Jun 9, 2010

شورشِ زنجیر بسم اللہ - فیض

فیض احمد فیض کی ایک نظم جو مجھے بہت پسند ہے۔

شورشِ زنجیر بسم اللہ

ہوئی پھر امتحانِ عشق کی تدبیر بسم اللہ
ہر اک جانب مچا کہرامِ دار و گیر بسم اللہ
گلی کوچوں میں بکھری شورشِ زنجیر بسم اللہ

درِ زنداں پہ بُلوائے گئے پھر سے جنوں والے
دریدہ دامنوں والے، پریشاں گیسوؤں والے
جہاں میں دردِ دل کی پھر ہوئی توقیر بسم اللہ
ہوئی پھر امتحانِ عشق کی تدبیر بسم اللہ
Faiz Ahmed Faiz, فیض احمد فیض, urdu poetry, urdu ghazal, ilm-e-arooz, taqtee
Faiz Ahmed Faiz, فیض احمد فیض

گِنو سب داغ دل کے، حسرتیں شوقیں نگاہوں کی
سرِ دربار پُرسش ہو رہی ہے پھر گناہوں کی
کرو یارو شمارِ نالۂ شبگیر بسم اللہ

ستم کی داستاں، کشتہ دلوں کا ماجرا کہیے
جو زیرِ لب نہ کہتے تھے وہ سب کچھ برملا کہیے
مُصر ہے محتسب رازِ شہیدانِ وفا کہیے
لگی ہے حرفِ نا گفتہ پر اب تعزیر بسم اللہ

سرِ مقتل چلو بے زحمتِ تقصیر بسم اللہ
ہوئی پھر امتحانِ عشق کی تدبیر بسم اللہ

لاہور جیل
جنوری 1959ء
------

بحر - بحر ہزج مثمن سالم
افاعیل - مَفاعِیلُن مَفاعِیلُن مَفاعِیلُن مَفاعِیلُن
اشاری نظام - 2221 2221 2221 2221
(ہندسوں کو اردو طریقے سے پڑھیں یعنی دائیں سے بائیں یعنی 1 پہلے ہے)
تقطیع -
ہوئی پھر امتحانِ عشق کی تدبیر بسم اللہ
ہر اک جانب مچا کہرام دار و گیر بسم اللہ
گلی کوچوں میں بکھری شورشِ زنجیر بسم اللہ

ہُ ئی پر ام - مفاعیلن - 2221
تِ حا نے عش - مفاعیلن - 2221
ق کی تد بی - مفاعیلن - 2221
ر بس مِل لا - مفاعیلن - 2221
ہَ رِک جا نب - مفاعیلن - 2221 (الف کا وصال نوٹ کریں)۔
مچا کہرا - مفاعیلن - 2221
مِ دا رو گی - مفاعیلن - 2221
ر بس مِل لا - مفاعیلن - 2221
گلی کو چو - مفاعیلن - 2221
مِ بکری شو - مفاعیلن - 2221
ر شے زن جی - مفاعیلن - 2221
ر بس مِل لا - مفاعیلن - 2221

لفظ 'اللہ' کے وزن کے بارے میں ایک وضاحت یہ کہ اسکا صحیح وزن تو ال لا ہ یعنی مفعول یا 2 2 1 ہے اور کچھ ماہرینِ عروض اس لفظ کی آخری 'ہ' کو گرانا جائز نہیں سمجھتے لیکن شعرا عموماً اسکی پروا نہیں کرتے اور بلا تکلف اس کو 'ال لا' یعنی فعلن 2 2 باندھتے ہیں۔ لیکن اس نظم میں ایسا کوئی مسئلہ نہیں ہے گو میں نے تقطیع میں ہ کو حذف کر دیا ہے لیکن اگر ہ کو نہ بھی گرایا جائے تو آخری رکن مفاعیلن کی جگہ مفاعیلان بنے گا جو کے اسے بحر میں جائز ہے۔

متعلقہ تحاریر : اردو شاعری, اردو نظم, بحر ہزج, بحر ہزج مثمن سالم, تقطیع, فیض احمد فیض

8 comments:

  1. بہت عمدہ وارث صاحب۔ مگر ہمیں تقطیع کرنا پھر بھی نہ آئی۔ :)

    ReplyDelete
  2. اس نظم ميں بسم اللہ کا استعمال کس لحاظ سے کيا گيا ہے ؟
    شايد آپ جانتے ہوں کہ فيض احمد فيض کيپٹلسٹ اور دہريا تھا

    ReplyDelete
  3. شکریہ فرخ صاحب، کوشش جاری رکھیے۔

    اجمل صاحب، کیپٹلسٹ آپ شاید غلط لکھ گئے، ہاں سوشلسٹ یا کمیونسٹ تھے، دہریے تھے یا نہیں اللہ بہتر جانتا ہے لیکن کیا فرق پڑتا ہے۔ بسم اللہ کا استعمال کسی کی جاگیر تو نہیں ہے؟ ویسے وضاحت کیلیے عرض کر دوں کہ یہاں بسم اللہ کا استعمال بالکل انہی معنوں میں استعمال ہوا ہے جن میں عموماً کسی کو خوش آمدید کہتے ہوئے یا کوئی کام شروع کرتے ہوئے کرتے ہیں۔

    ReplyDelete
  4. ASLAM_O_ALIUKM SIR I READ IT AND NOW I LITTLE UNDERSTAND IT I HOPE YOU GUID ME I AM VERY KIND OF YOU SIR I SEND YOU MY POETRY EMAIL NOW I WAIT YOUR ANSER>>>>

    CAP IBRAR AHMAD
    ATTOCK CANTT

    ReplyDelete
  5. یہ میری بھی پسندیدہ ترین نظموں میں سے ہے۔
    فیض کا کمال دیکھیے کہ خالصتاً پنجابی محاورے کے استعمال نے بھی نظم کہ گہنایا نہیں بلکہ اسے مزید خوبصورت بنا دیا۔

    ReplyDelete