May 7, 2009

علمِ عروض اور ہجّے

پچھلے دنوں اپنے بیٹے کو اردو الفاظ کے ہجّے یاد کرنے کی مشقت کرتے ہوئے دیکھ کر اپنے بھولے بسرے تیس سالہ پرانے دن یاد آ گئے جب میں اسی کی عمر کا تھا اور اسی طرح اردو ہجّوں کے ساتھ پنجابی میں 'کُشتی' کیا کرتا تھا، الف زیر سین اِس، لام زبر الف لا، میم ما 'قُف' اسلام، مجھے آج تک علم نہیں ہو سکا کہ یہ جو ہر لفظ کے آخر میں ہمارے اساتذہ 'قُف' لگا دیتے تھے وہ کیا بلا ہے شاید 'موقوف' ہو۔


جملۂ معترضہ کا تحریر میں آ جانا کوئی بری بات نہیں ہے لیکن نہ جانے میری تحاریر میں یہ آغاز میں کیوں در آتا ہے کہ اصل بات کی طرف قاری کا دھیان ہی نہیں جاتا، جیسا کہ پچھلے دنوں ایک رباعی بلاگ پر لکھنی تھی لیکن خواہ مخواہ اسکے آغاز میں ایک پیوند لگا دیا، بلاگ تو بلاگ اردو محفل پر بھی چند ایک احباب کے سوا سبھی نے رباعی کی بجائے پیوند پر بات کی۔ ڈر رہا ہوں اس بات سے کہ لکھنا کچھ عروض پر چاہ رہا ہوں اور بات پھر اپنی ایک یاداشت سے شروع کر دی ہے کہیں رباعی والا حشر ہی نہ ہو۔ اس ڈر کی کئی ایک وجوہات ہیں، علمِ عروض دراصل ایک 'ہوا' ہے جس سے عام قاری تو بدکتا ہی ہے اچھے خاصے شاعر بھی بدکتے ہیں، نہ جانے کیوں۔


دراصل شعر کہنے کا عمل تین حصوں پر مشتمل ہے، شعر کہنا، شعر بنانا اور شعر توڑنا اور انکی ترتیب اس ترتیب سے بالکل الٹ ہے جس ترتیب سے میں نے انہیں لکھا ہے، اور وجہ یہ کہ ہر شاعر فوری طور پر شعر کہنے پر پہنچتا ہے اور بے وزن شعر کہہ کر خواہ مخواہ تنقید کا سامنا کرتا ہے، حالانکہ یہ سارا عمل، ایک شاعر کیلیے، شعر توڑنے سے شروع ہوتا ہے، جب کسی کو شعر توڑنا آ جاتا ہے تو ایک درمیانی عرصہ آتا ہے جس میں وہ شعر 'بناتا' ہے اور اسی کو مشقِ سخن کہا جاتا ہے اور جب کسی شاعر کو شعر کہنے میں درک حاصل ہو جاتا ہے تو پھر وہ جو شاعری کرتا ہے اسی کو صحیح معنوں میں 'شاعری' کہا جاتا ہے پھر اسکے ذہن میں شعر کا وزن نہیں ہوتا بلکہ خیال آفرینی ہوتی ہے۔


اب شعر توڑنا جسے علمِ عروض کی اصطلاح میں تقطیع کرنا کہا جاتا ہے، اور تقطیع کا مطلب بذاتِ خود قطع کرنا، پارہ پارہ کرنا، ٹکڑے کرنا ہے، وہی عروض کی کلید ہے، کنجی ہے، اگر کسی کو شعر توڑنا یا تقطیع کرنا آ گیا تو یوں سمجھیں کہ اسے شعر بنانا بھی آ گیا اور بنانے کے بعد یقیناً اگلا مرحلہ شعر کہنا بہت دور نہیں ہے۔


