Feb 22, 2009

علامہ اقبال کی ایک نظم 'از خوابِ گِراں خیز' مع ترجمہ

'زبور عجم' کا علامہ اقبال کے کلام میں ایک اپنا مقام ہے، اس کتاب میں علامہ کی وہ مخصوص شاعری ہے جس کا پرچار وہ ساری زندگی کرتے رہے، عمل کی تلقین سے بھری اس کتاب میں سے 'انقلاب' کے موضوع پر ایک نظم پہلے پوسٹ کر چکا ہوں، یہ نظم بھی اسی موضوع پر ہے اور کیا خوبصورت نظم ہے۔
اس نظم میں جو ٹِیپ کا مصرع (بار بار آنے والا) 'از خوابِ گِراں، خوابِ گِراں، خوابِ گراں خیز' (گہری نیند سے اٹھ) ہے، اسکے متعلق کبھی کسی اخبار کے ایک کالم میں پڑھا تھا کہ لاہور کا ایک کاروباری شخص کسی سلسلے میں وسطی ایشیا کے ایک ملک میں مقیم تھا، یہ وہ دن تھے جب وسطی ایشیائی ملک آزادی حاصل کر رہے تھے، اسکا کہنا ہے کہ ایک دن وہاں ہزاروں مظاہرین صبح سے لیکر شام تک صرف اسی مصرعے کے نعرے لگاتے رہے، وہ واپس آیا تو اس نے اپنے کسی دوست سے ذکر کیا تو اس نے اسے بتایا کہ یہ مصرع تو اقبال کا ہے۔ اور اقبال کی یہی شاعری ہے کہ انقلاب کے دوران ایرانی اس بات پر پچھتاتے رہے کہ اقبال کے اولین مخاطب تو ہم ہیں لیکن عرصۂ دراز تک اس کے کلام کو سمجھا ہی نہیں۔ اپنے ملک میں ماشاءاللہ اقبال کی فارسی شاعری کا جو حال ہے اسکا نوحہ پڑھنے سے بہتر مجھے یہ لگا کہ اقبال کی یہ خوبصورت اور لازوال نظم پڑھی جائے۔

اے غنچۂ خوابیدہ چو نرگس نِگَراں خیز
کاشانۂ ما، رفت بتَاراجِ غماں، خیز
از نالۂ مرغِ چمن، از بانگِ اذاں خیز
از گرمیِ ہنگامۂ آتش نفَساں خیز
از خوابِ گِراں، خوابِ گِراں، خوابِ گِراں خیز
از خوابِ گِراں خیز
اے سوئے ہوئے غنچے، نرگس کی طرف دیکھتے ہوئے اٹھ، ہمارا گھرغموں اور مصیبتوں نے برباد کر دیا، اٹھ، چمن کے پرندے کی فریاد سے اٹھ، اذان کی آواز سے اٹھ، آگ بھرے سانس رکھنے والوں کی گرمی کے ہنگامہ سے اٹھ، (غفلت کی) گہری نیند، گہری نیند، (بہت) گہری نیند سے اٹھ۔

خورشید کہ پیرایہ بسیمائے سحر بست
آویزہ بگوشِ سحر از خونِ جگر بست
از دشت و جبَل قافلہ ہا، رختِ سفر بست
اے چشمِ جہاں بیں بہ تماشائے جہاں خیز
از خوابِ گِراں، خوابِ گِراں، خوابِ گِراں خیز
از خوابِ گِراں خیز

سورج جس نے صبح کے زیور سے ماتھے کو سجھایا، اس نے صبح کے کانوں میں خونِ جگر سے بندہ لٹکایا، یعنی صبح ہو گئی، بیابانوں اور پہاڑوں سے قافلوں نے سفر کیلیے سامان باندھ لیا ہے، اے جہان کو دیکھنے والے آنکھ، تُو بھی جہان کے تماشا کیلیے اٹھ، یعنی تو بھی اٹھ، گہری نیند سے اٹھ، بہت گہری نیند سے اٹھ۔

خاور ہمہ مانندِ غبارِ سرِ راہے است
یک نالۂ خاموش و اثر باختہ آہے است
ہر ذرّۂ ایں خاک گرہ خوردہ نگاہے است
از ہند و سمر قند و عراق و ہَمَداں خیز
از خوابِ گِراں، خوابِ گِراں، خوابِ گِراں خیز
از خوابِ گِراں خیز

مشرق (خاور) سب کا سب راستے کے غبار کی مانند ہے، وہ ایک ایسی فریاد ہے جو کہ خاموش ہے اور ایک ایسی آہ ہے جو بے اثر ہے، اور اس خاک کا ہر ذرہ ایک ایسی نگاہ ہے جس پر گرہ باندھ دی گئی ہے (نابینا ہے)، (اے مشرقیو) ہندوستان و سمرقند (وسطی ایشیا) و عراق (عرب) اور ہمدان(ایران، عجم) سے اٹھو، گہری نیند، گہری نیند، بہت گہری نیند سے اٹھو۔

