سرنامے میں مولانا محمد علی جوہر کے جس شعر کا مصرع ہے وہ شعر کسی بھی تعارف کا محتاج نہیں، یہ شعر ان خوش قسمت شعروں میں سے ہے جو نہ صرف خود زندہ و جاوید ہو جاتے ہیں بلکہ اپنے خالق کو بھی کر دیتے ہیں۔ وگرنہ مولانا محمد علی جوہر کی سیاسی حیثیت جو بھی ہے بطور شاعر کم ہی لوگ ان کو جانتے ہیں حالانکہ مولانا باقاعدہ شاعر تھے، جوہر تخلص کرتے تھے اور کلام بھی چھپ چکا ہے شاید "فیروز سنز" نے شائع کیا ہے۔ ان کا کلام تو میری نظر سے نہیں گزرا لیکن جس غزل کا یہ شعر ہے وہ غزل اور ایک مزید غزل "نقوش غزل نمبر"، لاہور 1985ء میں موجود ہے وہیں سے یہ غزل لکھ رہا ہوں۔
دورِ حیات آئے گا قاتل، قضا کے بعد
ہے ابتدا ہماری تری انتہا کے بعد
جینا وہ کیا کہ دل میں نہ ہو تیری آرزو
باقی ہے موت ہی دلِ بے مدّعا کے بعد
تجھ سے مقابلے کی کسے تاب ہے ولے
میرا لہو بھی خوب ہے تیری حنا کے بعد
لذّت ہنوز مائدہٴ عشق میں نہیں
آتا ہے لطفِ جرمِ تمنّا، سزا کے بعد
مولانا محمد علی جوہر Maulana Muhammad Ali Johar |
اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد
مولانا محمد علی جوہر بحوالہ "نقوش غزل نمبر"، لاہور، 1985ء
-----
بحر - بحر مضارع مثمن اخرب مکفوف محذوف
افاعیل - مَفعُولُ فاعِلاتُ مَفاعِیلُ فاعِلُن
(آخری رکن میں فاعلن کی جگہ فاعلان بھی آسکتا ہے)
اشاری نظام - 122 1212 1221 212
ہندسے دائیں سے بائیں، اردو کی طرح پڑھیے۔
(آخری رکن میں 212 کی جگہ 1212 بھی آ سکتا ہے)
تقطیع--
دورِ حیات آئے گا قاتل قضا کے بعد
ہے ابتدا ہماری تری انتہا کے بعد
دورے ح - مفعول - 122
یات آء - فاعلات - 1212
گَ قاتل قَ - مفاعیل - 1221
ضا کِ بعد - فاعلان - 1212
ہے ابتِ - مفعول - 122
دا ہمارِ - فاعلات - 1212
تری انتِ - مفاعیل - 1221
ہا کِ بعد - فاعلان - 1212
-----
لا جواب ہر شعر قابل داد ہے۔ بہت عمدہ
ReplyDeleteبہت شکریہ وارث بھائی ۔۔ درِّ نایاب ہے :)۔۔
ReplyDeleteبہت مزا آیا یہ غزل پڑھ کر۔۔۔
ایک راز کی بات بتاؤں۔۔۔ میری امی کے ناناابا کو مولانا محمد علی جوہر کی پوتی صاحبہ نے مولانا کا ایک عدد جبہ دیا تھا۔ اور وہ جبہ اب ہمارے گھر میں ہے۔
کیا بات ہے۔۔۔ماشاءاللہ
Deleteماشاءاللہ
Deleteکیا خوب غزل ہے
کتنے اچھے طریقے سے حضرت امام حسین رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ کی شہادت کو بیان کیا
بہت شکریہ علی صاحب اور امین صاحب۔ امین صاحب آپ نے بہت اچھی بات بتائی، ایک اچھی خاصی نایاب چیز اور تبرک ہے آپ کے پاس، سبحان اللہ۔
ReplyDeleteبہت خوب۔
ReplyDeleteآج سے پہلے میرا خیال یہ تھا کہ آخری والا شعر علامہ اقبال کا ہے۔۔۔ :O
بہت خوب وارث بھائی!
ReplyDeleteاس شعر کو اکثر لوگ اقبال کا شعر ہی خیال کرتے ہیں۔
وارث بھائی واقعہ کربلا کے حوالے سے اردو ادب میں بہت اعلیٰ میعار کا کام کیا گیا ہے- امید ہے کہ کچھ مزید اچھے انتخاب شامل کریں گے-
ReplyDeleteبہت شکریہ عمیر صاحب اور احمد صاحب۔
ReplyDeleteشکریہ منتظر صاحب، اس موضوع پر کچھ مزید شاعری آپ اس ربط پر پڑھ سکتے ہیں،
ReplyDeletehttp://www.urduweb.org/mehfil/threads/%D8%B4%D8%A7%DB%81-%D8%A7%D8%B3%D8%AA-%D8%AD%D8%B3%DB%8C%D9%86.8608/
وارث بھائی ربط شیئر کرنے کا بہت بہت شکریہ- بلاشبہ بہت محنت سے فہرست ترتیب دی گئی ہے - اللہ آپ کو خوش رکھے -
ReplyDeleteبہت شکریہ وارث صاحب۔۔۔مولانا کے تعارف کے لئے
ReplyDeleteبہت شکریہ منتظر صاحب اور نوشابہ صاحبہ
ReplyDeleteماشاءاللہ بہت خوب۔۔۔ اللّٰہ ربُّ العزّت مولانا محمد علی جوہر علی مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ نصیب کرے آمین
ReplyDeleteآمین
Delete