لیکن تقطیع پر لکھنے سے پہلے مجھے بہتر معلوم ہو رہا ہے کہ علمِ عروض پر بھی کچھ عرض کر دوں کہ عروض ہے کیا اور یہ کیوں ضروری ہے۔ شاعری کی ابتدا بہت پرانی ہے شاید اتنی ہی پرانی جتنی بولنے کی یا تحریر کی لیکن علم عروض کی تاریخ پہلی صدی ہجری یعنی کوئی تیرہ چودہ سو سال سے ہے، یہاں یہ وضاحت بھی ضروری ہے کہ علمِ عروض سے میری مراد، اس تمام تحریر اور آئندہ تحاریر میں، انشاء اللہ بشرطِ زندگی و فرصت و صحت، عربی و فارسی و اردو علمِ عروض ہے۔ دنیا کی ہر زبان میں شاعری کو 'جانچنے' کا اپنا ایک طریقہ ہے لیکن عربی، فارسی، اردو، سنسکرت، ہندی، پنجابی، سندھی اور برصغیر کی دیگر زبانوں میں عروض کا 'ہجّائی نظام' ہے یعنی یہ ہجّوں پر مشتمل ہے۔ عروض کی تاریخ سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ شاعری علمِ عروض کو سامنے رکھ کر نہیں کی جاتی بلکہ علمِ عروض سے صرف شاعری کو جانچا جاتا ہے، ناپا جاتا ہے اور اس علم کی ایجاد سے پہلے جو شاعری تھی اس کو سامنے رکھ کر ہی اس علم کے اصول و ضوابط مقرر کیے گئے تھے، اور اب ان اصولوں پر عمل کرنا گویا شاعروں پر فرض سا ہو گیا ہے۔

دنیا کی کسی بھی زبان کا کوئی بھی لفظ، ہجّوں یا جسے انگریزی میں 'سیلیبلز' کہا جاتا ہے، سے مل کر بنتا ہے اور یہی علمِ عروض کی کلید ہے، لفظ حرفوں سے بنتا ہے اور الفاظ کی ایک خاص ترتیب سے بحر بن جاتی ہے اور غزل یا نظم کے ہر شعر میں اس ترتیب کو برقرار رکھنا، بس اتنا سا کام ہے جس سے کوئی بھی کلام موزوں یعنی با وزن یا شاعری کہلواتا ہے۔ اب اس ساری بات میں 'ہجّے' کو مرکزی اہمیت حاصل ہے، ہجّے کو آپ یوں سمجھیں جیسے یہ ایٹم ہے اور اسی بنیاد پر ساری شاعری کی عمارت کھڑی ہے۔

ایک وضاحت یہاں ضروری ہے، انیسویں صدی تک عربی، فارسی اور اردو نظامِ عروض متحرک اور ساکن کے گورکھ دھندے پر مشتمل تھا جس میں بے شمار خامیاں تھیں، ان خامیوں کا علمِ عروض کے سب ماہرین کو علم تھا لیکن بجائے انکے دور کرنے کے انہوں نے اس علم کو مزید مشکل اور چیستان بنا دیا۔ تفصیلات کا میں یہاں متحمل نہیں ہو سکتا اور اسٹیفن ہاگنگ کو اس کے پبلشر کی طرف سے کی جانی والی نصیحت یاد ہے کہ 'اے بریف ہسٹری آف ٹائم" میں جتنی بھی مساوات لکھو گے ان میں سے ہر مساوات کتاب کی فروخت کو آدھی کر دے گی سو یہاں روایتی علمِ عروض کے نقائص کی بحث کو چھوڑتا ہوں، لیکن ہمیشہ کی طرح یورپی مستشرقین نے ان نقائص کو نہیں چھوڑا بلکہ علمِ عروض پر تحقیق کر کے ہجّائی یا اشاری نظام متعارف کیا جس سے اس علم کے سارے نقائص دور ہو گئے، ایرانی علماء و فضلاء نے بھی اس پر لبیک کہا بالخصوص ڈاکٹر پرویز ناتل خانلزی نے اپنی کتاب "فارسی عروض کی تنقیدی تحقیق اور اوزانِ غزل کے ارتقاء کا جائزہ" (اردو مترجم بذلِ حق محمود) میں اس پر سیر حاصل بحث کی ہے اور خوشی کی بات ہے کہ اب اردو ماہرینِ عروض بھی اس طرف توجہ کر رہے ہیں اور اپنی کتب میں روایتی نظام کے ساتھ ساتھ ہجائی یا اشاری نظام کو بھی جگہ دیتے ہیں۔ مستشرقین نے علمِ عروض کو، جو سراسر ریاضی کے اصولوں پر مشتمل ہے لیکن اس کو ریاضی کی علامات میں ظاہر نہیں کیا جاتا تھا، ریاضی کی عام علامتوں میں بھی ظاہر کیا اور یہ انکا ایک ایسا احسانِ عظیم ہے کہ جو تا قیامت ہم پر رہے گا کہ اس خاکسار کو اس علم کی کنہ یا کلید انہی علامتوں کی مدد سے سمجھ میں آئی تھی۔


