعیل - 1221
ہا کِ بعد - فاعلان - 1212

-----

متعلقہ تحاریر : اردو شاعری, اردو غزل, بحر مضارع, تقطیع, محمد علی جوہر

15 comments:

  1. لا جواب ہر شعر قابل داد ہے۔ بہت عمدہ

    ReplyDelete
  2. بہت شکریہ وارث بھائی ۔۔ درِّ نایاب ہے :)۔۔
    بہت مزا آیا یہ غزل پڑھ کر۔۔۔

    ایک راز کی بات بتاؤں۔۔۔ میری امی کے ناناابا کو مولانا محمد علی جوہر کی پوتی صاحبہ نے مولانا کا ایک عدد جبہ دیا تھا۔ اور وہ جبہ اب ہمارے گھر میں ہے۔

    ReplyDelete
    Replies
    1. نوشابہ شوکتMarch 7, 2012 at 8:02 AM

      کیا بات ہے۔۔۔ماشاءاللہ

      Delete
    2. ماشاءاللہ
      کیا خوب غزل ہے
      کتنے اچھے طریقے سے حضرت امام حسین رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ کی شہادت کو بیان کیا

      Delete
  3. بہت شکریہ علی صاحب اور امین صاحب۔ امین صاحب آپ نے بہت اچھی بات بتائی، ایک اچھی خاصی نایاب چیز اور تبرک ہے آپ کے پاس، سبحان اللہ۔

    ReplyDelete
  4. بہت خوب۔
    آج سے پہلے میرا خیال یہ تھا کہ آخری والا شعر علامہ اقبال کا ہے۔۔۔ :O

    ReplyDelete
  5. بہت خوب وارث بھائی!

    اس شعر کو اکثر لوگ اقبال کا شعر ہی خیال کرتے ہیں۔

    ReplyDelete
  6. وارث بھائی واقعہ کربلا کے حوالے سے اردو ادب میں بہت اعلیٰ میعار کا کام کیا گیا ہے- امید ہے کہ کچھ مزید اچھے انتخاب شامل کریں گے-

    ReplyDelete
  7. بہت شکریہ عمیر صاحب اور احمد صاحب۔

    ReplyDelete
  8. شکریہ منتظر صاحب، اس موضوع پر کچھ مزید شاعری آپ اس ربط پر پڑھ سکتے ہیں،

    http://www.urduweb.org/mehfil/threads/%D8%B4%D8%A7%DB%81-%D8%A7%D8%B3%D8%AA-%D8%AD%D8%B3%DB%8C%D9%86.8608/

    ReplyDelete
  9. وارث بھائی ربط شیئر کرنے کا بہت بہت شکریہ- بلاشبہ بہت محنت سے فہرست ترتیب دی گئی ہے - اللہ آپ کو خوش رکھے -

    ReplyDelete
  10. نوشابہ شوکتMarch 7, 2012 at 8:04 AM

    بہت شکریہ وارث صاحب۔۔۔مولانا کے تعارف کے لئے

    ReplyDelete
  11. بہت شکریہ منتظر صاحب اور نوشابہ صاحبہ

    ReplyDelete
  12. ماشاءاللہ بہت خوب۔۔۔ اللّٰہ ربُّ العزّت مولانا محمد علی جوہر علی مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ نصیب کرے آمین

    ReplyDelete