عالمی شہرفت یافتہ سید صادقین احمد نقوی مرحوم، دنیائے خطّاطی و نقّاشی و مصوّری میں ایک زندہ و جاوید نام ہیں۔ اس درویش صفت انسان کی ہمہ جہتی شخصیت کا ایک پہلو ان کی اردو رباعیات ہیں، رباعی سے شاید انہیں اتنا ہی عشق تھا جتنا اپنی خطاطی اور مصوری سے۔ رباعیات پر مشتمل ان کی دو کتب، "رباعیاتِ صادقین خطّاط" اور "رباعیاتِ صادقین نقّاش" چھپ چکی ہیں۔
اپنے بلاگ کے قارئین کیلیے صادقین کی کچھ رباعیات لکھ رہا ہوں، یہ رباعیات "
صادقین فاؤنڈیشن" ویب سائٹ اور اردو محفل سے حاصل کی ہیں۔ صادقین کی سوانح عمری اور انکی فن و شخصیت کے بارے میں کچھ خوبصورت اردو مضامین
اس ویب سائٹ پر پڑھے جا سکتے ہیں
(1)
ہم، حُسن پرستی کے قرینوں کے لیے
ہوجاتے ہیں معتکف مہینوں کے لیے
تصویر بناتے ہیں خود اپنی خاطر
اور شاعری کرتے ہیں حسینوں کے لیے
(2)
کرتا ہے یہ شور و شین، آیا کیوں ہے؟
کیا اس کو نہیں ہے چین، آیا کیوں ہے؟
خیّام نے سرمد سے یہ پوچھا، آخر
اِس کُوچے میں صادقین آیا کیوں ہے؟
(3)
ہو شغلِ مے و جام میں، آوارہ ہو
لگ جاؤ کسی کام میں، آوارہ ہو
اے سیّدِ صادقین احمد نقوی
کیوں کوچۂ خیّام میں آوارہ ہو
(4)
جاناں کے جمال کا جو کچھ ہو ادراک
ہوجاتی ہے اظہار کی صورت بیباک
لیلائے خیالات کا تن ڈھانپنے کو
ہیں طغرہ و تصویر و رباعی پوشاک
(5)
میں خانۂ زردار سجاؤں کیسے؟
افسانہ، حقیقت کو بتاؤں کیسے؟
موجود ہیں زندہ خار، آخر تصویر
اِن کاغذی پھولوں کی بناؤں کیسے؟
(6)
ہم اپنے ہی دل کا خوں بہانے والے
اک نقشِ محبّت ہیں بنانے والے
عشرت گہِ زردار میں کھینچیں تصویر؟
ہم کوچۂ جاناں کو سجانے والے
(7)
خون اپنا بہانے کو ہے حاضر فنکار
اِس بات پہ لیکن وہ نہیں ہے تیّار
جاسوس جہاں کھیل رہے ہوں پتّے
ہو ایسی کمیں گاہ میں اُس کا شہکار
|
Sadequain, صادقین |
(8)
کر کے کوئی تدبیر نہیں کھینچنے کا
نقش ایسا یہ دلگیر نہیں کھینچنے کا
رانی کی بناؤں گا کہ مہ وش وہ ہے
راجہ کی میں تصویر نہیں کھینچنے کا
(9)
ہر نقش میں تھا جلوۂ ایماں ساقی
آ کر ہوئے مایوس و پریشاں ساقی
کل میری نمائش میں بڑے مولوی آئے
یہ سُن کے کہ تصویریں ہیں عریاں ساقی
(10)
حرفِ غیرت مٹا گیا ہے پانی
نقشِ وحشت بنا گیا ہے پانی
سُن کر مری تصویروں کے دو اک عنوان
ملّاؤں کے منہ میں آ گیا ہے پانی
(11)
میں نے، تھی جگہ خالی، تو لکھّیں آیات
دیکھیں لٹیں جب کالی تو لکھّیں آیات
آیات کو دیکھا تو بنائے مکھڑے
مکھڑوں پہ نظر ڈالی تو لکھّیں آیات
(12)
دیکھا قد و گیسو میں کمالِ محبوب
اُف کتنے حسیں ہیں خد و خالِ محبوب
یہ طغرہ و تصویر نہیں لوحوں پر
ہے سایۂ سایۂ جمالِ محبوب
(13)
یہ دیکھ کے، رکھتا ہے خیالاتِ جدید
اس کو زر و دینار سے نفرت ہے شدید
پھر رُوح القدس کے ہاتھ بھیجی تھی مجھے
ابجد کے خزانے کی مشّیت نے کلید
(14)