اس طویل تمہید کے بعد، ہجّوں پر کچھ عرض کرتا ہوں، جیسا کہ اوپر لکھا، ہر لفظ ہجّوں میں توڑا جا سکتا ہے جیسے لفظ 'اسلام'، اس لفظ میں تین ہجّے ہیں، الف زیر سین اس، لام زبر الف لا اور میم ساکن یعنی اس، لا اور م، اسی طرح لفظ 'مسلمان'، اس میں چار ہجّے ہیں، یعنی میم پیش مو سین زبر لام سل، میم الف ما اور نون ساکن یعنی مُ سل ما ن، ان دو مثالوں سے ہمارے سامنے دو طرح کے ہجّے سامنے آ رہے ہیں، اور ہر لفظ انہی دو طرح کے ہجّوں پر مشتمل ہوتا ہے، ایک ہجا وہ ہے جو دو حرفوں پر مشتمل ہوتا ہے اور دوسرا ہجا وہ ہے جو صرف اور صرف ایک حرف پر مشتمل ہے، جیسے اسلام کے اس اور لا میں دو دو حرف ہیں اور اسی طرح مسلمان کے سل اور ما میں یعنی یہ دو حرفی ہجّا ہے جب کہ اسلام کا آخری میم یک حرفی ہجا ہے اسی طرح مسلمان کا مُ اور نون یک حرفی ہجے ہیں۔


یعنی ہر لفظ میں دو طرح کے ہجے ہوتے ہیں، دو حرفی اور یک حرفی، یقین مانیں کہ اگر کسی قاری کو کسی لفظ میں ہجوں کی پہچان ہو گئی اور یہ علم ہو گیا کہ کون سا ہجا یک حرفی ہے اور کون سا دو حرفی تو یوں سمجھیں کہ علم عروض کا جن آپ کے قبضے میں آ گیا۔ کچھ اور مثالیں دیکھتے ہیں۔


لفظ 'شاعر' - یعنی شا اور عر یعنی یہ لفظ دو ہجوں پر مشتمل ہے اور دونوں دو حرفی ہیں۔

لفظ 'شاعری' یعنی شا عِ ری یعنی یہ لفظ تین ہجوں پر مشتمل ہے جس میں شا اور ری دو حرفی ہجے ہیں اور عِ یک حرفی ہجا ہے۔

اب ہم ان مثالوں سے اصول اور انکی تعریف مرتب کرتے ہیں۔


دو حرفی ہجّا یا ہجّائے بلند - کسی بھی لفظ میں یہ ایک ایسا ہجّا ہوتا ہے جو دو حرفوں پر مشتمل ہوتا ہے اور یہ دونوں حرف آپس میں کسی حرکت (زیر زبر یا پیش) کے ذریعے ایک دوسرے سے ملے ہوتے ہیں، جیسے دل، کل، غم، دن، شب، جُو، چُن وغیرہ وغیرہ یا لفظ اسلام میں اس اور لا، لفظ مسلمان میں سل اور ما، لفظ وارث میں وا اور رث وغیرہ وغیرہ۔ دوحرفی ہجے کو اصطلاح میں 'ہجّائے بلند' کہا جاتا ہے اور اشاری نظام میں اسے کسی بھی علامت سے ظاہر کیا جا سکتا ہے لیکن ہم اسے علامت '2' سے ظاہر کرتے ہیں۔


یک حرفی ہجّا یا ہجّائے کوتاہ - کسی بھی لفظ میں اکیلا حرف چاہے وہ ساکن ہو یا متحرک جیسے لفظ اسلام میں ساکن میم یا لفظ مسلمان میں پہلی متحرک میم اور آخری ساکن نون، یا لفظ 'صریر' میں صاد متحرک اور آخری رے ساکن۔ یک حرفی ہجّے کو اصطلاح میں ہجّائے کوتاہ کہا جاتا ہے اور علامت میں اسے '1' سے ظاہر کیا جاتا ہے۔


اب اس تعریف کے بعد چند لفظوں کو پھر دیکھتے ہیں اور یہ واضح کروں کہ ہندسوں کو اردو طرزِ تحریر یعنی دائیں سے بائیں پڑھنا ہے۔

اسلام یعنی اس لا م اب اگر اس لفظ کو علامتوں میں ظاہر کریں تو یہ 2 2 1 ہوگا۔
اسی طرح 'مسلمان' یعنی م سل ما ن اور علامتوں میں یہ 1 2 2 1 ہے۔
اسی طرح وارث یعنی وا اور رث یعنی 2 2۔

