Jun 23, 2010

خدا کہوں گا تمھیں، ناخدا کہوں گا تمھیں ۔ جمیل الدین عالی کی ایک غزل

جمیل الدین عالی یوں تو اردو شاعری میں اپنے دوہوں کی وجہ سے جانے جاتے ہیں، اور انکے چند دوہے پہلے لکھ چکا ہوں لیکن انہوں نے خوبصورت غزلیں بھی کہی ہیں اور انہی میں ایک غزل جو مجھے بہت پسند ہے۔


خدا کہوں گا تمھیں، ناخدا کہوں گا تمھیں
پکارنا ہی پڑے گا تو کیا کہوں گا تمھیں

مری پسند مرے نام پر نہ حرف آئے
بہت حسین بہت با وفا کہوں گا تمھیں
urdu poetry, urdu ghazal, ilm-e-arooz, taqtee, Jamil-ud-Din Aali, جمیل الدین عالی
Jamil-ud-Din Aali, جمیل الدین عالی
ہزار دوست ہیں، وجہِ ملال پوچھیں گے
سبب تو صرف تمھی ہو، میں کیا کہوں گا تمھیں

ابھی سے ذہن میں رکھنا نزاکتیں میری
کہ ہر نگاہِ کرم پر خفا کہوں گا تمھیں

ابھی سے اپنی بھی مجبوریوں کو سوچ رکھو
کہ تم ملو نہ ملو مدعا کہوں گا تمھیں

الجھ رہا ہے تو الجھے گروہِ تشبیہات
بس اور کچھ نہ کہوں گا ادا کہوں گا تمھیں

قسم شرافتِ فن کی کہ اب غزل میں کبھی
تمھارا نام نہ لوں گا صبا کہوں گا تمھیں

----

بحر - بحرِ مجتث مثمن مخبون محذوف مقطوع
افاعیل: مَفاعِلُن فَعِلاتُن مَفاعِلُن فَعلُن
(آخری رکن فعلن کی جگہ فعلان، فَعِلُن اور فعِلان بھی آ سکتے ہیں)
اشاری نظام - 2121 2211 2121 22
ہندسوں کو اردو کی طرز پر یعنی دائیں سے بائیں پڑھیے یعنی 1 پہلے ہے۔
(آخری رکن میں 22 کی جگہ 122، 211 اور 1211 بھی آ سکتے ہیں)
پہلے شعر کی تقطیع -

خدا کہوں گا تمھیں، ناخدا کہوں گا تمھیں
پکارنا ہی پڑے گا تو کیا کہوں گا تمھیں

خُدا کہو - مفاعلن - 2121
گَ تُ مے نا - فعلاتن - 2211
خدا کہو - مفاعلن -2121
گَ تُ مے - فعلن - 211
پکارنا - مفاعلن - 2121
ہِ پَ ڑے گا - فعلاتن - 2211
تُ کا کہو - مفاعلن - 2121
گَ تُ مے - فعلن - 211

متعلقہ تحاریر : اردو شاعری, اردو غزل, بحر مجتث, تقطیع, جمیل الدین عالی

4 comments:

  1. جمیل الدین عالی کا کالم میں اپنی اردو بہتر کرنے کے لئے پڑھتا تھا. البتہ اُن کے کالم کا غیر روایتی انداز اور ان کی کچھ موضوعات پر فلسفہ آرائی مجھے کبھی راس نہ آئی.

    ReplyDelete
  2. واہ! خوبصورت غزل ہے قبلہ وارث صاحب. مزا آ گیا۔ بہت شکریہ!

    "ابھی سے اپنی مجبوریوں کو سوچ رکھو" کے مصرع میں شاید کوئی لفظ لکھنے سے رہ گیا ہے.

    ReplyDelete
  3. السلام علیکم
    آپ نے اس غزل میں ایک مصرع اس طرح لکھا ہے:

    سبب تو صرف تمھیں ہو، میں کیا کہوں گا تمھیں

    میرے خیال میں سبب تو صرف کے بعد تمہی ہونا چاہپیے نہ کہ تمھیں

    ReplyDelete
  4. شکریہ آپ سب کا۔ فاتح صاحب اور اسرار صاحب، نشاندہی کیلیے شکریہ آپ دونوں کا، غلطیاں درست کر دی ہیں۔

    ReplyDelete