May 19, 2012

لطف وہ عشق میں پائے ہیں کہ جی جانتا ہے - داغ دہلوی

فصیح الملک نواب مرزا خان داغ دہلوی کی ایک انتہائی مشہور اور معروف غزل

لطف وہ عشق میں پائے ہیں کہ جی جانتا ہے
رنج بھی ایسے اٹھائے ہیں کہ جی جانتا ہے

جو زمانے کے ستم ہیں ، وہ زمانہ جانے
تو نے دل اتنے ستائے ہیں کہ جی جانتا ہے

مسکراتے ہوئے وہ مجمعِ اغیار کے ساتھ
آج یوں بزم میں آئے ہیں کہ جی جانتا ہے

انہی قدموں نے تمھارے انہی قدموں کی قسم
خاک میں اتنے ملائے ہیں کہ جی جانتا ہے

داغ دہلوی, Daagh Dehlvi, Urdu Poetry, Classical Urdu Poetry, Ilm-e-Arooz, Ilm-e-Urooz, Taqtee, علم عروض، تقطیع
داغ دہلوی, Daagh Dehlvi
تم نہیں جانتے اب تک یہ تمہارے انداز
وہ مرے دل میں سمائے ہیں کہ جی جانتا ہے

سادگی، بانکپن، اغماض، شرارت، شوخی
تو نے انداز وہ پائے ہیں کہ جی جانتا ہے

دوستی میں تری درپردہ ہمارے دشمن
اس قدر اپنے پرائے ہیں کہ جی جانتا ہے

کعبہ و دیر میں پتھرا گئیں دونوں آنکھیں
ایسے جلوے نظر آئے ہیں کہ جی جانتا ہے

داغِ وارفتہ کو ہم آج ترے کوچے سے
اس طرح کھینچ کے لائے ہیں کہ جی جانتا ہے

(داغ دہلوی)

------

بحر - بحرِ رمل مثمن مخبون محذوف مقطوع

افاعیل - فاعِلاتُن فَعِلاتُن فَعِلاتُن فَعلُن
(پہلے رکن فاعلاتن کی جگہ مخبون رکن فعلاتن بھی آسکتا ہے، آخری رکن فعلن کی جگہ فعلان، فَعِلن اور فَعِلان بھی آسکتا ہے یوں آٹھ وزن اکھٹے ہو سکتے ہیں)

اشاری نظام - 2212 / 2211 / 2211 / 22
ہندسوں کو اردو کی طرز پر دائیں سے بائیں پڑھیے۔ یعنی 2212 پہلے ہے اور اس میں بھی 12 پہلے ہے۔
(پہلے 2212 کی جگہ 2211 اور آخری 22 کی جگہ 122، 211 اور 1211 بھی آ سکتا ہے)

تقطیع -

لطف وہ عشق میں پائے ہیں کہ جی جانتا ہے
رنج بھی ایسے اٹھائے ہیں کہ جی جانتا ہے

لطف وہ عش - فاعلاتن - 2212
ق مِ پائے - فعلاتن - 2211
ہِ کِ جی جا - فعلاتن - 2211
ن تَ ہے - فَعِلن - 211

رنج بی اے - فاعلاتن - 2212
سِ اٹائے - فعلاتن - 2211
ہِ کِ جی جا - فعلاتن - 2211
ن تَ ہے - فَعِلن - 211
-----------

اور یہ غزل ملکہٴ ترنم میڈم نورجہاں کی خوبصورت آواز میں






متعلقہ تحاریر : اردو شاعری, اردو غزل, بحر رمل, بحر رمل مثمن مخبون محذوف مقطوع, تقطیع, داغ دہلوی, کلاسیکی اردو شاعری, موسیقی, نور جہاں

3 comments:

  1. بسم اللہ الرحمن الرحیم
    میں اپنے کچھ اشعار مع تقطیع آپ حضرات کے پیشِ خدمت کرنا چاہتاہوں ۔ایساکرنے کی غرض صرف یہ ہے کہ آپ حضرات ان اشعار کی اصلاح فرمادیں۔یقینًا وہ اشعار محتاجِ اصلاح ہیں ۔
    براہِ کرم مجھے طریقہ بتادیں کہ میں کیسے آپ کے پاس اپنے اشعار اِرسال کروں۔
    شکریہ
    عبدالوہاب غفرلہ التواب

    ReplyDelete
    Replies
    1. تشریف آوری کے لیے شکریہ محترم۔ آپ نیچے دیے گئے فورم پر تشریف لائیں اور رجسٹر ہو جائیں، امید ہے یہاں آپ کو بہتر اصلاح مل جائے گی۔ والسلام
      http://www.urduweb.org/mehfil/forums/%D8%A7%D9%90%D8%B5%D9%84%D8%A7%D8%AD%D9%90-%D8%B3%D8%AE%D9%86.37/

      Delete