یعنی اگر میں یہ کہوں "پہلا سبق" تو کیا اسے جملے کو علامتوں میں ظاہر کیا جا سکتا ہے، کیوں نہیں یعنی پہلا یعنی پہلا میں دو ہجائے بلند ہیں تو اس کو 22 سے ظاہر کریں اور سبق میں ایک ہجائے کوتاہ اور ایک ہجائے بلند ہے تو اسے 1 2 سے ظاہر کریں گویا
پہلا سبق یعنی 22 21۔
اور اگر یہ کہوں 'سبق پہلا' تو اب اس کی ترتیب ہوگی 21 22۔
اور اگر اب یہ کہوں 'ملا ہم کو' تو اسکی ترتیب کیا ہوگی، مشق کریں، چلیں میں لکھ دیتا ہوں
مِ لا ہم کو یعنی 1 2 2 2۔
اب غور کریں
سبق پہلا
ملا ہم کو
کیا یہ شعر ہے؟ کیوں نہیں، یا شعر ہو نہ ہو وزن میں ضرور ہے کیسے؟ پھر دیکھیں
سبق پہلا
ملا ہم کو
اشاری نظام میں لکھیں
2221
2221

جی ہاں، آپ نے صحیح پہچانا دونوں مصرعوں یا جملوں میں ہجائے کوتاہ اور ہجائے بلند ایک ہی ترتیب سے آ رہے ہیں اور یہی شعر کا وزن ہے کہ اس کے دونوں مصرعوں میں ہجائے بلند کے اور ہجائے کوتاہ کی ترتیب ایک جیسی ہے۔ یعنی اب ہم وزن کی تعریف کچھ اسطرح سے کر سکتے ہیں کہ ایک شعر کے دونوں مصرعوں میں اگر ہجائے بلند اور ہجائے کوتاہ کی ترتیب ایک جیسی ہو یعنی ہجائے بلند کے مقابل ہجائے بلند اور ہجائے کوتاہ کے مقابل ہجائے کوتاہ تو اس کو شعر کا وزن کہیں گے۔

پھر دیکھیں

سبق پہلا
ملا ہم کو
کہا ہم نے
نوازش ہے
مشق کے طور پر ان کو علامتوں میں لکھنے کی کوشش کریں، آخری بات یہ کہ یہ وزن یعنی 'سبق پہلا' یا 2221 دراصل مفاعیلن ہے جو کہ عروض کی خاص اصطلاح ہے اور اسی کے الٹ پھیر سے کئی اوزان بنتے ہیں۔ ہم نے اسے 'سبق پہلا' کہا، انشاء اللہ خان انشاء لکھنؤ کی روایت کے عین مطابق اسے 'پری خانم' سے ظاہر کرتے تھے۔ دیکھیئے، مَفَاعیلُن یعنی مَ فا عی لُن یعنی 1 2 2 2 یعنی اگر صرف مفاعیلن کے وزن پر کچھ کلام کہا جائے اور ہر مصرعے میں یہی وزن ہو تو آپ کے 'شاہکار' کو کوئی 'عروضیا' یہ نہیں کہہ سکتا ہے کہ بے وزن ہے۔


یہاں پر اس تحریر کو چھوڑتا ہوں اس امید پر کہ انشاءاللہ گاہے گاہے اس پر لکھتا رہونگا۔ مجھے افضل صاحب کی فرمائش یاد ہے جس میں نے انہوں نے کہا تھا کہ 'مصطفیٰ جانِ رحمت پہ لاکھوں سلام' کی کچھ تقطیع لکھوں لیکن اس تحریر سے پہلے یہ تقطیع ان کیلیے بے معنی ہوتی، انشاءاللہ آئندہ اس نعت کی تقطیع لکھنے کی کوشش کرونگا۔

متعلقہ تحاریر : تقطیع, علم عروض

51 comments:

  1. استاد مان لیا آپ کو آج سے
    بہت بہت بہت بہت بہت نوازش
    تھوڑا کم دماغ ہوں لیکن آپ جیسا استاد مل گیا ہے تو رواں ہو جاؤں گا۔۔۔
    دلی شکریہ قبول کیجئے۔۔۔
    جیسا آپ نے سمجھایا واللہ ایک ایک لفظ سمجھ میں‌ آگیا ہے۔۔۔ شکریہ ۔۔۔ نوازش۔۔۔
    اللہ آپ کو جزائے خیر دے۔۔۔

    ReplyDelete
  2. نون غنہ اور” آ “ کا کیا وزن ہوگا۔۔مطلب ہجائے بلند ہوں گے یا ہجائے کوتاہ۔۔۔

    ReplyDelete
  3. شکریہ جعفر، نوازش۔ آ میں دراصل دو الف ہیں سو یہ ہجائے بلند ہے، نون غنہ کا کوئی وزن نہیں ہوتا، ہاں نون معلنہ کا یعنی جس نون کا اعلان کیا جائے اسکا وزن ہوتا ہے، جیسے جہاں اس میں ایک ہجائے کوتاہ جَ اور ایک ہجائے بلند ہا ہے، جبکہ جہان میں تین ہجے ہیں، جَ ہا اور ن۔ اسی طرح دو چشمی ھ کا بھی کوئی وزن نہیں ہوتا یعنی ‘بھی‘ کو صرف ‘بی‘ یا ہجائے بلند سمجھا جائے گا۔

