Aug 28, 2009

ایک تازہ غزل

ایک تازہ غزل دوستوں کے نام

تازہ ہوا کا جھونکا بنایا گیا مجھے
دنیائے بے نمو میں پھرایا گیا مجھے
میں آنکھ سے گرا تو زمیں کے صدف میں تھا
بہرِ جمالِ عرش اُٹھایا گیا مجھے
سازش میں کون کون تھا، مجھ کو نہیں ہے علم
مُصحَف میں اک ہی نام بتایا گیا مجھے
بخشی گئی بہشت مجھے کس حساب میں؟
دوزخ میں کس بنا پہ جلایا گیا مجھے؟
چیخا کبھی جو دہر کے ظلم و ستم پہ میں
قسمت کی لوری دے کے سُلایا گیا مجھے
بیدادِ دہر نے جو کیا سنگ دل ہمیں
تو کربلا دکھا کے رُلایا گیا مجھے
تسخیرِ کائنات کا تھا مرحلہ اسد
یوں ہی نہیں یہ علم سکھایا گیا مجھے

متعلقہ تحاریر : محمد وارث, میری شاعری

13 comments:

  1. چیخا کبھی جو دہر کے ظلم و ستم پہ میں
    قسمت کی لوری دے کے سُلایا گیا مجھے
    بیدادِ دہر نے جو کیا سنگ دل ہمیں
    تو کربلا دکھا کے رُلایا گیا مجھے

    واہ واہ کیا کہنے جناب

    ReplyDelete
  2. میں آنکھ سے گرا تو زمیں کے صدف میں تھا
    بہرِ جمالِ عرش اُٹھایا گیا مجھے

    بخشی گئی بہشت مجھے کس حساب میں؟
    دوزخ میں کس بنا پہ جلایا گیا مجھے؟

    تسخیرِ کائنات کا تھا مرحلہ اسد
    یوں ہی نہیں یہ علم سکھایا گیا مجھے

    سبحان اللہ وارث بھائی! کیا عمدہ غزل ہے۔ واہ واہ، بہت خوب!

    دل خوش ہوگیا۔ نذرانہٗ تحسین پیشِ خدمت ہے جناب! قبول کیجے۔

    ReplyDelete
  3. چیخا کبھی جو دہر کے ظلم و ستم پہ میں
    قسمت کی لوری دے کے سُلایا گیا مجھے
    بیدادِ دہر نے جو کیا سنگ دل ہمیں
    تو کربلا دکھا کے رُلایا گیا مجھے

    واہ سبحان اللہ۔ عمدہ غزل کیلیے بیحد شکریہ۔

    ReplyDelete
  4. بہت دنوں کے بعد ایک اچھی غزل پڑھنے کو ملی -- سl جبرو قدر، مذہب کی افیون، قسمت مین جو لیکھا--حاصلَِ غزل قسمت کی لوری-دماغ کو جہنجوڈ دینے والی غزل--عابد

    ReplyDelete
  5. بہت اچھی غزل ہے اور مضمون بھی خوب باندھا ہے۔ اس شعر کا مطلب تو بتا دیں۔
    سازش میں کون کون تھا، مجھ کو نہیں ہے علم
    مُصحَف میں اک ہی نام بتایا گیا مجھے
    اور یہ بھی بتا دیں کہ جس غزل میں ایک ہی مضمون باندھا گیا ہو اسے کیا کہتے ہیں۔

    ReplyDelete
  6. بہت شکریہ آپ سب احباب کا نوازش۔
    راشد صاحب، بہت شکریہ حضور۔
    نوازش احمد بھائی۔
    بہت شکریہ سعد۔
    نوازش عابد صاحب، بہت خوشی ہوئی آپ کو یہاں اور تبصرہ دیکھ کر۔
    شکریہ افضل صاحب، ایسی غزل کو ‘غزلِ مسلسل‘ کہتے ہیں، اور شعر کا آسان مطلب تو یہی ہے کہ شیطان کے ساتھ بھی ضرور کوئی شامل تھا :) یہ خیال نیا نہیں ہے، علامہ کا ایک خوبصورت شعر ہے
    اسے صبح ازل انکار کی جرأت ہوئی کیوں کر
    مجھے معلوم کیا ، وہ راز داں تیرا ہے یا میرا؟

    ReplyDelete
  7. بہت اعلیٰ حضور سیالکوٹ کا نام روشن کرنے کی ٹھان لی آپ نے ۔

    ReplyDelete
  8. بہت شکریہ کامی صاحب اور جعفر صاحب، نوازش۔

    ReplyDelete
  9. بہت خوب وارث جی کیا بات ہے
    بخشی گئی بہشت مجھے کس حساب میں؟
    دوزخ میں کس بنا پہ جلایا گیا مجھے؟
    چیخا کبھی جو دہر کے ظلم و ستم پہ میں
    قسمت کی لوری دے کے سُلایا گیا مجھے

    ReplyDelete
  10. بہت شکریہ تانیہ رحمان صاحبہ، نوازش آپ کی۔

    ReplyDelete
  11. سلام علیکم

    میں آنکھ سے گرا تو زمیں کے صدف میں تھا
    بہرِ جمالِ عرش اُٹھایا گیا مجھے

    بہت خوب جناب، سبحان اللہ

    ReplyDelete
  12. بہت شکریہ نقوی صاحب، نوازش آپ کی۔

    ReplyDelete