دریائے تو دریاست کہ آسودہ چو صحرا ست
دریائے تو دریاست کہ افزوں نہ شُد وکاست
بیگانۂ آشوب و نہنگ است، چہ دریاست؟
از سینۂ چاکش صِفَتِ موجِ رواں خیز
از خوابِ گِراں، خوابِ گِراں، خوابِ گِراں خیز
از خوابِ گِراں خیز

تیرا دریا ایک ایسا دریا ہے کہ جو صحرا کی طرح پرسکون (بے آب) ہے، تیرا دریا ایک ایسا دریا ہے کہ جو بڑھا تو نہیں البتہ کم ضرور ہو گیا ہے، یہ تیرا دریا کیسا دریا ہے کہ وہ طوفانوں اور مگر مچھوں (کشمکشِ زندگی) سے بیگانہ ہے، اس دریا کے پھٹے ہوئے سینے سے تند اور رواں موجوں کی طرح اٹھ، گہری نیند سے اٹھ، گہری نیند سے اٹھ، بہت گہری نیند سے اٹھ کھڑا ہو۔

Persian poetry, Persian Poetry with Urdu translation, Farsi poetry, Farsi poetry with urdu translation, Allama Iqbal, علامہ اقبال
Allama Iqbal, علامہ اقبال
ایں نکتہ کشائندۂ اسرارِ نہاں است
ملک است تنِ خاکی و دیں روحِ رواں است
تن زندہ و جاں زندہ ز ربطِ تن و جاں است
با خرقہ و سجّادہ و شمشیر و سناں خیز
از خوابِ گِراں، خوابِ گِراں، خوابِ گِراں خیز
از خوابِ گِراں خیز

یہ بات چھپے ہوئے بھیدوں کو کھولنے والی ہے (غور سے سن)، تیرا خاکی جسم اگر ملک ہے تو دین اسکی جان اور روحِ رواں اور اس پر حکمراں ہے، جسم اور جان اگر زندہ ہیں تو وہ جسم اور جان کے ربط ہی سے زندہ ہیں، لہذا خرقہ و سجادہ و شمشیر و تلوار کے ساتھ (یعنی صوفی، زاہد اور سپاہی) اٹھ، گہری نیند، گہری نیند، بہت گہری نیند میں ڈوبے ہوئے اٹھ۔

ناموسِ ازَل را تو امینی، تو امینی
دارائے جہاں را تو یَساری تو یَمینی
اے بندۂ خاکی تو زمانی تو زمینی
صہبائے یقیں در کش و از دیرِ گماں خیز
از خوابِ گِراں، خوابِ گِراں، خوابِ گِراں خیز
از خوابِ گِراں خیز

ازل کی ناموس کا تو ہی امانت دار ہے، جہان کے رکھوالے کا تو ہی دایاں اور بایاں (خلیفہ) ہے، اے مٹی کے انسان تو ہی زمان ہے اور تو ہی مکان ہے (یعنی انکا حکمران ہے) تو یقین کے پیمانے سے شراب پی اور وہم و گمان و بے یقینی کے بتکدے سے اٹھ کھڑا ہو، گہری نیند سے اٹھ کھڑا ہو، بہت گہری نیند سے اٹھ کھڑا ہو۔

فریاد ز افرنگ و دل آویزیِ افرنگ
فریاد ز شیرینی و پرویزیِ افرنگ
عالم ہمہ ویرانہ ز چنگیزیِ افرنگ
معمارِ حرم، باز بہ تعمیرِ جہاں خیز
از خوابِ گِراں، خوابِ گِراں، خوابِ گِراں خیز
از خوابِ گِراں خیز

فریاد ہے افرنگ سے اور اسکی دل آویزی سے، اسکی شیریں (حسن) اور پرویزی (مکاری) سے، کہ تمام عالم افرنگ کی چنگیزیت سے ویران اور تباہ و برباد ہو گیا ہے۔ اے حرم کو تعمیر کرنے والے (مسلمان) تو ایک بار پھراس (تباہ و برباد) جہان کو تعمیر کرنے کیلیے اٹھ کھڑا ہو، (لیکن تُو تو خوابِ غفلت میں پڑا ہوا ہے) اٹھ، گہری نیند سے اٹھ، بہت گہری نیند سے اٹھ۔

متعلقہ تحاریر : اقبالیات, زبور عجم, علامہ اقبال, فارسی شاعری

16 comments:

  1. یہ ہماری مشہورِ زمانہ عوامی حکومت کا کرشمہ ہے جس نے عوام کے دِلوں سے علامہ اقبال کو نکال کر فیض احمد فیض کو بھرنے کی پوری اور کامیاب کوشش کی تھی