    ReplyDelete
  4. وارث صاحب
    اس نیک کام کے شروع کرنے پر مبارک قبول کیجئے. یقین کیرں بیس تیس سال قبل جب ہم نے شاعری میں دلچسپی لینی شروع کی، بازار میں علم عروض کی کتاب ہی دستیاب نہیں تھی. آپ کی بتائی ہوئی کتاب پڑھ رہے ہیں اور اس پر سونے پہ سہاگہ آپ کے اسباق بن گئے ہیں. امید ہے یہ مشق جاری رکھیں گے اور اسے الگ کیٹیگری میں ڈال دیں گے.
    سوالوں کے جوابات اگر اپنے اسباق میں دیتے جائیں تو زیادہ بہتر ہوگا. امید ہے کسی دن ہم بھی اپنی بے تکی شاعری کو وزن میں ناپنا شروع کر دیں گے.

    ReplyDelete
  5. السلام علیکم
    وارث صاحب میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ شاعری ایسے کی جاتی ہے اور اس میں ایک پورا مضمون چھپا ہے۔ ۔ میرا خیال تھا کہ شاعر بس ہوتا ہے یا نہیں ہوتا ہے!!
    اردو محفل پہ اس طرح کی چیزیں نظر سے گزری تھیں پر ایسا لگا تھا کہ جیسے یہ سب عام بندے کہ بس کا کام نہیں اور ہم جیسے انجینئرنگ کے طالبعلم بس سرکٹ ہی جوڑ توڑ سکتے ہیں۔ ۔ ۔ پر آپ کا سبق پڑھ کر نہ صرف علم(جو کہ تھا ہی نہیں۱) میں اضافہ ہوا ہے بلکہ سیکھنے میں دلچسپی بھی پیدا ہوئی ہو۔ ۔ ۔ آپ واقعی ایک قابل استاد ہیں۔بہت شکریہ
    ولسلام

    ReplyDelete
  6. سچ بتاؤں صاحب تو یہ پہلی بار ہے کہ اتنی وسعت سے شاعری کے اجزاء بارے پڑھا۔ یہ اب آپ ہمارے دور کی کوتاہی کہیں یا ظلم، ہمارے ہم عصر بشمول میرے ان باریکیوں سے ناآشنا ہیں۔ باریکیاں تو چھوڑیں، میں اپنی بات کروں تو شاید بنیادی چیزوں سے بھی نا واقف ہوں۔ b-(۔
    وقف شاید موقوف ہی ہے، کیونکہ ہم جب سکول، مکتب میں دہرایا کرتے تھے تو اسے ہم "ماقوف" کہا کرتے تھے۔
    کافی تکنیکی باتیں ہیں جناب۔~x(

    ReplyDelete
  7. وارث صاحب۔ سب سے پہلے تو اتنے بہترین سلسلے کو شروع کرنے پر شکریہ۔ ایک ہی سبق میں ہمیں ایسا سبق ملا کہ واللہ کتابیں پڑھتے رہ جاتے تو بھی نا جان پاتے۔ امید ہے یہ سلسہ جاری رہے گا۔ اور تیکنیک کی آگہی انشاءاللہ ذوق کی بالیدگی کا سبب بنے گی۔

    ReplyDelete
  8. بہت شکریہ آپ سب برادران کا پسندیدگی اور پذیرائی کیلیے، میں انشاءاللہ اس موضوع پر مقدور بھر لکھتا رہونگا۔

    ReplyDelete
  9. نہ جی نہ ۔ ہم سے اتنی ٹیڑھی کھیر نہیں کھائی جاتی ۔ ہم "موقوف" ہوئے

    ReplyDelete
  10. بہت عمدہ، وارث بھائی۔ اگلے اسباق کا انتظار رہے گا۔

    ReplyDelete
  11. اجمل صاحب کچھ جلدی نہیں موقوف کر دیا آپ نے، شکریہ سعادت صاحب انشاءاللہ مقدور بھر لکھتا رہونگا۔
    افضل صاحب، دراصل بلاگ سپاٹ پر کیٹیگریز نہیں ہیں بلکہ صرف ٹیگز ہیں، لیکن ایسی تمام تحاریر ‘علم عروض‘ ٹیگ سے مل جائیں گی جو کہ سائیڈ بار میں ظاہر ہو رہا ہے۔

