Jul 6, 2009

رعنائیِ خیال - ایک اور خوبصورت ادبی بلاگ

مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے ایک اور خوبصورت ادبی بلاگ کا تعارف لکھتے ہوئے، ایک اور اچھے شاعر نے اپنا بلاگ شروع کیا ہے اس سے زیادہ خوشی کی بات میرے لیے کیا ہوگی بھلا۔ یہ بلاگ 'رعنائیِ خیال' خوبصورت لب و لہجے کے نوجوان شاعر جناب محمد احمد صاحب کا ہے۔

احمد صاحب کا تعلق کراچی سے ہے، اور انٹرنیٹ کی دنیا کے علاوہ کراچی کے ادبی حلقوں میں بھی فعال ہیں، ہماری ان سے شناسائی 'اردو محفل' پر ہوئی تھی جہاں انہوں نے اپنی خوبصورت شاعری سے اس خاکسار کا دل موہ لیا۔ احمد صاحب کی شاعری کی سب سے اہم بات جو مجھے نظر آئی کہ بھیڑ چال سے الگ ہو کر، انہوں نے اپنی شاعری میں خیال آفرینی کی فضا پیدا کرنے کی کوشش کی ہے اور یہی بات ان کو دیگر نوجوان شعراء سے ممتاز کرتی ہے، ان کے کچھ اشعار دیکھیئے۔

سمندر کتنا گہرا ہے، کنارے سوچتے ہوں گے
زمیں سے آسماں تک استعارے سوچتے ہوں گے

نظارہ منظروں کی کتنی پرتوں سے عبارت ہے
کوئی ہو دیدۂ بینا، نظارے سوچتے ہوں گے
----
حسین شعر کہنے کا عمل بذاتِ خود ایک حسین عمل ہے، احمد صاحب کے اشعار دیکھیئے، مجھے پورا یقین ہے کہ ایسے اشعار تخلیق کرتے ہوئے وہ خود بھی بہت محظوظ ہوئے ہونگے۔

رات کی رانی، اوس کا پانی، جگنو، سرد ہوا
مُسکاتی، خوشبو مہکاتی، جنگل جنگل شام

رنگ سُنہرا دھوپ سا اُس کا، گیسو جیسے رات
چاند سا اُجلا اُجلا چہرہ، اُس کا آنچل شام
-----
چھوٹی بحر اس خاکسار کو انتہائی پسند ہے، اور چھوٹی بحر میں شعر کہنا ایک مشکل ترین امر ہے کہ اس میں بھرتی کے الفاظ کی قطعاً کوئی گنجائش نہیں ہوتی، احمد صاحب کے شعر دیکھیئے

کچھ کسی کو نظر نہیں آتا
روشنی بے حساب ہے شاید

کیا محبت اُسے بھی ہے مجھ سے
مختصر سا جواب ہے 'شاید'
----
امید کرتا ہوں کہ احمد صاحب اسی طرح کی خوبصورت شاعری تخلیق کرتے رہیں گے اور اپنے بلاگ پر پیش کرتے رہیں گے اور اس بات کا بھی یقین ہے کہ انہوں نے اردو سیارہ پر اپنے بلاگ کی شمولیت کی درخواست ضرور دے دی ہوگی تا کہ جیسے ہی انکے بلاگ کی عمر 'دو ماہ' ہو وہ اردو سیارہ پر ظاہر ہونا شروع ہو جائے اور احمد صاحب کی تخلیقات قارئین تک اور قارئین ان تک پہنچ سکیں۔

متعلقہ تحاریر : تعارف

10 comments:

  1. بہت خوب ۔ ۔وارث بہت اچھا تعارف ہے

    امید

    ReplyDelete
  2. السلام علیکم بہت شکریہ سر جی احمد صاحب کے بلاگ کاتعارف لکھنے کا احمد صاحب بے شک بہت اچھے شاعر ہیں

    ReplyDelete
  3. احمد صاحب سے ملاقات کا بہت اشتیاق ہے اور آپ کے پیش کردہ تعارف نے اس خواہش کو مزید بڑھا دیا ہے۔ کسی دن مغل صاحب کے ساتھ ان کے "آستانے" پر حاضری دیں گے ان شآء اللہ۔ تعارف پیش کرنے کا بہت شکریہ وارث صاحب

    ReplyDelete
  4. قبلہ پہلے تو یہ بتائیں اتنی لمبی غیر حاضری۔۔۔۔
    شاعری کی نزاکتوں سے آشنا ہی ایسا تعارف لکھ سکتا ہے
    اور سچ پوچھیں تو بہت دن کے بعد اتنی عمدہ شاعری پڑھنے کو ملی۔۔۔

    ReplyDelete
  5. بہت شکریہ امید، افضل صاحب، خرم، فہد صاحب اور جعفر، نوازش۔
    جعفر کوئی خاص لمبی غیر حاضری تو نہیں رہی، بس چلتا رہتا ہے۔

    ReplyDelete
  6. بہت شکریہ وارث بھائی کے آپ نے میرے بلاگ کا تعارف پیش کیا ۔ یہ سب آپ کی محبت اور میری خوش بختی ہے کہ آپ نے اس خاکسار کے بارے میں اتنا کچھ لکھ دیا ورنہ میں ہرگز اس قابل نہیں ہوں۔ میرا بلاگ اردو محفل اور اور اردو محفل کے دوستوں کی مرہونِ منت ہے ورنہ میں بلاگ بنانے کا بھی اہل نہیں ہوں۔

    ساتھ ساتھ میں کراچی کے ادبی حلقوں میں ہرگز فعال نہیں ہوں، کبھی سال دو سال میں مارے باندھے کسی ایک آدھ تقریب میں چلا جاتا ہوں تو چلا جاتا ہوں ورنہ میں اس مشقت کا اہل بھی نہیں ہوں نہ ہی زندگی ان سب چیزوں کے لئے مہلت دیتی ہے۔

    اردو سیّارہ پر میں نے اپنے بلاگ کی شمولیت کی درخواست تو دے دی ہے ۔ میرے بلاگ کا اندراج تو دسمبر 2008 کا ہے ، لیکن پہلی پوسٹ جون 2009 کی ہے۔ اب جو بھی ہو۔

    آخر میں ایک بار پھر آپ کا بہت بہت شکریہ ! کہ مجھ ایسا تہی دامن اگر چاہے بھی تو آپ کی محبت کا قرض نہیں چکا سکتا۔

    ReplyDelete
  7. تعارف کا بہت بہت شکریہ جناب
    بلاگ کی کامیابی کے لئے ہم دل سے دعا گو ہیں

    ReplyDelete
  8. احمد صاحب کی شاعری بہت اچھی لگی. امید ہے کہ ان کے بلاگ پر تازہ بہ تازہ کلام پڑھنے کو ملے گا.

    ReplyDelete
  9. شکریہ ڈفر بھائی اور سیّد حیدرآبادی صاحب۔

    ReplyDelete