منہ میں لیے اک چاندی کا چمچہ ساقی
دشمن ہوا اک قصر میں پیدا ساقی
اور چٹکی میں ابجد کے خزانے کی کلید
میں لے کے ہوں آفاق میں آیا ساقی
|
سید صادقین احمد نقوی
Sadequain |
(15)
مہ پاروں کے گھیرے میں بھی لکھ سکتا ہوں
شام اور سویرے میں بھی لکھ سکتا ہوں
مکھڑوں کے تصوّر کے جلا کے میں چراغ
زلفوں کے اندھیرے میں بھی لکھ سکتا ہوں
(16)
لو وادیٔ الہام میں آ پہنچا ہے
لو، مملکتِ جام میں آ پہنچا ہے
مانی بھی اُسی شوخ کا جلوہ کرنے
اب کوچۂ خیّام میں آ پہنچا ہے
(17)
ہیں گیسو و ابرو کے یہی خم اے یار
خامے میں ہے موقلم کا عالَم اے یار
عرفی کم و بیش تھا مصوّر جتنا
اتنا ہی میں شاعر ہوں کم از کم اے یار
(18)
دو دن کو ہوں اس شہر میں اشعار کے میں
جو کچھ ہے چلا جاؤں گا سب ہار کے میں
کرتا ہوں نگارِ شعر، تیری خاطر
معشوقۂ تصویر کا حق مار کے میں
(19)
عاشق کیلیے رنج و الم رکھے ہیں
شاہوں کیلیے تاج و علم رکھے ہیں
میرے لیے کیا چیز ہے؟ میں نے پوچھا
آئی یہ صدا لوح و قلم رکھے ہیں
(20)
اس صنف پہ عاشق تھا گواہی دو نجوم
تختی پہ لکھا کرتا تھا جب تھا معصوم
طفلی میں رباعیاں کئی تھیں مجھے یاد
کیا لفظ غزل ہے یہ نہیں تھا معلوم
(21)
روٹھا جو جمال ہے منایا میں نے
اک جشنِ وصال ہے منایا میں نے
اس عمرِ عزیز کا رباعی کہہ کر
چالیسواں سال ہے منایا میں نے
(22)
تخلیق میں معتکف یہ ہونا میرا
اب تک شبِ ہستی میں نہ سونا میرا
خطّاطی ادھر ہے تو ادھر نقّاشی
وہ اوڑھنا میرا یہ بچھونا میرا
|
Sadequain, صادقین
|
(23)
مکھڑے کی تو تنویر سے باتیں کی تھیں
اور زلف کی زنجیر سے باتیں کی تھیں
کل اک تری تصویر بنا کر میں نے
پھر کچھ تری تصویر سے باتیں کی تھیں
(24)
ایک بار میں ساحری بھی کرکے دیکھوں
کیا فرق ہے شاعری بھی کرکے دیکھوں
تصویروں میں اشعار کہے ہیں میں نے
شعروں میں مصوّری بھی کرکے دیکھوں
(25)
کیں لغزشیں شاعری میں واپس آیا
پھر کوچۂ بت گری میں واپس آیا
تصویروں نے سینے سے لگایا مجھ کو
جب شہرِ مصوّری میں واپس آیا
(26)
وعدہ جو کیا نورِ سحر سے میں نے
مقتل میں وفا کیا وہ سر سے میں نے
جلّاد کا کرنے کے لیے استقبال
چھڑکاؤ کیا خونِ جگر سے میں نے
(27)
یہ تو نہیں قدرت کا اشارہ نہ ہوا
میں پھر چلا سوئے کفر، یارا نہ ہوا
اسلام سے بندے کا مشرّف ہونا
اسلام کے مفتی کو گوارا نہ ہوا
(28)
سختی سے چٹانوں کی نہ ہمّت ہارا
پھر موم سے بھی نرم تھا سنگِ خارا
پھوٹا وہیں فوّارۂ آبِ شیریں
کل سنگ پہ پھاوڑہ جو میں نے مارا
(29)
دنیا کو اٹھا تھا میں دکھانے کیا کیا
دنیا ہی سے بیٹھا ہوں چھپانے کیا کیا
قالین کے اوپر ہیں صحیفے لیکن
قالین کے نیچے ہے نہ جانے کیا کیا
(30)
دل کی مرے دنیا کہ بڑی ہے کالی
باتوں میں مری چھائی ہوئی ہریالی
جس شخص کو دیتا ہوں میں دل میں گالی
کہتا ہوں زبان سے، جنابِ عالی
مزید پڑھیے۔۔۔۔