    ReplyDelete
  12. السلام علیکم
    وارث، آپ کے بلاگ کا خاموش قاری تو میں کافی عرصے سے ہوں۔ لیکن آج آپ کی تحریر نے تبصرے پر مجبور کر ہی دیا۔
    کئی دفعہ عروض کے اسباق دیکھے مگر ایک آدھ صفحے کے بعد ہی طبیعت اچاٹ ہو جاتی تھی۔ آپ کا مضمون شروع کیا تو پھر اختتام پر پتہ چلا۔
    پہلی دفعہ کچھ عروض بارے سمجھ لگی۔ اس کو جاری رکھئے گا

    سیفی

    ReplyDelete
  13. بہت شکریہ سیفی صاحب، نوازش آپ کی، اور چونکہ یہ آپ کا پہلا تبصرہ سو بہت خوش آمدید برادرم۔

    ReplyDelete
  14. کرم کردے مرے مولٰی
    ترے در کا سوالی ہوں
    سخن پہلا ہوا ہم سے
    کہو تم بھی سخن ہے یہ

    ReplyDelete
  15. باسم صاحب آپ نے بالکل صحیح سمت میں سفر کا آغاز کر دیا ہے۔

    ReplyDelete
  16. مسافروں کا احتجاج
    بھری گاڑی، نہیں خالی
    چلا بھی لے گدھا گاڑی
    گائے
    اٹھی گائے ہلی گردن
    صدا آئی ٹنا ٹن ٹن

    ReplyDelete
  17. جہاں مامتا وہاں ڈالڈا
    بھی اسی وزن پر موزون نظر آیا
    اور اب
    سبق دوجا ملے ہم کو
    ہماری یہ خواہش ہے

    ReplyDelete
  18. باسم صاحب مجھے خوشی ہے کہ آپ مشق کر رہے ہیں اور افسوس ہے کہ فقط آپ ہی کر رہے ہیں :)۔
    آپ نے جو پہلی مثالیں لکھی تھیں ان میں ‘مسافروں کا احتجاج‘ صحیح نہیں ہے آپ انہیں ‘مفاعیلن مفاعیلن‘ وزن یا ‘2221 2221‘ پر کہہ رہے ہیں لیکن مسافروں کا احتجاج یہ بنتا ہے
    م 1 سا 2 ف 1 رو 2 کا 2 اح 2 ت ا جا2 ج1
    یعنی فرق ہے۔
    اسی طرح ‘جہاں مامتا وہیں ڈالڈا‘ کا وزن بھی یہ نہیں بن پا رہا گو کہ یہ ایک دوسرا وزن یا پیٹرن بن سکتا ہے۔
    سبق دوجا ملے ہم کو، یہ ٹھیک ہے
    ہماری یہ خواہش ہے، ٹھیک نہیں کیونکہ یہ لفظ خ وا ہش نہیں بلکہ خاہش ہے یعنی 221 نہیں بلکہ صرف 22 ہے۔
    یہ خواہش اب ہماری ہے، ٹھیک ہوگا۔
    انشاءاللہ مزید لکھتا ہوں۔

    ReplyDelete
  19. خطاب کیلیے صرف باسم ٹھیک ہے۔
    اور مسافروں کا احتجاج فقط عنوان تھا وزن مقصود نہیں تھا
    ڈالڈا والے کی کچھ سمجھ آگئی کچھ وضاحت دوسرے سبق کی مشق میں ہوجائے گی جو تیار ہے۔
    ہماری یہ خواہش ہے
    پہلے غلط سوچا پھر اسے ٹھیک کرلیا تھا جو موبائل میں محفوظ بھی ہے مگر یہاں غلط لکھ بیٹھا
    صحیح یوں ہے
    سبق دوجا ملے ہم کو
    ہماری یہ گزارش ہے

    ReplyDelete
  20. بہت اچھی بات ہے کہ آپ ذوق و شوق سے یہ مرحلہ طے کر رہے ہیں، اور انشاءاللہ اس علم پر عبور آپ کو حاصل ہو جائے گا اگر یہ ذوق و شوق اور مشق اسی طرح جاری رہی تو۔

