Mar 31, 2009

اللہ کی مار

"یہ سب شاعروں پر اللہ کی مار کیوں پڑی ہوتی ہے؟ میری بیوی نے ایک دن کسی کتاب پر کسی شاعر کی تصویر دیکھتے ہوئے کہا۔"
میں نے بے چین ہوتے ہوئے کہا۔ "کیا مطلب"۔
"کچھ نہیں، بس ایسے ہی پوچھ رہی ہوں، جس شاعر کو دیکھو، عجیب حلیہ ہوتا ہے اور عجیب و غریب شکل، ایسے لگتا ہے ان پر اللہ کی مار پڑی ہوئی ہے۔"
خیر میں جواب تو کیا دیتا بس سگریٹ سلگا کر خون کے گھونٹ پی کر رہ گیا۔ ایسا ہی کچھ مکالمہ ایک دن میرے اور میرے بڑے بیٹے، سات سالہ حسن، کے درمیان ہوا۔ میں اسے غالب کے متعلق بتا رہا تھا اور سبق دینے کے بعد اس سے سوال و جواب کا سلسلہ شروع کیا۔
"ہاں اب بتاؤ، غالب کون تھے۔"
"غالب شاعر تھا۔"
"الو، شاعروں کی عزت کرتے ہیں، کہتے ہیں غالب شاعر تھے۔"
"جی اچھا"
"تو کون تھے غالب۔"
"وہ شاعر تھے"
"کس زبان کے شاعر تھے"
"اردو کے"
"اور"
"اور، ۔۔۔۔۔۔۔۔۔فارسی کے"
"شاباش، بہت اچھے"
اس مکالمے کے دوران وہ آہستہ آہستہ مجھ سے دور بھی ہو رہا تھا، کہ اچانک بولا۔
"غالب کے ہاتھ تھے۔"

میں نے چونک کر اسکی طرف دیکھا تو اسکے لبوں پر شرارتی مسکراہٹ کھیل رہی تھی، دراصل اس نے اپنی طرف سے غالب کی توہین کرنے کی کوشش کی تھی کہ میں اسے کہہ رہا تھا شاعروں کی عزت کرنی چاہیئے۔ جب سے ہماری بیوی نے ہمارے بلاگ پر "اُوئے غالب" والی تحریر دیکھی ہے، مسلسل اس کوشش میں ہے کہ بچوں سے شعر و شاعری کو دُور رکھا جائے اور ہر وقت شاعروں کی برائیاں کر کے بچوں کے ذہن میں جو پودا میں لگا رہا ہوں اس کو پنپنے سے پہلے ہی تلف کر دیا جائے۔

اس تحریر سے یہ دکھانا مقصود نہیں ہے کہ ہم "شاعر" ہیں اور ہمارے گھر میں ہماری عزت پھوٹی کوڑی کی بھی نہیں ہے بلکہ نثر کے اس ٹاٹ میں ایک اور ٹاٹ کا ہی پیوند لگانا چاہ رہا ہوں، بیوی بچے آج کل لاہور میں ہیں پورے ایک ہفتے کیلیے اور میں خالی الذہن، ظاہر ہے اس میں شاعری ہی آ سکتی ہے۔

کل رات ایک رباعی ہوئی سوچا بلاگ پر ہی لکھ دوں کہ "محفوظ" ہو جائے وگرنہ کاغذ قلم کا ہم سے کیا رشتہ، سو عرض کیا ہے۔

ہے تیر سے اُلفت نہ نشانے سے ہمیں
کھونے سے غرَض کوئی، نہ پانے سے ہمیں
سو بار کہے ہمیں سگِ لیلیٰ، خلق
کچھ بھی نہیں چاہیے زمانے سے ہمیں

متعلقہ تحاریر : رباعی, محمد وارث, میری تحریریں, میری شاعری

6 comments:

  1. شگفتہ تحریر۔۔۔۔
    :smile:
    جو بندہ بیوی کی جتنی برائیاں کرتا ہو، اتنا ہی پیار ہوتا ہے اسے ۔۔۔۔
    :grin:
    تھوڑے دن کے لئے نظروں کے سامنے نہیں ہیں تو اداسی چھلکی پڑ رہی ہے۔۔۔
    :wink:
    رباعی، دل کے آرپار ہوگئی ہے۔۔۔

    ReplyDelete
  2. بہت اچھی تحریر ہے
    آپ کی بیگم کے ساتھ ہمدردی ہے
    جیہ

    ReplyDelete
  3. بہت شکریہ جعفر اور جیہ۔ جعفر صاحب اداسی بیوی کیلیے نہیں بلکہ بچوں کیلیے ہے :) اور شکریہ محترم رباعی پسند کرنے کیلیے۔
    جیہ آپ کی ہمدردی انشاءاللہ موصوفہ تک پہنچا دی جائے گی :)۔

    ReplyDelete
  4. رباعی تو اپنی جگہ لیکن بیوی اور بچوں کے بارے میں جان کر اچھا لگا ۔ آپ کی بیگم نے بلکل صحیح کہا کہ شاعر حضرات اتنے عجیب و غریب کیوں نظر آتے ہیں ۔ میں نے بھی ایک دفعہ جون ایلیا کو دیکھ کر سوچا کہ شاعری نے ان کی کیا حالت کر دی ۔ اور باقی خواتین و حضرات بھی کچھ کچھ وہ لگتے ہیں ۔؟؟÷ معذرت کے ساتھtania rehman

    ReplyDelete
  5. آہو جی۔۔۔ آپ نے کہا اور ہم نے یقین کرلیا۔۔۔
    اور جناب شاعروں میں ہی منیر نیازی بھی تھے۔۔۔ اسی سال کی عمر میں بھی ایسا خوبصورت اور خوش لباس شخص کم ہی ہوگا۔۔۔اور اب یہ اپنا وصی شاہ ہے۔۔۔ اور ماشاءاللہ آپ کی مورت سے بھی لگتا ہے ک کسی سے کم نہیں ہیں آپ ۔۔
    اور جون ایلیا کا تو مسئلہ ہی دوسرا تھا۔۔۔
    زاہدہ حنا کی کی وجہ سے ہوش و حواس گنوا بیٹھے تھے۔۔۔

    ReplyDelete
  6. شکریہ تانیہ رحمان صاحبہ اور جعفر صاحب۔

    تانیہ صاحبہ، "وہ" سے آپ کی کیا مراد ہے بھئی کیا لگتے ہیں آپ کو شاعر حضرات :)، میری بیوی نے بھی شاید جون ایلیا وغیرہ کی تصویر دیکھ کر ہی کہا تھا۔

    جعفر صاحب، شکریہ ماننے اور 'مورت' کیلیے :)۔

    ReplyDelete