    ReplyDelete
  2. یہ ھی ایک وجہ ہے افتخار صاحب لیکن اقبال کے فارسی کلام جس کو علامہ اپنا پختہ کلام سمجھتے تھے اس سے دوری کی کئی ایک وجوہات ہیں، اور سب سے پہلے تو فارسی ہی ہے۔ خیر بلند اقبالوں کا فیض تو جاری رہتا ہے سو رہے گا۔۔۔۔۔۔۔۔

    ReplyDelete
  3. از خوابِ گِراں، خوابِ گِراں، خوابِ گِراں خیز
    از خوابِ گِراں خیز

    اقبال آج بھی اپنے کلام کی صورت میں ہماری رہنمائی کو موجود ہیں لیکن ہمیں احساس ہی نہیں۔ :(
    فارسی کی کیا بات کریں یہاں اقبال کا اردو کلام بھی بری طرح نظر انداز ہو رہا ہے۔

    ReplyDelete
  4. بجا کہا فرحت، اقبال آج بھی راہنمائی کو موجود ہیں اور رہیں گے۔ دوسری بات بھی درست ہے لیکن یہ پیغام کبھی مرے گا نہیں، یہ زندہ ہے اور اسے زندہ رکھنے والے بھی رہیں گے انشاءاللہ تا حشر۔

    ReplyDelete
  5. سلام
    واقعی اصل وجہ میرے خیال میں بھی خود فارسی ہی ہے۔ ۔ ۔ آجکل کے دور میں ہم جیسوں کو علامہ کی اردو شاعری ہی سمجھ آ جائے تو بہت ہے کجا کہ فارسی کلام۔۔ ۔ بس آپ جیسے حضرات ہی اس سلسلے میں مدد کر سکتے ہیں اور کر بھی رہے ہیں۔ ۔ ۔ بہت شکریہ

    ReplyDelete
  6. بہت شکریہ عین لام میم، اور بلاگ پر خوش آمدید۔

    ReplyDelete
  7. بہت اعلی، ماشاءاللہ بہت اچھا بلاگ ہے۔ دعا ہے کہ وہ دن جلد آئے جب اقبال کی خوب صورت شاعری ،اردو اور فارسی، ہمارے سکولوں اور کالجوں کے نصاب کا حصہ بنے۔

    ReplyDelete
  8. بہت شکریہ محترم، میں بھی آپ کے ساتھ دعاگو ہوں۔

    ReplyDelete
  9. علامہ صاحب کے اردو کلام کو ایک بڑی تعداد نہیں سمجھ پاتی
    اور مجھ جیسے کم ولم کے پاس بھی فقط دعووں کی زنجیر کے سوا کچھ نہیں
    جو اقبال کر گئے ،، اگر کسی دوسری قوم کا سپوت کر جاتا تو انکے اہل زوق بمع عام عوام قدر دانی کی قندیلیں جلائے رکھتے ،،،

    ReplyDelete
    Replies
    1. بجا فرمایا آپ نے ثاقب صاحب

      Delete
    2. علامہ صاحب کونہ ہندوستانی پہچان سکے نہ ہی انگریز حکومت۔۔۔
      اگر ہندوستانی پہچان لیتے تو آج یہ حالت نہ ہوتی
      اور اگر انگریز پہچان لیتے تو علامہ صاحب بستر پر جان نہ دیتے۔۔ انہیں سولی پر چڑھا دیا جاتا

      Delete
    3. یہ بھی بجا فرمایا آپ نے ثاقب صاحب

      Delete
  10. اس فورم کو دیکھنے سے قبل قریب تھا کہ میں یقین کر لوں ہمارے ملک میں ذوق ختم ہوبچکا اقبال کو پڑھنے اور سمجھنے والوں کی جگہ بدتہذیب و نادان لوگوں نے لے لی۔ ہر طرف عدم برداشت کا ماحول دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ اللہ کا شکر ہے دنیا ابھی علم و ادب کے لوگوں سے خالی نہیں ہوئی۔

    ReplyDelete
    Replies
    1. آپ نے درست فرمایا اور شکریہ تشریف آوری اور تبصرے کے لیے۔

      Delete
  11. علامہ اقبال رح دین کو سمجھنے والوں کے لیے سرمایہ ہیں آپ ایک عظیم قلندر ہیں آپکی شاعری قرآن و حدیث کی تفسیر ہے آپکی ہر ہر بات تقریباً 100فیصد ہےبہرحال شکریہ اس پلیٹ فارم کےلیے

    ReplyDelete
  12. سنا یہ کلام کسی ملک کو قومی ترانہ بھی ہے کسی کو پتہ ہو تو بتائیے

    ReplyDelete