    ReplyDelete
  21. امید ہے وارث صاحب کے دیر سے کلاس میں داخلے پر معاف کر دیں گے
    میں نے پہلے دن سے یہ تحریر فیورٹ میں رکھی ہوئی تھی کہ مشکل ہو گی تسلی سے پڑھوں گا
    لیکن میں مان گیا استاد
    مجال ہے جو ایک لفظ بھی سر سے گزرا ہو
    سارے کے سارے سیدھے دماغ میں جا بیٹھے ہیں
    اور مجھے تو اپنا آپ ایک جاہل اور گنوار لگ رہا ہے
    جو بڑا اردو کا عاشق بنا پھرتا ہے
    قسم لے لیں مجھے تو لگتا ہے کہ میں یہ بلاگ نا پڑھتا تو ساری عمر اس علم سے نا آشنا ہی رہتا
    جس کے ل۴ے بہت بہت شکریہ

    ReplyDelete
  22. جناب ڈفر نے میرے دل کی بات کہہ دی
    میں بھی علم عروض سے ناواقف تھا
    لیکن آپ کی بدولت
    یہ علم، تعلیم بن کر مجھ تک پہنچا
    خدا آپ کو مزید ہمت عطا کرے
    آمین

    ReplyDelete
  23. محترم ذرا فراز کی اس غزل کی بحر سے بھی آگاہ کر دیجیے

    اب جو کانٹے ہیں دل میں تمناؤں کے پھول تھے
    آج کے زخم پہلے شناساؤں کے پھول تھے

    ReplyDelete
  24. وہاب صاحب یہ شعر فاعلن پانچ بار پر تقطیع ہو رہا ہے، بحر متدارک مثمن فاعلن چار بار ہے، لیکن بعض دفعہ شاعر بحروں کے ساتھ تجربے کی کرتے ہیں اور ہو سکتا ہے کہ فراز نے ایسا ہی کیا ہو اور اس بحر پر ایک رکن بڑھا لیا ہو، کیا آپ اس غزل کے مزید اشعار پوسٹ کر سکتے ہیں۔
    والسلام

    ReplyDelete
  25. ہمیشہ کی طرح اعلٰی ۔۔۔۔
    وارث بھائی یقین کیجئے آپ کی تعریف کرنے کو الفاظ ڈھونڈنا مشکل ہو جاتا ہے۔
    مگر الفاظ میں اپنے احساسات کو ڈھالنا اور پیش کرنا ضروری بھی ہے اور الفاظ کے سانچے کو استعمال کرنا شاید مجبوری بھی کہ اپنے احساس کو آپ تک پہنچانا بھی ہے۔ اللہ آپکی عمر دراز فرمائیں اور ہر قسم بلیات و آفات سے آپ کی حفاظت بھی فرمائیں اٰمین ۔
    والسلام

    ReplyDelete
  26. نعمان بہت شکریہ آپ کا برادرم ان کلماتِ خیر کیلیے، نوازش آپ کی۔

    ReplyDelete
  27. salam,aap ka blog meray liay lecture ki haisiat ikhtyar kar chuka hai...aapka tarz e hai bayan nehayat lateef hai k uktahat ka sawal hi paida nhi hota.... urdu font mey likny sy kasir ho'n is ki wja aap masrofiat hi hain aur hamesha ki tarah sust mezaji b...mey engineering ka student ho'n mgr science pahailia'n smj sy bala thar hain .. mezajn jhukao urdu adab ki taraf ziada hai... qaraar sarhadi takhalus rakhty hain mgr aapki ye tehreerain parr kr hamay pata laga k hum abhi KG jumat mey hi hai... mandarja zail gazal ki tasneeh darkar hai... fani lehaz sy tankeed ka muntazir.... is silsily ko pori lagan sy jari rakain bahot bahot nawazishain.... talab e dua...


    Kalaam: QARAAR SARHADI

    Jahan daikon shor e faryad aah o fagha'n daiko'n,
    teri galio'n mey a watan kho'n e rawa'n daiko'n,
    kis smt ko jayega meray katthay laho ka jaam ab,
    kasa liay qatar mey khanjar liay yazda'n daiko'n,
    hasrat o alam mey gal rahy hain latky ho way chehry,
    malma'u charrai rehbaro mey na koi khairkhwa'n daiko,
    ye maghrib k shaidai hain jamhoriat k rakwaly,
    islam ko papand e salasal pas e zandan daiko'n,
    qatra qatra tapka meray wajod ka par kia daiko'n,
    mery wajud k tukro pa palta meer e karwa'n daiko'n,
    QARAAR ko ab kyunkar qaraar naseeb ho k usy mey,
    khalwato mey apny tiyain dast o gariba'n daiko'n

    ReplyDelete
  28. typing mey koi ghalti howi ho to foran sy paishter maafi ka talabgaar

    ReplyDelete
  29. شکریہ آپ کا نعمان وزیر صاحب، نوازش آپ کی ان کلماتِ خیر کیلیے، امید ہے تشریف لاتے رہیں گے۔

