Jan 24, 2012

وہ تقاضائے جنوں اب کے بہاروں میں نہ تھا - ہوش ترمذی

وہ تقاضائے جنوں اب کے بہاروں میں نہ تھا
ایک دامن بھی تو الجھا ہوا خاروں میں نہ تھا

مرنے جینے کو نہ سمجھے تو خطا کس کی ہے
کون سا حکم ہے جو ان کے اشاروں میں نہ تھا

ہر قدم خاک سے دامن کو بچایا تم نے
پھر یہ شکوہ ہے کہ میں راہگزاروں میں نہ تھا

تم سا لاکھوں میں نہ تھا، جانِ تمنا لیکن
ہم سا محروم ِ تمنا بھی ہزاروں میں نہ تھا

ہوش کرتے نہ اگر ضبطِ فغاں، کیا کرتے
پرسشِ غم کا سلیقہ بھی تو یاروں میں نہ تھا

(ہوش ترمذی)
-----


بحر - بحرِ رمل مثمن مخبون محذوف مقطوع

افاعیل - فاعِلاتُن فَعِلاتُن فَعِلاتُن فَعلُن
(پہلے رکن فاعلاتن کی جگہ مخبون رکن فعلاتن بھی آسکتا ہے، آخری رکن فعلن کی جگہ فعلان، فَعِلن اور فَعِلان بھی آسکتا ہے یوں آٹھ وزن اکھٹے ہو سکتے ہیں)

اشاری نظام - 2212 2211 2211 22
ہندسوں کو اردو کی طرز پر دائیں سے بائیں پڑھیے۔ یعنی 2212 پہلے ہے اور اس میں بھی 12 پہلے ہے۔
(پہلے 2212 کی جگہ 2211 اور آخری 22 کی جگہ 122، 211 اور 1211 بھی آ سکتا ہے)

تقطیع -

وہ تقاضائے جنوں اب کے بہاروں میں نہ تھا
ایک دامن بھی تو الجھا ہوا خاروں میں نہ تھا

وہ تقاضا - فاعلاتن - 2212
ء جنو اب - فعلاتن - 2211
کِ بہارو - فعلاتن - 2211
مِ نہ تھا - فعِلن - 211

ایک دامن - فاعلاتن - 2212
بِ تُ الجھا - فعلاتن - 2211
ہُ وَ خارو - فعلاتن - 2211
مِ نہ تھا - فعِلن - 211

-----

متعلقہ تحاریر : اردو شاعری, اردو غزل, بحر رمل, بحر رمل مثمن مخبون محذوف مقطوع, تقطیع, ہوش ترمذی

3 comments:

  1. ہر قدم خاک سے دامن کو بچایا تم نے
    پھر یہ شکوہ ہے کہ میں راہگزاروں میں نہ تھا

    تم سا لاکھوں میں نہ تھا، جانِ تمنا لیکن
    ہم سا محروم ِ تمنا بھی ہزاروں میں نہ تھا

    ہوش کرتے نہ اگر ضبطِ فغاں، کیا کرتے
    پرسشِ غم کا سلیقہ بھی تو یاروں میں نہ تھا

    واہ ۔۔۔واہ۔۔۔۔ واہ ۔۔۔۔
    بہت ہی خوب غزل کا انتخاب کیا ہے وارث بھائی آپ نے۔ بہت ہی خوب۔

    دل خوش ہو گیا۔

    ReplyDelete
  2. بہت عمدہ وارث بھائی
    آپکے انتخاب کا ہمکو انتظار رہتا ہے
    حضور آپ کو ایک بلاگ میں ٹیگ کیا ہے اگر برا نا مانیں تو جوابات دے دیں
    انتظار رہے گا
    http://www.aili22.blogspot.com/2012/01/blog-post_14.html

    ReplyDelete
  3. بہت شکریہ احمد صاحب اور علی صاحب۔ علی صاحب شکریہ آپ کا ٹیگ کرنے کیلیے، انشاءاللہ لکھنے کی کوشش کرونگا۔

    ReplyDelete