    والسلام

    ReplyDelete
  30. سلام وارث صاحب
    جناب کے کہے اور لِکھے پہ رائے دینا کم از کم مجھ کم عِلم کے بَس کی بات نہیں
    صِرف اِتنا کہوں گا کہ آپ کی یہ کوشش نئے آنیوالے لوگوں کے لِئے رہنمائی کا ذریعہ بنے گی۔۔۔
    اللہ کرے زورِ قلم اور زیادہ ۔آمین

    ReplyDelete
    Replies
    1. نوازش آپ کی ملک صاحب، بہت شکریہ آپ کا،

      Delete
  31. خود کو میں نے بدلا ترے چلے جانے سے پہلے


    خود :2
    کو:1
    میں :2
    نے:2
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    بد:2
    ل:1
    تر:2
    ے:1
    چل:2
    جا:2
    ن:1
    سے:2
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    پہ:2
    لے:2
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    تم:2

    تم مجھ سے ہی تھے بچھڑ ے میرے بدل جانے سے پہلے

    ن قوانین کو مد ِ نظر رکھتے ہوۓ تقطیع کیا یوں ہو سکتی ہےاا

    ReplyDelete
  32. بہت خوب، استاد وارث صاحب۔

    ReplyDelete
    Replies
    1. نوازش خان صاحب آپ کی، بہت شکریہ :)

      Delete
  33. دل کی یہ دھڑکن کہے آ
    دل کی دل سن لے ابھی آ

    ReplyDelete
    Replies
    1. کیا یہ اس قابل ہے کہ غزل مکمل کی جائے

      Delete
  34. اسلام علیکم سر میں اس بات سے بہت پریشان تھا کہ مجھے شعر یا غزل کا وزن سمجھ نہیں آ رہا یونہی بیٹھے بیٹھے نیٹ پر سرچ کیا آپ کی تحریر ملی یقین مانے پڑھ کر دل کو سکون ہو گیا بہت آسان الفاظ میں بہت بڑی بات سمجھا دی آپ کے پاس شاید لفظوں کا جادو ہے لوگ اپنے محبوب کے دیوانے ہیں میں آپ کا دیوانہ ہو گیا ہوں آپ میرے محسن ہیں آپ کی لکھی تحریر نے میری پریشانی دور کر دی اللہ آپ کو سلامت رکھے

    ReplyDelete
    Replies
    1. بہت شکریہ محترم، نوازش آپ کی۔ مجھے بھی خوشی ہوئی کہ یہ تحاریر کسی کام آئیں۔ والسلام

      Delete
  35. سر آپ مزید ہماری رہنمائی کرتے رہئیے گا
    عتیق الرحمن

    ReplyDelete
    Replies
    1. جی عتیق صاحب، انشاءاللہ میں یہیں ہوں۔

      Delete
  36. بہت خوب وارث بھائی.اب اردو شاعری پڑھتے ہوۓ ذیادہ مزہ آۓ گا.

    ReplyDelete
  37. عمدہ محترم
    اردو شاعری کے لیے کبھی میرے بلاگ کی بھی سیر کریں اور مفید نصیحتوں سے نوازیں ۔

    ReplyDelete
  38. السلام علیکم....جناب اس مصرعے کی بحراور تقطیع پررہنمائی فرمادیجئے نوازش ہوگی.....یہ کس نے بھیجی ہے خاک شفامدینے سے....

    ReplyDelete
    Replies
    1. بحر - بحرِ مجتث مثمن مخبون محذوف مقطوع

      افاعیل: مَفاعِلُن فَعِلاتُن مَفاعِلُن فَعلُن
      آخری رکن فعلن کی جگہ فعلان، فَعِلُن اور فَعِلان بھی آ سکتے ہیں۔

      تقطیع
      یہ کس نے بھیجی ہے خاکِ شفا مدینے سے
      یِ کس نِ بے - مفاعلن
      جِ ہِ خا کے - فعلاتن
      شفا مَ دی - مفاعلن
      نے سے - فعلن
      والسلام

      Delete
  39. 'ملا ہم کو' کے ہجے مِ، لا، ہم، کُ کے حساب سے ١٢٢١ نہیں ہونگے ؟ و، ا اور ی آخر میں گرنہیں جاتے ؟؟

    ReplyDelete
    Replies
    1. حروف علت کو حرف کے آخر میں گرانا لازمی نہیں ہے کہ ہر صورت میں گرانا ہی ہے بلکہ یہ اختیاری ہے اور شاعر بوقتِ ضرورت یعن وزن پورا کرنے کے لیے چاہے تو ان کو گرا دے اور چاہے رکھ لے۔

      Delete